کونکنا سین شرما کی بہترین اداکاری سے سجی اس سیریز میں کہانی بھی عمدہ انداز میں پیش کی گئی ہے، قتل کی تفتیش کے دوران سنسنی خیزی کا فقدان ہے۔
EPAPER
Updated: October 19, 2025, 10:42 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
کونکنا سین شرما کی بہترین اداکاری سے سجی اس سیریز میں کہانی بھی عمدہ انداز میں پیش کی گئی ہے، قتل کی تفتیش کے دوران سنسنی خیزی کا فقدان ہے۔
سرچ:دی نینا مرڈر کیس
(Search: The Naina Murder Case)
اسٹریمنگ ایپ: جیو ہاٹ اسٹار(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: شردھا داس، کونکنا سین شرما، چاندسی کٹاریا، شیو پنڈت، اتیا تارا نائک، کنال گپتا
ڈائریکٹر: روہن سپی
رائٹر: رادھیکا آنند، شریا کروناکرن
پروڈیوسر: امرتا سین، سمیر نائر، دیپک سیگل
ایڈیٹر: ابھیشیک سیٹھ
کاسٹیوم ڈیزائنر: اپشتا بھٹناگر، رتنا دھانڈا
ریٹنگ:***
’کرمینل جسٹس‘، ’متھیا‘، ‘ اور’دورنگا‘ کیا آپ جانتے ہیں کہ روہن سپی کی ہدایت کاری میں بننے والی ان تمام ویب سیریز میں کیا مشترک ہے؟ یہ سب کسی نہ کسی مقبول ویب سیریزپر مبنی ہیں۔ اب، اس رجحان کو جاری رکھتے ہوئے، وہ اپنی نئی کرائم تھرلر سیریز، ’سرچ : دی نینا مرڈر کیس‘لے کر آئے ہیں۔ یہ۲۰۰۷ءکے مشہور ڈینش شو ’دی کلنگ‘کا ہندوستانی ریمیک ہے۔ سیریز نینا نامی نوجوان خاتون کے ریپ اور قتل کے اسرار پر مرکوز ہے۔
کہانی
کہانی میں، کونکونا سین شرما اے سی پی سنیکتا داس کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو اپنے کریئر کی وجہ سے اپنے خاندان کے ساتھ وقت نہیں گزارپاتیں۔ اس لیے وہ سب کچھ چھوڑ کر اپنے خاندان کے ساتھ احمد آباد منتقل ہونے کا فیصلہ کرتی ہے۔ وہ کرائم برانچ چھوڑ کر سائبر سیل میں شامل ہونے والی ہے۔ تاہم، اس کے جانے سے پہلے، شہر میں نینا نامی نوجوان خاتون کی لاش پانی میں ڈوبی ہوئی کار سے ملتی۔ ایک اچھے افسر کے طور پر، اس کے اعلیٰ افسران اسے کیس کی تحقیقات کے لیے کچھ دن ٹھہرنے کو کہتے ہیں، اور نیا اے سی پی(سوریہ شرما) اس معمہ کو حل کرنے میں اس کے ساتھ مل کر کام کرتاہے۔ تحقیقات میں مزیدانکشاف ہوتا ہے کہ موت سے پہلے نینا کی کالج فیسٹیول کے دوران اپنے بوائے فرینڈ اور بہترین دوست سے لڑائی ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ ایک اور انکشاف ہوتا ہے کہ جس کار میں نینا کی لاش ملی وہ ایک سیاستدان کی انتخابی مہم کی کار تھی۔ اسی رات نینا بھی اپنی ایک ٹیچر سے ملنے گئی تھی۔ اب یہ جاننے کے لیے کہ نینا کو اس رات کس نے مارا، بنانے والوں نے ایک بڑی چال چلی ہے جو آپ کو سیریز دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہو گی۔
ہدایت کاری
اس ویب سیریز کی خاص بات اس کی کہانی اور اداکاروں کی اداکاری ہے۔ کہانی سنانے کا طریقہ اس قدر عمدہ ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے آپ بھی اس کہانی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اوراس کی اگلی قسط دیکھنے سے خود کو روک ہی نہیں پاتے۔ ایک قتل کے اسرار کی طاقت سامعین کو مصروف رکھنے اور ایک حیرت انگیز رفتار کو برقرار رکھنے کی صلاحیت میں پنہاں ہے، ایک کارنامہ روہن سپی نے قابل تعریف طریقے سے انجام دیا ہے۔
روہن سپی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز کی ایک خوبی یہ ہے کہ، جرم کی تفتیش کے دوران، یہ سماجی مسائل جیسے کام کرنے والی عورت کی اپنے کریئر اور خاندان میں توازن پیدا کرنے کی جدوجہد، پدرانہ ذہنیت جو خواتین کو کمزور کرتی ہے، اور مردانہ انا جو ماتحتوں کی کارکردگی میں رکاوٹ بنتی ہے، کو آسانی سے حل کرتی ہے۔ اداکاروں کی بہتر پرفارمنس سیریز کا ایک اور مضبوط نکتہ ہے۔
قتل اور عصمت دری معاملے کی تفتیش میں سنسنی خیزی کا فقدان ہے۔ سیاست اور نینا کے خاندان سے جڑے ذیلی پلاٹوں میں بھی ٹوئسٹ کی کمی ہے۔ مزید برآں، قاتل کو اگلے سیزن کے لیے محفوظ کیے جانے کے بارے میں حتمی سسپنس مایوس کن ہے۔
اداکاری
کونکنا سین شرما بغیر کسی تردد کے اے سی پی سنیکت کے کردار میں پوری طرح ڈھل جاتی ہیں۔ وہ آسانی کے ساتھ اپنے کردار سنیکت پیش کرتی ہیں، جسے گھر اور کام دونوں پر بہت زیادہ دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس کردار کو اس قدر عمدگی سے پیش کیا ہے کہ ہر کوئی خود کو اس سے جڑا ہوا محسوس کرتا ہے۔ سوریا شرما بھی بڑبولے اورتنک مزاج جئے کے طور پر متاثر کن ہیں۔
شیو پنڈت بھی ایک تجربہ کار اداکار ہیں اور لیڈر تشار سروے کے کردار کو پراسرار بنانے میں کامیاب ہیں۔ شردھا داس اپنی ساتھی رکشا کے طور پر متاثر کن ہیں۔ لیکن سیریز کی کمزوری اس کے تفتیشی پہلو میں ہے، جو کافی سست رفتاری سے آگے بڑھتی ہے۔
نتیجہ
اگر آپ مرڈر مسٹری دیکھنے کے شوقین ہیں، توجیو ہاٹ اسٹارپر ’سرچ: دی نینا مرڈر کیس‘کو کرائم ڈرامہ اور کونکنا سین شرما کی زبردست اداکاری کیلئے دیکھ سکتے ہیں۔