مزدوروں کیلئے بنائی گئی جینز آج عالمی سطح پر فیشن کا سب سے معتبر نام بن چکا ہے، آج اس کی جینز کے علاوہ دیگر کئی ملبوسات بھی متعدد مقامات پر دستیاب ہیں۔
ملاڈ کے انفنیٹی مال میں واقع لیوائس کا شانداراسٹور۔ تصویر:آئی این این
دنیامیںکچھ برانڈز ایسے ہوتے ہیں جو صرف کپڑوں کا نام نہیں بلکہ ایک پوری ثقافت، ایک طرزِ زندگی اور ایک تاریخ کی علامت بن جاتےہیں۔ لیوائس(Levi`s) ایسا ہی ایک نام ہے۔ یہ برانڈ صرف جینز نہیںبیچتا، بلکہ آزادی، بغاوت، محنت اور انداز کا ایک پیغام دیتاہے۔ آج دنیا کے تقریباً ہر ملک میں لیوائس کی دکانیں موجود ہیں اور اس کی مشہور ۵۰۱؍ جینز کو فیشن کی دنیا میں ایک لازوال شاہکار مانا جاتا ہے۔
آغاز اور بنیاد
لیوائس کی کہانی۱۸۲۹ءمیں جرمنی کے ایک چھوٹے سے قصبے بُٹن ہائم میں شروع ہوتی ہے، جہاں لیوی اسٹراس پیدا ہوئے۔ ۱۸۴۷ءمیںوہ اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئے۔اس زمانےمیں امریکہ میں سونے کی تلاش کا دورعروج پر تھا اور ہزاروں مزدور کیلیفورنیا کی کانوں میں کام کر رہے تھے۔
۱۸۵۳ءمیںلیوی اسٹراس نے سان فرانسسکو میں اپنا کاروبار شروع کیا۔ ۱۸۷۲ءمیں ایک درزی جیکب ڈیوس نے لیوی کو ایک خط لکھاجس میں اس نے بتایا کہ وہ پتلونوں کی جیبوں کو دھاتی کیلوں (Rivets) سے مضبوط بناتا ہے تاکہ مزدوروں کے کپڑے جلدی نہ پھٹیں۔اس نے لیوی سے پیٹنٹ کروانے میں مالی مدد مانگی۔ ۱۹۷۳ءمیں دونوں نے مل کر اس ڈیزائن کا پیٹنٹ حاصل کیا اور یوں دنیا کی پہلی ڈینم جینز کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
۵۰۱؍ جینز، ایک لازوال شاہکار
لیوائس کی ۵۰۱؍جینزکو فیشن کی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والالباس مانا جاتا ہے۔ اس کا سیدھا کٹ، بٹن فلائی اورمضبوط ڈینم کپڑا اسے دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ یہ جینز مزدوروں کے لیے بنائی گئی تھی، لیکن دھیرے دھیرے یہ ہر طبقے کی پہچان بن گئی۔۱۹۵۰ء اور ۱۹۶۰ءکی دہائیوں میں جب مارلون براندو اور جیمز ڈین جیسےہالی ووڈ اداکاروں نے اسے پہنا تو یہ بغاوت اور نوجوانی کی علامت بن گئی۔
ثقافتی اثر و رسوخ
لیوائس نے نہ صرف فیشن بلکہ پوری ثقافت کو متاثر کیا۔ ۱۹۶۰ء اور ۱۹۷۰ءکی دہائیوں میں ہپی تحریک کے دوران لیوائس جینز آزادی اور سادگی کی علامت بنی۔ راک اینڈ رول موسیقی کے فنکاروں نے اسے اپنا یونیفارم بنا لیا۔ بروس اسپرنگسٹین کے’بورن ان دی یو ایس اے‘البم کا وہ مشہور سرورق جس میں انہوں نے لیوائس پہنی ہوئی تھی، آج بھی ثقافتی تاریخ کا حصہ ہے۔ اس برانڈ نے جینز کو محض ایک کام کے کپڑے سے اٹھا کر عالمی فیشن کی سطح پر پہنچا دیا۔
برانڈ کی خصوصیات
لیوائس کی کامیابی کے پیچھے چند بنیادی خصوصیات ہیں جو اسے ہمیشہ سےمنفرد بناتی آئی ہیں۔ سب سے پہلی بات اس کے کپڑے کا معیار ہے۔لیوائسنے ہمیشہ اعلیٰ معیار کے ڈینم کپڑے کو ترجیح دی ہے۔ اس کے علاوہ برانڈ کی شناخت کے لیے وہ چھوٹا سرخ ٹیب جو جیب پر لگا ہوتا ہے، ایک منفرد پہچان بن چکا ہے۔’ دو گھوڑوں‘کا نشان جو پشت پر بنا ہوتا ہے، اس برانڈ کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اور سنہری رنگ کی سلائی جو ہر لیوائس مصنوع پر نظر آتی ہے، اسے فوری طور پر پہچانا جا سکتا ہے۔
ممبئی میں اسٹورز
آج لیوائس صرف جینز تک محدود نہیں رہا۔ اس کے مجموعے میں جیکٹس، شرٹس، جوتے، بیلٹس اور دیگر لوازمات بھی شامل ہیں۔ ویسےتو اس برانڈ کی مصنوعات ہر اسٹور میں مل جائیں گے۔اس کے خصوصی اسٹورقلابہ کسرو باغ، قلابہ کریسینٹ ہائوس،لوئر پریل کے فنکس مال،سانتا کروز لنک روڈ، اندھیری انفنیٹی مال،گوریگائوں کے اوبرائے مال، ملاڈ کے ان آربٹ مال، ملاڈ کے انفنیٹی مال،کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی، چمبور میں کے اسٹارز مال، گھاٹکوپر کے امرت نگر، بوریولی کے گلمہر کراس روڈ جیسے مقامات پر واقع ہیں۔