Inquilab Logo

ون پلس اوپن، فولڈ ایبل فون کا ایک عمدہ متبادل

Updated: December 11, 2023, 10:15 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج کے ساتھ بڑے ڈسپلے اور عمدہ کوالیٹی کے کیمروں والا یہ فون دیگر فولڈ ایبل فون کے مقابلے بہتر اور کم قیمت ہے۔

Extracted from OnePlus OpenBox. Photo: INN
ون پلس اوپن بکس سے نکالا ہوا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان میں فولڈ ایبل فون کےمعاملے میں سیمسنگ بے تاج بادشاہ کی حیثیت رکھتاہے۔چاہے اس کی وجہ کچھ بھی ہو لیکن اس نے اب تک جتنے بھی فولڈ ایبل فون لانچ کئےہیں وہ سب ہی ہاتھوں ہاتھ لئے گئے ہیں۔ ون پلس ایک ایسی کمپنی ہے جو اس مقام کو حاصل کرنا چاہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ یکے بعد دیگرے عمدہ فون لانچ کررہی ہے۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اس نے فولڈ ایبل فون بھی لانچ کردیا ہے اور سیمسنگ کے فولڈ ایبل فون ’سیمسنگ فولڈ‘ کے برخلاف اپنے موبائل کانام ’ون پلس اوپن‘ رکھا ہے۔
قیمت:ون پلس اوپن کی ہندوستان میں قیمت ایک لاکھ ۳۹؍ ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔اس میں ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ یہ فون ۲؍رنگوں ایمرالڈ ڈسک اور ووئیجر بلیک میں دستیاب ہے۔ اس موبائل کے ساتھ کمپنی ۸۰؍واٹ کا چارجر، ۲؍ حصوں پر مشتمل موبائل کور اور یو ایس بی ٹائپ اے سے ٹائپ سی والا چارجنگ کیبل دیتی ہے۔
ڈیزائن:ون پلس کے موبائل عام طور پر گول ڈیزائن کیلئے مشہور ہیں ،اسی طرح اس میں بھی کیمرے کا حصہ گول رکھا گیا ہے جو پرانے دور کے کیمروں کی یاد دلاتا ہے۔ زیادہ ترفولڈایبل فون کی طرح اس کے ہنجس یا قبضے فون بند کرنے پر دائیں جانب چلے جاتے ہیں ۔حالانکہ سیمسنگ نے زیڈر فولڈ ۵؍ میں انہیں پوشیدہ کردیا ہے لیکن ون پلس اوپن کے قبضے پالش شدہ ہونےکے باوجود ہاتھ میں چبھتے ہیں ۔اس کے علاوہ اس میں بٹنوں کی جگہ بھی تبدیل کی گئی ہے۔ عام طور پر اس کے موبائل میں الرٹ سلائڈر سوئچ اور پاور بٹن دائیں جانب ہوتے ہیں جبکہ آواز بڑھانے والے بٹن بائیں جانب لیکن اس میں الرٹ سلائڈر بٹن اوپر کی جانب اور نیچے کی جانب پاور بٹن اور آواز بڑھانے والے بٹن دیئے گئے ہیں۔
تکنیکی معلومات:ون پلس اوپن میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن ۸؍ جنریشن ۲؍ ایس او سی دیا گیا ہے اس کے ساتھ ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ اس کے سم کارڈ ٹرے میں اضافی اسٹوریج کارڈ لگانے کا متبادل نہیں دیا گیا ہے جبکہ ۲؍سم کارڈ لگانے کی جگہ دی گئی ہے۔اس کا مین اسکرین ۷ء۸۲؍انچ کا ہے جس کا ریزولیوشن ۲۲۶۸؍ بائی ۲۴۴۰؍ پکسل ہے۔ اس کا امولیڈ ڈسپلے تقریباً مربع نما ہے۔ اس کے کور پر موجود ڈسپلے ۶ء۳۱؍انچ کا ہے جس کا ریزولیوشن ۱۱۱۶؍ بائی ۲۴۸۴؍پکسل کا ہے۔ اس کا تناسب ۲۰:۹؍ کا ہے۔ فنگر پرنٹ ریڈر اس کے پاوربٹن میں شامل کردیا گیا ہے۔ اس میں کنیکٹیوٹی کیلئے وائی فائی ۷؍، بلیوٹوتھ ۵ء۳؍، این ایف سی اور جی پی ایس کی سہولت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور انفرا ریڈ بھی دیا گیا ہے۔چونکہ یہ ون پلس کا پہلا فولڈ ایبل فون ہے اس لئے اس میں آکسیجن او ایس ۱۳؍ استعمال کرنے کا تجربہ کیا گیا ہے جسے فولڈ ایبل کیلئے تبدیل کیا گیا ہے۔ ون پلس نے ابھی تک آکسیجن او ایس ۱۴؍ جاری نہیں کیا ہےجو اینڈرائڈ ۱۴؍پر مبنی ہے جبکہ سیمسنگ نے اپنے گیلکسی زیڈ فولڈ ۵؍ میں پہلے ہی اسے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔
کیمرے: ون پلس اوپن میں شاندار کیمرے دیئے گئے ہیں ۔ اس میں ۴۸؍میگا پکسل کا پرائمری کیمرہ دیا گیا ہے جبکہ ۶۴؍میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ دیا گیا ہے جس میں ۳؍گناآپٹیکل زوم کیا جاسکتاہے۔دیگر فولڈ ایبل فون کی طرح اس میں بھی سیلفی کیلئے ۳۲؍ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے جسے کور ڈسپلے میں رکھا گیا ہےجبکہ ۲۰؍میگا پکسل کا کیمرہ مین فولڈنگ ڈسپلے میں دیا گیا ہے۔ ویڈیو ریکارڈنگ کیلئے ۴؍کے ۶۰؍ایف پی ایس تک کاویڈیو بنایا جاسکتا ہے۔ لیکن اس فون میں ڈولبی ویژن ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت بھی ہے جس سے ۴؍کے ۳۰؍ایف پی ایس تک ہی ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ویڈیو شوٹنگ بھی آپ اپنی مرضی کے مطابق کرسکتے ہیں۔ ٹیلی فوٹو کیمرہ یقینی طور پر نئے کیمرہ سسٹم کی اہم خصوصیت ہے۔ یہ تصویر کو ۳؍گنا آپٹیکل زوم کے ساتھ کھینچ سکتا ہے جبکہ ان سینسر زوم میں ۶؍گنا زوم تک کرکے تصویر کھینچی جاسکتی ہے۔۶؍گنا اِن سینسر زور کے ذریعہ کھینچی گئی تصویر بھی عمدہ ہوتی ہے جسے مزید ۱۰؍گنا بڑا کرکے دیکھا جاسکتاہے لیکن اس کے آگے تصویر کی کوالیٹی خراب ہونے لگتی ہے۔
نتیجہ: عام طور پر فولڈ ایبل موبائل عام سے کیمرے، ٹھیک ٹھاک بیٹری لائف اور دھیرے دھیرے چارج ہونے والے ہوتے ہیں لیکن ون پلس اوپن نے ان کمیوں کو دور کرکے منظر نامہ تبدیل کردیا ہے۔اس میں عمدہ کوالیٹی کا کور ڈسپلے دیا گیا ہے جسے عام موبائل کی طرح استعمال کیا جاسکتاہے بڑا فولڈ ایبل ڈسپلے اور عمدہ سافٹ ویئر شامل کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی بیٹری تیزی سے چارج ہوتی ہے اور زیادہ چلتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK