اس میں ڈسپلے بڑا اور عمدہ دیا گیا ہےپروسیسربھی جدید ترین ہے، کیمرہ بھی ۲۰۰؍میگا پکسل کا ہے لیکن بیٹری کے معاملے میں پچھڑا ہوا ہے۔
EPAPER
Updated: August 18, 2025, 1:21 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس میں ڈسپلے بڑا اور عمدہ دیا گیا ہےپروسیسربھی جدید ترین ہے، کیمرہ بھی ۲۰۰؍میگا پکسل کا ہے لیکن بیٹری کے معاملے میں پچھڑا ہوا ہے۔
سیمسنگ نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ فولڈیبل اسمارٹ فون کے میدان میں نئی راہیں تراشنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ گزشتہ برس کاگیلیکسی زیڈ فولڈ ۶؍ایک شاندار ڈیوائس تھا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنے پیش رو سے زیادہ مختلف یا انقلابی محسوس نہیں ہوا۔مگر اس سال سیمسنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ گیلیکسی زیڈ فولڈ ۷؍کوتقریباً نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے، اور اگر آپ دونوں ڈیوائسز کو ایک ساتھ ہاتھ میں لیں تو فرق فوراً نظر آتا ہے۔
قیمت
زیڈ فولڈ ۷؍کیلئے کم از کم ایک لاکھ ۷۴؍ہزار ۹۹۹؍خرچ کرنےہوں گے۔ سب سے مہنگا ورژن،جس میں۱۶؍ جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج ہے، کی قیمت ۲؍لاکھ ۱۶؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔ یوں یہ ملک کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس نے۲؍لاکھ کی حد کو عبور کرلیا۔
ڈیزائن
سیمسنگ نے اس سال ڈیزائن کے میدان میں کمال کر دکھایا ہے۔کتابی طرزکے فولڈیبل فونز کی سب سے بڑی مشکل ہمیشہ ان کی موٹائی رہی ہے، لیکن زیڈ فولڈ ۷؍نےاس مسئلے کا شاندار حل نکالا ہے۔کھلنے پر اس کی موٹائی صرف۴ء۲؍ملی میٹرہے، جو اسے ملک کا سب سے پتلا فولڈیبل بناتی ہے۔ وزن بھی حیران کن طور پر ہلکا یعنی صرف ۲۱۵؍گرام ہے۔یہاں تک کہ آئی فون ۱۶؍پرو میکس بھی اس سے وزنی یعنی ۲۲۷؍گرام کا ہے۔
ڈسپلے
ڈسپلے کےمعاملےمیں بھی سیمسنگ نے نمایاں بہتری کی ہے۔ کوراسکرین اب۶ء۵؍انچ کاہےجبکہ گزشتہ سال کے فون میں ۳ء۶؍ انچ کا ڈسپلے تھا۔ یہ ایک ایل ٹی پی او امولیڈپینل ہےجو ۱۲۰؍ ہرٹز ریفریش ریٹ اورایچ ڈی آر ۱۰؍پلس سپورٹ فراہم کرتا ہے۔ اندرونی ڈسپلے اب بڑھ کر۸؍ انچ کاہوگیا ہے، جو ایک مکمل ٹیبلٹ کا تجربہ دیتا ہے۔
ہارڈویئر
اسمارٹ فون میں موجود پروسیسر بھی سب سے اعلیٰ یعنی اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ فار گیلکسی ہےجوالٹرا ایس ۲۵؍میں بھی استعمال ہواہے۔ روزانہ کے تمام کام اور ملٹی ٹاسکنگ نہایت روانی سےانجام پاتے ہیں۔ ایپس تیزی سے کھلتےہیں اور سوئچنگ بھی بغیر رکاوٹ کے ہوتی ہے۔ اگرچہ سیمسنگ نے اسے گیمنگ فون کے طور پر پیش نہیں کیا، لیکن گیمنگ کے لحاظ سے بھی یہ نہایت طاقتور ہے۔فون تین کنفیگریشنز میں دستیاب ہے جن میں پہلا ۱۲؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج، دوسرا ۱۲؍ جی بی ریم اور۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج اور تیسرا ۱۶؍ جی بی ریم اورایک ٹی بی اسٹوریج شامل ہے۔
سافٹ ویئر
یہ ڈیوائس ان چند فونز میں شامل ہے جواینڈرائیڈ ۱۶؍پرمبنی ون یو آئی ۸؍ کے ساتھ مارکیٹ میں پیش کیے گئے ہیں۔انٹرفیس کی بات کی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس معاملے میں کوئی زیادہ بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کیمرہ
زیڈ فولڈ ۷؍کےکیمروں میں سب سے بڑی اپ گریڈ سامنے آئی ہے۔ پرائمری کیمرا وہی ہےجو الٹرا گلیکسی ایس ۲۵؍اور ایچ ایس ۲۵؍میں دیا گیا ہے۔اس کا بنیادی کیمرہ ۲۰۰؍میگا پکسل کا ہے۔ الٹرا وائیڈ کیمرا اب بھی ۱۲؍میگاپکسل کا ہے، لیکن اس بار آٹو فوکس بھی شامل کرلیاگیاہے، جو گزشتہ ورژن میں نہیں تھا۔ اس کے علاوہ ایک ۱۰؍ میگا پکسل میگا پکسل ٹیلی فوٹو(۳؍ ایکس زوم)کیمرا بھی ہے۔ دونوں سیلفی کیمرے بھی اپ گریڈ ہوکر اب۱۰؍میگا پکسل کے ہوگئے ہیں۔ البتہ سیمسنگ نے انہیں فکسڈ فوکس پر ہی رکھا ہے۔
بیٹری
اگر کسی شعبے میںزیڈ فولڈ۷؍مایوس کرتا ہے تو وہ بیٹری ہے۔ یہاں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی، اور بیٹری اب بھی ۴۴۰۰؍ ایم اے ایچ کی ہے۔ جدید فلیگ شپ فونز کے مقابلے میں یہ صلاحیت کم محسوس ہوتی ہے۔چارجنگ اسپیڈ بھی وہی پرانی۲۵؍ واٹ ہے، جو اب کمزور پہلو لگتی ہے۔
ڈسپلے اندرونی۸؍انچ اور بیرونی ۵ء۶؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ فار گلیکسی
ریم ۱۲؍ اور ۱۶؍ جی بی
اسٹوریج ۲۵۶؍،۵۱۲؍جی بی اور ایک ٹی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ ۱۶؍ پر مبنی ون یو آئی ۸؍
کیمرہ ۲۰۰؍،۱۲؍ اور ۱۰؍میگا پکسل،
بیٹری ۴۴۰۰؍ایم اے ایچ