Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنچایت۴: گائوں کی سادگی اور معصومیت کیلئے مشہورعمدہ سیریز

Updated: July 13, 2025, 10:53 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

گائوں کی بہترین عکاسی، عمدہ کردار نگاری اور اس پر شانداری اداکاری سب مل کر اسے ایک بہترین تفریحی ویب سیریز بناتے ہیں۔

Faisal Malik, Chandan Roy, Raghubir Yadav, Neena Gupta and Jitendra Kumar can be seen in a scene from `Panchayat 4`. Photo: INN.
’پنچایت۴ ‘ کے ایک منظرمیں فیصل ملک، چندن رائے، رگھوبیر یادو، نینا گپتا اورجتیندر کمار کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

پنچایت۴(Panchayat 4)
اسٹریمنگ ایپ: پرائم ویڈیوز(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: جتیندر کمار، رگھوبیر یادو، چندن روائے، فیصل ملک، نینا گپتا، سانویکا، درگیش کمار، اشوک پاٹھک، بلو کمار
ڈائریکٹر: دیپک کمار مشرا، اکشت وجے ورگیہ
رائٹر: چندن کمار، دیپک کمار مشرا
پروڈیوسر: ارونبھ کمار
موسیقار: انوراگ سیکیا
سنیماٹوگرافی: امیتابھ سنگھ
ایڈیٹر: امیت کلکرنی، ہرشت شرما
کاسٹنگ: شیوم گپتا
پروڈکشن ڈیزائن: ابھی منیو جے
آرٹ ڈائریکٹر: اکبر خان، اتم مونڈل
سیٹ ڈیکوریشن: روشیکا پالن
ریٹنگ: ****
آخر کار دیہی علاقوں کی خوشبومیں لپٹی ویب سیریز’پنچایت‘کا سیزن۴؍آ گیا ہے۔ ناظرین اس کے نئے سیزن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ ظاہر ہےکہ ناظرین کو موبائل کے چھوٹے سے اسکرین پر ہی سہی اپنی بنیاد یعنی گائوں کا منظر اوروہاں کی سادگی بھر زندگی دیکھنے کو ملتی ہے اسلئے یہ ویب سیریز ان چند سیریز میں سے ایک ہے جن کا ناظرین بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے ہر سیزن کو بے حد پسند کیا گیا ہے اور اس مرتبہ بھی ’پنچایت‘کی کشش اس کی سادگی ہی ہے۔ بلاشبہ اس بار انتخابی جنگ دکھائی گئی ہےلیکن اس کے درمیان بھی پھولیرا کی مسالہ دار کہانی دل جیتنےمیں کامیاب ہے۔ بنراکس سے منجودیوی تک، پردھان جی سے سچیو جی اور کرانتی دیوی نےبھی دل جیت لیے۔ ان تمام کرداروں نے مل کر ’پنچایت۴‘میں جان ڈال دی ہے۔ 
سیریز کی کہانی
کہانی کی بات کریں توسیزن۴؍وہیں سے شروع ہوتا ہے جہاں سے سیزن۳؍ختم ہواتھا۔ نیا سیزن اپنے مانوس پس منظر میں آگےبڑھتاہے، جہاں پھولیرا کی دو طاقتور خواتین منجو دیوی (نینا گپتا) اور کرانتی دیوی (سنیتا راجوار) انتخابی جنگ میں ایک دوسرے کوشکست دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن پہلے ایپی سوڈکے آغاز میں، بھوشن (درگیش کمار) سچیو (جیتندر کمار) کو اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکےمشکل میں ڈال دیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ الزام نہ صرف سچیو کے سی اے ٹی کے نتیجہ کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ ان کا مستقبل بھی داؤ پر لگ سکتا ہے۔ اس صورت حال میں، جب سچیو سمجھوتہ کرنےکے لیے بھوشن کے پاس معافی مانگنے جاتا ہے، تو بھوشن ایک شرط رکھتا ہے کہ پردھان (رگھوبیر یادو) کو گولی مارنے کی کوشش کا الزام ان سے اور سابق ایم ایل اے چندرکشور سنگھ (پنکج جھا) سے ہٹا دیاجائے۔ اس رسہ کشی کا خاتمہ کنفیوژن کو مزید بڑھاتا ہے۔ یہاں منجو دیوی اور کرانتی دیوی ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے نہ صرف ایک دوسرے کی انتخابی حکمت عملی کو ناکام بناتی ہیں، بلکہ گاؤں کی صفائی اور لوکی اور آلو مفت میں تقسیم کرنے جیسی چالیں بھی کھیلتی ہیں۔ ایسی ہی دیگر کئی طرح کی اتھل پتھل دیکھنے کیلئے ویب سیریز دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایت کاری
ہدایت کار دیپک کمار مشرا اور اکشت وجے ورگیہ واقف فارمیٹ کےساتھ آگے بڑھتے ہیں، جو کافی حد تک تفریح کرتا ہے اور چند ہی منٹوں میں ناظرین پھولیرا کے کرداروں سے گھل مل جاتے ہیں۔ لیکن پھرجیسے جیسےایپی سوڈ آگےبڑھتے ہیں، کہانی کی رفتار کم ہوتی جاتی ہے۔ پچھلے سیزن کی طرح اس میں بھی دلچسپ سب پلاٹس کی کمی ہے۔ تاہم، وہ مناظرجہاں پردھان گروپ بنود (اشوک پاٹھک) کو کھانے پینے کی پیشکش کرکے اپنی طرف راغب کرتا ہے، اور وہ منظر جہاں جب وکاس کے گھر پر چھاپہ مارا جاتا ہے تو پیسے چوری ہوتے ہیں، تفریحی ہونے کے ساتھ ساتھ جذباتی بندھن بھی بناتے ہیں۔ 
اداکاری
تمام اداکار اداکاری کے حوالے سےجواہر ثابت ہوتے ہیں۔ سچیوکےطورپرجتیندر کمار نےسی اے ٹی کی تیاری، مستقبل کی فکر، پھولیراکی سیاست، اور رنکی کے ساتھ اپنے خاص انداز کی اداکاری میں ایک رومانوی زاویہ کے درمیان جھولتے نوجوانوں کو زندہ کیا۔ نینا گپتا بطور منجو دیوی اپنے کردار میں مضبوط ثابت ہوتی ہیں، منتخب مکھیا ہونے کے باوجود اپنے شوہر پردھان کے فیصلوں سے کبھی اتفاق اور کبھی اختلاف ظاہر کرتی ہیں۔ کرانتی دیوی کے کردار میں سنیتا راجوار اپنی تمام تر چالاکی اور شرارت کےسبب دل جیت لیتی ہیں۔ رگھوبیر یادو کو ان کے منفرد انداز کے لیے یاد کیا جاتا ہے جبکہ درگیش کمار کے ذریعےادا کیا گیا بنراکس بہت تفریح کرتا ہے۔ فیصل ملک پرہلاد کے طور پر جذبات کو جوڑتے ہیں، جبکہ چندن رائے وکاس کے کردار میں قدرتی نظر آتے ہیں۔ بنود کا کردار دل کو چھو لینے والا ہے۔ سانویکا نے بھی رنکی کے کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ 
نتیجہ
’پنچایت‘ کے پرستار اوردیہی زندگی اور وہاں سے تعلق رکھنے والی کہانیوں کے شوقین اس ویب سیریز کو ضروردیکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK