Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشن امپاسیبل ۸: ہالی ووڈ کی ایک اور عمدہ فلم جو آپ کو متحیر کردے گی

Updated: May 24, 2025, 12:02 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ٹام کروزکی مقبول فرنچائز کی ایک اور اچھی فلم جس کا ایکشن اور متحیر کردینے والے مناظر آپ کو باندھ کر رکھتے ہیں، کہانی بھی جدید دور سے ہم آہنگ ہے۔

In a scene from the movie `Mission Impossible`, Tom Cruise can be seen hanging from a helicopter. Photo: INN
فلم’مشن امپاسیبل‘ کے ایک منظر میںٹام کروز کو ہیلی کاپٹر سے لٹکا ہو دیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

مشن:امپاسیبل - دی فائنل ریکوننگ
(Mission: Impossible -The Final Reckoning)
اسٹارکاسٹ:ٹام کروز، ہیلی ایٹویل، ونگ رھیمز، سائمن پیگ، ایسائی موریلز، پوم کلیمینٹیف، ہینری زرنی، جینیٹ میک ٹیر
ڈائریکٹر :کرسٹوفر میک کوئری
 رائٹر :بروس گیلری، ایرک جینڈرسن، کرسٹوفر میک کوئری
 پروڈیوسر:ٹام کروز، کرسٹوفر میک کوئری
 موسیقار:میکس اروج، الفی گاڈفرے
 ریٹنگ: ****
 ہالی ووڈ فلمیں اپنی ایک خاص کشش رکھتی ہیں خصوصی طور پر وہاں کی ایکشن فلمیں پوری دنیا میں دیکھی اور پسند کی جاتی ہیں۔ حالانکہ وہاں دیگر زمروں کی فلمیں بھی بنتی ہیں اورلیکن وہ ہمارے یہاں کے سنیما گھروں میں جگہ حاصل نہیں کرپاتیں۔ ہالی ووڈ کی ایکشن فلموں کی کئی فرنچائزی ہیں جو ہمارے یہاں بھی اتنی ہی مقبول ہیں جتنی کہ خود امریکہ اور یورپ وغیرہ میں۔ ایسی ہی ایکشن فلموں میں ’مشن امپاسیبل‘ کانام بھی شامل ہے جس کی فرنچائزی کی۸؍ویں فلم گزشتہ ہفتہ ہی ریلیز ہوئی ہے۔ خودامریکہ سے ایک ہفتہ قبل ہندوستان میں ریلیز کی گئی اس فلم نے محض ۶؍ دن میں ۵۰؍کروڑ روپے کما لئے ہیں۔ 
فلم کی کہانی
 فلم مشن امپاسیبل دی فائنل ریکننگ وہیں سے شروع ہوتی ہےجہاں سے تقریباً۲؍سال قبل ریلیز ہونے والا اس کا پہلا حصہ ختم ہوا تھا۔ ایتھن ہنٹ (ٹام کروز)کو وہ خفیہ چابی مل گئی ہے جس کی وہ طویل عرصے سے تلاش کر رہا تھا۔ لیکن اب تک وہ اس بات سے بے خبرہے کہ اس کے پیچھے کیا رازچھپا ہوا ہے۔ وہ دنیاکی نظروں سے بہت دور ہے۔ اسی دوران اسے ایک دن امریکی صدر کا پیغام ملتا ہے جس میں اس سے کہا جاتا ہے کہ وہ دنیاکو’وجود‘ نامی اے آئی سے بچانےکےمشن پر جائےجو پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکاہے۔ اے آئی ’وجود‘نے دنیا کے کئی ممالک کے جوہری ہتھیاروں کےسسٹم کوہیک کرکے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ جلدہی وہ ان میزائلوں کو استعمال کرتے ہوئےپوری دنیا میں تباہی لانے کی تیاری کر رہا ہے۔ دریں اثنا، ایتھن کو پتہ چلتا ہے کہ اس نے جو چابی حاصل کی ہے اس کا تعلق اے آئی وجود سے ہے۔ اس دنیا کو تباہی سے بچانے کے مشن پرنکلتا ہے۔ اس کیلئے اسے اس روسی آبدوز تک پہنچناہےجو سمندر میں ڈوب چکی ہے کیوں کہ’وجود‘ کا اہم حصہ اسی آبدوز میں موجود ہے جو آئی اے وجود کو کنٹرول کرتا ہے۔ اپنے تمام مشیروں کی مخالفت کے باوجودامریکی صدراس مشن میں ایتھن کی حمایت کرتی ہیں اوراسے مشن پر جانے میں مدد کرتی ہیں۔ کیا ایتھن صدر کے اعتماد پر پورا اترتاہے اور دنیا کو بچانے کے اپنے مشن میں کامیاب ہوتا ہے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو سینماگھر جانا پڑے گا۔ 
ہدایت کاری
 فلم کےہدایت کار کرسٹوفر میک کوئیری نےیقیناً ایک عمدہ کہانی کوبہت ہی شاندار انداز میں پردےپرپیش کیا ہے۔ خاص طور پر اے آئی اور نیوکلیئر پاور کے موجودہ دور میں ان کی فلم ناظرین کو ان چیلنجوں اور خطرات سے آگاہ کرتی ہے۔ یہ فلم چونکہ پچھلی فلم کی کہانی کو آگے بڑھاتی ہے اس لئے ابتدائی طور پردونوں کہانیوں کے بیچ تال میل بٹھانے میں کچھ وقت لیتی ہے لیکن انٹرول کے بعداس کی کہانی شاندار انداز میں آگےبڑھتی ہےاور اس قدر تھرلنگ محسوس ہوتی ہے جتنا ہماری ہندی فلموں میں خال خال ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اگرچہ اسےفرنچائزکی آخری فلم قرار دیا گیاہے لیکن فلم کے آخر میں اس کے سیکوئل کی گنجائش چھوڑ دی گئی ہے۔ 
ادا کاری
 اگر ہم اداکاری کی بات کریں تو ٹام کروز ہمیشہ کی طرح اسکرین پرشاندارنظر آتے ہیں۔ انہیں دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہے کہ عمر کی ۶؍ دہائیاں مکمل کرنے والا شخص اتنا دلکش اور ہینڈسم کیسے نظر آسکتا ہےاور اس پر بھی اتنے خطرناک ایکشن سین کیسے فلماسکتا ہے۔ خاص طور پر سمندرکے اندر ڈوبی ہوئی آبدوز کے اندر جانا اوراس کے ہر پل مزید گہرائی میں جانےکےخطرےکےبیچ سمندر کے یخ بستہ پانی میں خود کو محفوظ رکھنے والا لباس اتارکرایک چھوٹےسےپائپ سے باہر آنا دیکھ کرکوئی بھی متحیر رہ سکتاہے۔ اس کے علاوہ ہوائی جہازسے لٹکتے ہوئےلڑائی کرنا بھی حیرت انگیز ہے۔ دیگر اداکاروں ہیلی ایٹ ویل، ونگ ریمز، سائمن پیگ اور انجیلا باسیٹ نے بھی بہترین کام کیا ہے۔ فلم کی سینماٹوگرافی بہترین ہے۔ 
نتیجہ
 اگرآپ ہالی ووڈ کی خصوصی طور پر ایکشن فلموں کے دلدادہ ہیں تو یہ فلم بھی آپ کو یقیناً دیکھنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK