ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سمیت کئی عالمی فلمی میلوں میں پذیرائی حاصل کرنے والی یہ فلم بچوں کے ساتھ بڑوں کو بھی ایک خوبصورت سبق دیتی ہے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 1:03 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سمیت کئی عالمی فلمی میلوں میں پذیرائی حاصل کرنے والی یہ فلم بچوں کے ساتھ بڑوں کو بھی ایک خوبصورت سبق دیتی ہے۔
ننھےدل (Nanhey Dil)
اسٹارکاسٹ: سنیل شیٹی،سرویش ستیش اڈواڑے، دویہ دوے، تویشا سیما، سمگر ساکشی، آرین کٹاریا، آدتیہ اروڑہ،مانسونی،پرینکا
ڈائریکٹر: سوروپ راج میدارا
رائٹر: سوروپ راج میدارا ، وشال کپور، سائیوین کواڈریس
پروڈیوسر: سومئے جین، دھروو کروناکر، شریا تورنے،ایشوریہ یادو
موسیقی: موہت پاٹھک، شیلیش سورنا
سنیماٹو گرافر: آر ڈی
ایڈیٹر: آصف پٹھان،منن ساگر
پروڈکشن ڈیزائن: اکھیلیش سہاس
میک اپ : روی فوتانے
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: گوندھل: مراٹھی میں دھوم مچانے والی فلم اب ہندی میں بھی ریلیز
ہندوستانی فلمی دنیا بھلے ہی اپنے۱۱۱؍سالہ سفر میںکئی سنگ میل عبورکر چکی ہے، لیکن بچوں کی فلموں کے معاملے میں اب بھی کافی پیچھے ہے۔ حالانکہ،گزشتہ دنوں ’چڑیا‘، ’بونگ‘ اور ’دی گریٹ گرینڈ سپر ہیرو‘ جیسی فلموںنےناظرین کی توجہ حاصل کی۔ فلم ’بونگ‘ کو تو بافٹا ایوارڈز میں بہترین بچوں اور خاندانی فلم کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ اب ہدایت کار سوروپ راج میدارا،سنیل شیٹی اور سروَر آہوجا کی اداکاری سے سجی فلم ’ننھے دل‘ لے کر آئےہیں۔ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سمیت کئی بین الاقوامی فلمی میلوں میں پذیرائی حاصل کرنے والی یہ فلم اپنی سادہ اور دل کو چھو لینے والی کہانی کے ذریعے بچوں کے ساتھ بڑوں کو بھی ایک خوبصورت سبق دیتی ہے۔
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی ایک غریب دھوبی (سروَرآہوجا) کے خوش حال خاندان کے گرد گھومتی ہے، جس میں اس کا بیٹا بھی شامل ہے۔ ہونہار رگھو (سرویش اڈاوڑے) کی صلاحیتوں کو پہچان کر ایک مشہور اسکول کے اصول پسند پرنسپل انتھونی (سنیل شیٹی) اسے اپنے اسکول میں داخلہ دلا دیتےہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ صلاحیت کا تعلق امیری یا غریبی سےنہیں ہوتا اور ہر بچے کو اچھی تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع ملنےچاہئیں۔ لیکن ہندی میڈیم اسکول سے انگریزی میڈیم اسکول میںپہنچنے والے رگھو کیلئے وہاں کے ماحول میں خود کو ڈھالنا آسان نہیں ہوتا۔خوش حال اور امیر گھرانوں کے بچوں کے درمیان رگھو احساسِ کمتری اور جھجک کا شکار ہو جاتا ہے۔ تاہم، ماں کے ہاتھ کے بنے لذیذ کھانوں سے بھرے اس کے سادہ سے ٹفن کی بدولت اس کی دوستی اپنے ۶؍ہم جماعتوں آکاش (سمگر ساکشی)، روہت (کاویا دیوے)، راہل (آرین کٹاریا)، امیت (آدتیہ اروڑہ)، انجلی (تویشا سیما) اور پریا (منسونی) سے ہو جاتی ہے۔ یہ دوستی جہاں رگھو کو خود اعتمادی عطا کرتی ہے،وہیں اس کے امیر دوستوں کو سادگی، خاندانی محبت اور رشتوں کی اہمیت کا احساس بھی دلاتی ہے۔
رگھو کی موجودگی سے اس کے دوستوں کے گھروں کی کئی الجھنیں بھی سلجھنے لگتی ہیں، لیکن کہانی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب کم نمبر آنےکا حوالہ دے کر اسکول کے ٹرسٹیز اس کا داخلہ منسوخ کرنے کی بات اٹھاتےہیں۔ کیا رگھو اپنے اسکول میں اپنی جگہ برقرار رکھ پائے گا؟اس کے دوست اور پرنسپل انتھونی اس معاملے میں کیا موقف اختیارکریں گے؟ ان سوالوں کے جواب جاننے کیلئے فلم دیکھنی ہوگی۔
ہدایت کاری
ہدایت کار سوروپ راج میدارا کی یہ فلم بین الاقوامی فلمی میلوں میں ’فلائی ہائی لٹل ہارٹ‘ کے عنوان سے پیش کی گئی تھی، جب کہ سنیما گھروں میں اسے ’ننھے دل‘ کے نام سے ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی اور اسے پیش کرنے کا انداز انتہائی سادہ اور فطری ہے۔ اس میں نہ کوئی بڑا مسئلہ ہے، نہ کوئی روایتی ولن اور نہ ہی کوئی غیر معمولی تصادم۔ دراصل، آج کے دور میں جب زندگی تناؤ، مسابقت اور عدم تحفظ سے بھری ہوئی ہے، ایسے میں بچوں کی معصومیت اور ان کی بے فکری ایک خوش گوار احساس پیدا کرتی ہے۔
فلم میں امیری اور غریبی کے فرق کو نہ تو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے جذباتی ڈرامے کا رنگ دیا گیا ہے۔ فلم کے ننھے کردار یہ ثابت کرتے ہیں کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں۔ یہی اس فلم کی سب سے بڑی خوبی ہے، لیکن بعض مقامات پر یہی بات اس کی کمزوری بھی بن جاتی ہے۔ ناظرین کسی بڑے موڑ یا سنسنی خیز واقعے کی توقع کرتے ہیں، لیکن فلم اس سمت میں آگے نہیں بڑھتی۔
اداکاری
اداکاری کے اعتبار سے فلم خاصی مضبوط ہے۔ رگھو کے کردار میںسرویش اڈاوڑے اپنی بچکانہ شرارتوں اور فطری تاثرات سے ناظرین کا دل جیت لیتے ہیں۔ پرنسپل انتھونی کے کردار میں سنیل شیٹی متاثر کن نظر آتے ہیں۔ وہیں دھوبی باپ کے کردار میں سروَر آہوجا نے اپنے کردار کو نہایت خوب صورتی اور حساسیت کے ساتھ نبھایا ہے۔تویشا سیما، کاویا دیوے، سمگر ساکشی، آرین کٹاریا، آدتیہ اروڑہ اور پریا سمیت تمام بچوں نے اپنے اپنے کرداروں میں معصومیت اور فطری پن برقرار رکھا ہے۔
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ سادہ، بامقصد اور دل کو چھو لینے والی کہانیوں کے شوقین ہیں اور بچوں کی فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اسےدیکھ سکتے ہیں۔