Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایندھن کی کمی کی افواہ، وضاحتوں  کے باوجود افراتفری،  طویل قطاریں

Updated: March 26, 2026, 12:47 AM IST | New Delhi

گجرات کے احمدآباد ، بڑودہ، سورت اور راج کوٹ میں پیٹرول پمپ کے باہر ہزاروں کی بھیڑ، تلنگانہ میں حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں پریشانی، مہاراشٹر کے وردھا، چندر پور اور ایوت محل میں نیز آندھراکے متعددضلعوں میں بھی یہی کیفیت رہی، تیل کمپنیوں نے ایندھن کے وافر ذخیرہ کا دعویٰ کیا،عوام کو اطمینان دلایا، گھبراہٹ میں خریداری سے گریز کی اپیل کی

Long queues formed at petrol pumps to fill up vehicles` tanks on Wednesday
بدھ کو پیٹرول پمپ میں گاڑیوں کی ٹنکی بھروا لینے کیلئے طویل قطاریں لگ گئیں

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے  ایندھن کی قلت کے اندیشوں اور افواہوں کی وجہ سے ملک بھر میں  شہریوں نے گھبراہٹ میں پیٹرول اور ڈیزل  خریداری شروع کردی  ہےجس کی وجہ سے پیٹرول پمپ کے باہر ہزاروں کی بھیڑ لگ گئی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بدھ کو ملک کی آئل کمپنیوں  نے باقاعدہ بیان جاری کرکے عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ ملک میں ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے،اس لئے شہری ’’گھبراہٹ میں خریداری‘‘  سے گریز کریں۔  
گجرات کے کئی اضلاع میں قطاریں
  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کے اندیشوں   سے سب سے زیادہ جو ریاستیں  متاثر ہیں ان میں  گجرات سرفہرست ہے جہاں سورت، احمدآباد، راج کوٹ اور بڑودہ میں پیٹرول پمپ کے باہر لمبی لمبی قطاروں  نے  انتظامیہ کی نیند حرام کردی۔  یہاں    شہری بڑی تعداد میں پٹرول پمپوں کا رخ کرتے نظر آئے۔ بعض مقامات پر ۴؍ تا۵؍ گھنٹے تک طویل قطاریں لگی رہیں۔ صورتحال کو سنبھالنے کیلئے  انتظامیہ کومداخلت کرنی پڑی۔ ریاستی حکام اور آئل کمپنیوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گھبراہٹ میں خریداری کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ سپلائی چین مکمل طور پر فعال ہے۔
مہاراشٹر کے اضلاع میں افراتفری
  مہاراشٹر کے ودربھ علاقے میں کئی مقامات پر افراتفری جیسی کیفیت دیکھنے کو ملی۔ وردھا، چندرپور اور ایوت محل اضلاع میں پٹرول پمپوں پر غیر معمولی بھیڑ نظر آئی۔ بعض مقامات پر لوگوں نے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگا دیں اور اضافی ایندھن ذخیرہ کرنے کی کوشش کی، جس سے وقتی دباؤ پیدا ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق کئی پمپوں پر اسٹاک ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں، تاہم بعد میں سپلائی بحال کردی گئی۔
آندھرا اور تلنگانہ کی کیفیت
 تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی شہروں میں منگل کی شام اور بدھ کو صبح سے  پیٹرول پمپوں پر خوف کے باعث ایندھن کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔اس  پر تلنگانہ پیٹرولیم ڈیلرس اسوسی ایشن اور آندھرا پردیش فیڈریشن آف پیٹرولیم ٹریڈرس نے وضاحتی بیانات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ تلنگانہ پیٹرولیم ڈیلرس ایسوسی ایشن نےکہا ہے کہ ’’ ایندھن کی قلت سے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن خبروں کے پھیلاؤ کی وجہ سے بہت سے لوگ پٹرول پمپوں کا رخ کر رہے ہیں اور غیر ضروری طور پر اپنے ٹینک بھروا رہے ہیں۔ اس خوف کے باعث خریداری سے فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جو عام سطح سے تقریباًڈھائی سے ۳؍ گنا زیادہ ہے،اس  کے   نتیجے میں ملک بھر کے کئی ریٹیل آؤٹ لیٹس پر وقتی طور پر اسٹاک ختم ہو گیا ہے۔ ہم تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ایچ پی سی ایل، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ اور بی پی سی ایل کے پاس وافر مقدار میں اسٹاک موجود ہے۔ ‘‘اسی نوعیت کا بیان آندھرا پردیش کے پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے بھی جاری کیا گیا۔ 
 افواہوں کو تقویت  اس طرح ملی
  حکام کے مطابق گھبراہٹ کی وجہ سے پیٹرول پمپوں پر معمول سے کئی گنازیادہ کی خریداری کی وجہ سے کئی پیٹرول پمپ پر اسٹاک ختم ہوگیااوراس  کا نوٹس چسپاں کیاگیا۔اس نوٹس نے اس تاثر کوتقویت دی کہ ایندھن ختم ہورہاہے اور   خوف و ہراس پھیل گیا جس نے لوگوں کو مزید خریداری پر اکسایا۔  بدھ کو تیل کمپنیوں نے  عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور غیر ضروری خریداری سے گریز کریں۔ حکومت کے مطابق  ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے۔ 

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK