Inquilab Logo

رتناگیری :کوکن پٹی میں متعدد ساحلوں اور قلعوں کا مرکز

Updated: August 17, 2023, 10:55 AM IST | Mumbai

یہاں ایک جانب کئی خوبصورت ساحل ہیں تو وہیں چند قلعے،خوبصورت گھاٹ،ندی نالے،گرم چشمے اور آبشار بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں

The main beach of Ratnagiri is Ganpati Play Beach
رتناگیری کا اہم ساحل گنپتی پلے بیچ

ہاپوس آم    ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہے۔یہ جس جگہ پر اگتے ہیں وہ جگہ بھی اسی آم کی طرح دلکش ہے اوراس جگہ کا نام رتنا گیری ہے۔یہ جگہ تفریح کیلئے بھی عمدہ مقام ہےکیوں کہ یہاں  متعددساحل سمندر،ندی نالے،خوبصورت گھاٹیاں، گرم چشمے، آبشار ، قلعے اور دیگر کئی چیزیںدیکھنےلائق ہیں۔یہاںواقع زیادہ تر قلعے شیواجی کے دور حکومت میں بنائے گئے تھے۔اس کے علاوہ  یہ جگہ کئی تاریخی شخصیات کی جائے پیدائش کے طور پر بھی مشہور ہے جن میں لوک مانیہ تلک ایک بہت ہی نمایاں نام ہے۔
رتناگیری میں دیکھنے لائق مقامات: مہاراشٹر کے کوکن خطے میں واقع ہونےسے یہ علاقہ سمندر کے کنارے واقع ہے۔ اس کے علاوہ دوسری جانب کچھ پہاڑیاں بھی ہیں۔ اس لئے یہ جگہ اپنے اندر تنوع لئےہوئے ہے لیکن یہاں کے ساحل سمندر زیادہ مشہور اور قابل دید ہیں۔یہاں دیکھنے لائق مقامات میں تلک علی میوزیم، جے گڑھ لائٹ ہائوس، گوہا گر بیچ،گنپتی پلے بیچ، مانڈوی بیچ، مال گنڈ،بھاٹیے بیچ، رتن درگ قلعہ،جے گڑھ قلعہ، تھیبا محل،پاواس،پانڈرے سمدر، ویلنیشور،لاڈ گھر بیچ، گیٹ وے ٹو رتنا گیری، آرے مینگو فارم، مانڈوی بیچ،پراچین کوکن میوزیم،انجرلے بیچ،کرڈے بیچ، بانکوٹ قلعہ ،میجک گارڈن ،سواتساڈا واٹر فال،سوانے بیچ،بامن گھال، دھاما پور جھیل،رتنا گیری مرین میوزیم،کَول شیٹ پوائنٹ، ویلاس بیچ اور دیگر کئی مقامات شامل ہیں۔
گنپتی پلے بیچ: کوکن پٹی پر واقع اس ساحل سمندر کو بہترین بیچ قرار دیا جاتاہے۔سفید ریت پر مشتمل یہ ساحل دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔اس کے علاوہ یہاں بہت زیادہ ہریالی پائی جاتی ہے جوناریل کے درختوں اور مینگروزپر مشتمل ہے۔دلکش نظاروں والا یہ ساحل سمندرممبئی اور قریبی علاقوں کی بھاگ دوڑ والی زندگی سے دور کچھ پل سکون کے حاصل کرنے کا بہترین مقام ہے۔چونکہ اس مقام کا اب تک کمرشیلائزیشن نہیں ہوا ہے اس لئے یہاں کا حسن بھی برقرار ہے جو پورے ملک سے بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔
جےگڑھ قلعہ:    ۱۷؍ویں صدی میں تعمیر کیا گیا یہ تاریخی قلعہ بھی رتنا گیری میں سیر و تفریح کابہترین  مقام ہے۔حکمت عملی کے تحت سمندر کنارے بنائے گئےاس قلعہ کا رخ بحر عرب اور سنگمیشور اور کرشنا ندی کے سنگم کی جانب ہے۔
جے گڑھ لائٹ ہائوس:اس کے علاوہ یہاں ایک اور چیز ہے جو قابل دید ہے اور وہ جے گڑھ  لائٹ ہائوس ہے۔ اس لائٹ ہائوس کے ایک کنارےپر رتن درگ کا پرانا قلعہ اور دوسری جانب بحر عرب ہے۔ یہاں سے آپ بحر عرب کا چوطرفہ نظارہ کرسکتے ہیں۔
تلک علی میوزیم: جیسا کہ پہلے بتایا گیاکہ مشہور مجاہد آزادی لوک مانیہ تلک رتنا گیری سے ہی تعلق رکھتے تھے۔ان کے آبائی گھر کو میوزیم میں تبدیل کردیا گیا ہے جو  رتنا گیری کے مشہور سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔اس میوزیم میں لوک مانیہ تلک کے زیر استعمال رہنے والی اشیا کورکھا گیا ہے تاکہ تاریخ داں اور طلبہ استفادہ کرسکیں۔
گیٹ وے آف رتنا گیری: رتنا گیری جیٹی اور مانڈوی بیچ کے کنارے تعمیر یہ ایک دلکش گیٹ نماتعمیرات میں سےایک ہے۔ مانڈوی  بیچ بھی اپنے آپ میں بہت دلکش ہے۔
پراچین کوکن میوزیم: ایک چھوٹی سی پہاڑی پر واقع اس میوزیم میں کوکن کی قدیم ثقافت سےسیاحوں کو روشناس کرانے کیلئے یہاں کے قدیم رہن سہن کو پیش کرنے والے ماڈل بنائے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ اندازہ لگاسکتےہیں کہ دورقدیم میں یہاںرہنے والے لوگ کس طرح نظر آتے تھے اور کس طرح کام کیا کرتے تھے۔۴۰؍ روپے فی فرد کی بنیاد پر یہاں کے گائڈآپ کی رہنمائی کرتے ہیں اور یہاں موجوداشیا کے تعلق سے آپ کو بتاتے ہیں۔
رتنا گیری کیسے جائیں؟
ٹرین کے ذریعہ:رتنا گیری جانے کیلئے بہترین ذریعہ کوکن ریلوے ہے جس کے ذریعہ آپ رتنا گیری ریلوے اسٹیشن اتر کر کسی بھی بس یاٹیکسی کے ذریعہ یہاں کے مختلف تفریحی مقامات تک پہنچ سکتے ہیں۔
روڈ کے ذریعہ: روڈکے ذریعہ بھی رتنا گیری جانا آسان ہے، یہ علاقہ کئی نیشنل اور اسٹیٹ ہائی ویز سے منسلک ہے اس لئے آپ چاہیں تو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ ،نجی بس یاکار کے ذریعہ بھی یہاں آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK