Inquilab Logo

پٹنہ شکلا: سیاست دانوں کے گندے کھیل میں الجھی ایک کہانی

Updated: April 06, 2024, 10:49 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

روینہ ٹنڈن کی اداکاری سے سجی تعلیمی شعبے کی بدعنوانیوں، سیاست دانوں کے ہتھکنڈوں اور انصاف کیلئے جدوجہد کو پیش کرنے والی عمدہ فلم۔

Jatin Goswami and Raveena Tandon can be seen in a scene from the movie `Patna Shukla`. Photo: INN
جتن گوسوامی اور روینہ ٹنڈن کو فلم’پٹنہ شکلا‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

پٹنہ شکلا (Patna Shukla)
اسٹار کاسٹ: روینہ ٹنڈن، مانو وج، ستیش کوشک، چندن رائے سانیال، جتن گوسوامی، انوشکا کوشک، ریو کپاڈیا، راجو کھیر
ہدایتکار :ویویک بوڈاکوٹی، راجندر تیواری
رائٹر:ویویک بوڈاکوٹی، سمیر ارورہ
پروڈیوسر:ارباز خان، شاردا سنگھ، زوہیب علی، سید زید علی
 موسیقی:کرن کلکرنی
 ایڈیٹنگ:وینی این راج
سنیماٹوگرافی:نیہا پرتی متیانی
آرٹ ڈائریکٹر:انکتا لاڈ
پروڈکشن ڈیزائن:امریش پتنگے، دیاندھی پتوراجن
 ریٹنگ: ***
 اداکارہ روینہ ٹنڈن اپنی دوسری اننگز میں مسلسل مضبوط کرداروں کاانتخاب کر رہی ہیں۔ روینہ، جس نے اپنی پچھلی ویب سیریز’کرما کالنگ‘میں گرے شیڈز کے ساتھ ایک امیر بالی ووڈ دیوا کا کردار ادا کیا تھا، فلم’پٹنہ شکلا‘میں ایک مثالی بیوی، ماں اور وکیل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم تعلیم کے شعبے میں ہونے والے گھوٹالے جیسے اہم مسئلے کو تفریحی انداز میں پیش کی کوشش کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلم میں بلڈوزر راج، لڑکیوں کی تعلیم کے تعلق سے نعرہ دینے والوں کی حقیقت جیسے کئی موضوعات کو بھی اٹھایا گیا ہے جو ہمیں آج کل حقیقی زندگی کی سیاست میں بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ لیکن کہانی اور اسکرین پلے اتنا اچھا نہ ہونے کی وجہ سے فلم اوسط رہتی ہے۔ 
کہانی: کہانی تنوی شکلا (روینہ ٹنڈن) کی ہے، جو ایک پرفیکٹ بیوی ہے جو اپنے شوہر سدھارتھ (مانو وج)کی ہر ضرورت کا خیال رکھتی ہے اور ایک بہترین ماں ہے جو اپنے بیٹے کی اسکول بس کے پیچھے اسکوٹی پر دوڑ کر ٹفن پہنچاتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ سیشن کورٹ میں وکیل بھی ہے لیکن عورت ہونے کی وجہ سے ان کی ڈگری کا کوئی احترام نہیں کرتا۔ یہاں تک کہ ایک مشفق جج بھی اسے دلیلیں دینے سے زیادہ کھانے پکانے پر توجہ دینے کا مشورہ دیتا ہے۔ اس پر اس کے پاس جو کیس آتے ہیں وہ بھی مضحکہ خیز ہوتے ہیں۔ لیکن جب غریب طالبہ رنکی کماری (انوشکا کوشک) اس کے پاس پہنچ کر اس سے اپنا مقدمہ لڑنے کی درخواست کرتی ہے تو حالات یکسر تبدیل ہوجاتے ہیں اور تنوی کی زندگی ہی تبدیل ہوجاتی ہے۔ 
 رنکی کا دعویٰ ہے کہ یونیورسٹی نے اس کی مارک شیٹ بدل دی ہے۔ اس کے مطابق اسے فرسٹ ڈویژن میں پاس ہونا چاہیے تھا جبکہ یونیورسٹی نے اسے فیل کر دیا۔ تنوی انصاف حاصل کرنے کے لیے اپنے اعتماد اور عزم کے ساتھ رنکی کی مدد کرتی ہے اور اپنے کیس کے لیے دن رات کام کرتی ہے۔ اس کے بعد تعلیم کے مندر میں کرپشن کے کئی سیاہ سچ سامنے آتے ہیں۔ جیسا کہ موجودہ دور میں سیاست کے حقیقی گلیاروں میں دیکھنے کو مل رہا ہے ویسے ہی چند پہلوؤں کو اس فلم کے ذریعہ اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو ایک ہمت کا کام ہے۔ ان تمام حقائق اورکہانی کے حیران کردینے والے کلائمکس کو جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی پڑے گی۔ 
ہدایتکاری :شریک مصنف اور ہدایت کار وویک بڈاکوٹی نے فلم میں تعلیم کےشعبہ میں ہونےوالے گھوٹالے جیسا اچھا موضوع اٹھایا ہے۔ انہوں نے اس سنجیدہ موضوع کو ایک کورٹ روم ڈرامہ میں تبدیل کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے لیکن وہ کہانی اور اسکرین پلےکودھار دارنہیں بنا سکے۔ تحریر میں مزید محنت کی ضرورت تھی۔ اگرچہ کیس میں پیشرفت میلو ڈراما پر مبنی لگتی ہے، عدالت میں پیش کی جانے والی دلیلوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ فلم کاانداز بھی ۹۰ء کی دہائی کی فلموں جیسالگتاہےلیکن اداکاروں کی ٹھوس اداکاری اسے ایک بار دیکھنے کےلائق بنا دیتی ہے۔ 
اداکاری :روینہ ٹنڈن نے وکیل تنوی شکلا کے رول کو عمدگی سے ادا کیا ہے۔ انوشکا کوشک نےبھی اپنی ایماندارانہ اداکاری سے دل جیت لیا۔ ستیش کوشک، جو اب ہمارے درمیان نہیں ہیں، کی جج کے رول میں عمدہ اداکاری دیکھنے والوں کو جذباتی کردیتی ہے۔ ساتھ ہی مانووج، راجو کھیر، جتن گوسوامی نے بھی اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ تاہم، ایک بڑے کارپوریٹ وکیل کے کردار میں چندن رائےسانیال اور بدعنوان لیڈرکےکردار میں جتن کے کردار کو ٹھیک سے اجاگر نہیں کیا گیا ہے۔ 
 تکنیکی پہلوؤں کی بات کریں تو فلم کاپروڈکشن ڈیزائن اوسط ہے۔ سیموئل شیٹی اوراکانکشا ناندریکر کےمیوزک ڈائریکشن میں ایسا کوئی گانا نہیں ہے جسے یاد رکھا جاسکے۔ وینی راج ایڈیٹنگ ٹیبل پر کچھ اور سین بھی کاٹ سکتی تھی۔ ہاں، نیہا پارتی مٹیانی کا کیمرہ ’پٹنہ شکلا‘ کی مڈل کلاس دنیا کو بہت اچھی طرح سے پیش کرتا ہے۔ 
نتیجہ: تعلیم کےشعبہ میں ہونے والےگھوٹالے کو بے نقاب کرنے والی یہ فلمجس میں سیاست دانوں کے ذریعہ استعمال کئے جانے والے موجودہ ہتھکنڈوں پر بھی روشنی ڈالی گئے ہےوروینہ ٹنڈن کی زبردست اداکاری کے لیے دیکھی جا سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK