Inquilab Logo Happiest Places to Work

لچونگ: سکم کا پوشیدہ ہل اسٹیشن جونہایت ہی خوبصورت ہے

Updated: May 14, 2025, 11:46 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس چھوٹے سےگائوں میںسکون، خاموشی اور دل کو چھو لینے والے قدرتی نظارے ہیں، یہاں کی وادیاں، جھیلیں اورآبشار دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

Green Lake can be seen. Photo: INN
سبز جھیل یا گرین لیک دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این

  ہمالیہ کی گود میں بسا ہوا، سکم کا ایک ننھا سا گاؤں لچونگ، بظاہر تو ایک خاموش بستی ہے، مگر اس کی فضا میں وہ کچھ ہے جو بڑے بڑے سیاحتی مراکز میں بھی کم یاب ہو چکا ہے — سکون، خاموشی، اور قدرت کا وہ لمس جو دل کو چھو لے۔ 
 لچونگ، جو گنگٹوک سےتقریباً ۱۲۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، شمالی سکم کا ایک اہم پڑاؤہے۔ ۲۴۰۰؍ میٹر کی بلندی پر ہند تبت سرحد پر واقع اس چھوٹے سے ہل اسٹیشن تک پہنچنا بلاشبہ ایک تھکا دینے والا سفر ہو سکتا ہے، مگر جو کچھ اس کے بعد نظر آتاہے، وہ ان تمام تھکاوٹوں کو خوشگوار یادوں میں بدل دیتا ہے۔ برف سے ڈھکی پہاڑیوں کے سائے میں، جھرنوں کی مدھم سرگوشیوں میں، اور رنگ برنگے پھولوں کی مسکراہٹوں میں، لچونگ ہر لمحہ اپنے مہمان کو خوش آمدید کہتا ہے۔ 
یوم تھانگ ویلی
 لچونگ کو اصل پہچان یوم تھنگ ویلی کی قربت سے ملی ہے۔ سطح سمندر سے تقریباً ۳۵۰۰؍میٹر کی بلندی پر واقع یوم تھنگ ویلی، جسے اکثر’وادیِ گل‘ بھی کہا جاتا ہے، دنیا بھر کے نایاب پھولوں کا گھر ہے۔ اپریل سے جون کے درمیان یہاں رہوڈوڈینڈرون کے پھول اپنے جوبن پر ہوتےہیں، اور پوری وادی کسی خواب کی مانند لگتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک قدرتی گرم پانی کا چشمہ بھی موجود ہے، جس کے متعلق مقامی لوگ یقین رکھتے ہیں کہ وہ علاجی خصوصیات کا حامل ہے۔ اتنا ہی نہیں وادی کی سڑکوں سے گزرتے ہوئے آپ کو روڈوڈینڈرون کے خوبصورت درخت بھی ملیں گے۔ 
زیروپوائنٹ
 یوم تھنگ سے آگے، جب سڑک ختم ہوتی ہے، وہاں پہنچ کر انسان کو قدرت کا وہ چہرہ دکھائی دیتا ہے جو مصنوعی دنیا میں کہیں چھپ چکاہے۔ یہاں نہ موبائل سگنل ہوتے ہیں، نہ بازار، نہ کوئی انسانی شور۔ صرف برف، خاموشی، اور ہواؤں کی سرسراہٹ۔ ایسا لگتا ہے جیسے وقت تھم سا گیا ہو، اور انسان اپنے باطن سے ہمکلام ہونے لگا ہو۔ 
لچونگ مٹھ
 لچونگ خود بھی کچھ کم دلفریب نہیں۔ یہاں کالچونگ مانی گومپانہ صرف عبادت کا مرکز ہے بلکہ تبتی ثقافت اور فن تعمیر کی عمدہ مثال بھی۔ چھتوں پر رنگ برنگی دعائیہ جھنڈیاں لہراتی ہیں، جنہیں دیکھ کرایک روحانی طمانیت کا احساس ہوتا ہے۔ 
بیم نالا آبشار
 راستے میں بھیم نالا واٹر فال ایک اور دلکش مقام ہے، جہاں قدرت اپنی پوری شان کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے۔ پانی کی تیز دھار جو بلند پہاڑی سےگرتی ہے، وہ منظر آنکھوں کو خیرہ کر دیتا ہے۔ اس مقام پر رک کر چائے پینا، جھرنے کی آوازکے ساتھ کچھ لمحے گزارنا، گویا شہر کی زندگی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔ 
سیون سسٹرز آبشار
 سیون سسٹرز واٹر فال کا شمار ہندوستان کے مقبول ترین آبشاروں میں ہوتا ہے۔ یہ لچونگ میں دیکھنے کے لیے سرفہرست مقامات میں سے ایک ہے۔ 
 یہ آبشار گنگٹوک - لچونگ ہائی وے پر واقع ہے۔ اس کا دورہ کرنے کا بہترین وقت مانسون کے دوران ہوتا ہےجب پانی نیچے آجاتاہے۔ آبشار کی خوبصورتی کئی گنا بڑھ جاتی ہے کیونکہ یہ ایک سرسبز، جنگلاتی پہاڑی کی چوٹی سے نیچے گرتا ہے۔ 
سبز جھیل
 کنچن جنگا کے دامن میں واقع ہےگرین لیک لچونگ میں ایک بہت ہی خوبصورت جھیل ہے۔ یہ جھیل ایک ٹریک بھیہے۔ گرین لیک کے ٹریکنگ ٹریل سےگزرتے ہوئے، آپ کو مختلف قسم کے پودوں جیسے روڈوڈینڈرون، پرائمولس اور بلیو پاپی ووڈس وغیرہ نظر آئیں گے۔ گرین جھیل سے آپ کنچن جنگا، ماؤنٹ ایورسٹ اور دیگر چوٹیوں کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ گرین لیک ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ اگر آپ یہاں ہیں تو اس جھیل سے ہمالیہ کے خوبصورت نظارے دیکھنا نہ بھولیں۔  
چوپتا ویلی
 لچونگ کے قریبی علاقے میں چوپتا ویلی بھی موجود ہے، جو ابھی سیاحوں سے زیادہ واقف نہیں۔ مگر یہاں کی سنجیدگی، برف پوش پگڈنڈیاں اور یاک کی سست روی میں ایک عجیب رومانس چھپا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK