• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوکو سی ۸۵: کم قیمت میں عمدہ خصوصیات کا حامل اسمارٹ فون

Updated: February 16, 2026, 11:59 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کم سے کم ۱۱؍ہزار میں دستیاب اس فون میں ۶ء۹؍انچ کا بڑا ڈسپلے، ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری اور ۳۳؍واٹ فاسٹ چارجنگ کی سہولت ہے۔

Poco `C85` phone from the front and back. Photo: INN
پوکو ’سی ۸۵‘ فون آگے اور پیچھے سے۔ تصویر: آئی این این

اس حقیقت کے باوجودکہ پوکو سی ۸۵؍کی خصوصیات ریڈمی ۱۵؍ سی سے کافی حد تک ملتی جلتی ہیں، پوکو نے اپنے بجٹ اسمارٹ فون سی۷۵؍کے جانشین کے طور پر سی ۸۵؍ کو بنیادی ضروریات کیلئےکم قیمت(۱۱؍ہزارروپے)میں فراہم کرنے کے مقصد سے پیش کیا ہے۔ اپنے پیش رو کے مقابلے اس میں بالکل نیا ڈیزائن، نیا پروسیسر، بہتر مضبوطی اور بڑی بیٹری کے ساتھ تیز چارجنگ دی گئی ہے۔ 
ڈیزائن
پوکو سی۸۵؍کاڈیزائن سی ۷۵؍کےمقابلے میں نمایاں طور پر مختلف دکھائی دیتا ہے۔ پہلے ماڈل میں موجود بڑا گول کیمرا ماڈیول اب ہٹا دیا گیا ہے اور اس کی جگہ نسبتاً چھوٹا اور مناسب سائز کا مستطیل ماڈیول دیاگیاہے۔ یہ کم جگہ گھیرتا ہے اور فون پکڑتے وقت ہاتھ میں رکاوٹ پیدا نہیں کرتا۔ پچھلا پینل ابھری ہوئی ساخت کے ساتھ دو حصوں میں تقسیم دھاتی فنش کا احساس دیتا ہے۔ ’پوکو‘ کی برانڈنگ بھی ابھری ہوئی معلوم ہوتی ہے، اگرچہ یہ صرف بصری اثر ہے۔ فون مجموعی طور پر بڑا اور وزنی محسوس ہوتا ہے۔ دھاتی فنش انگلیوں کے نشانات سے تو کافی حد تک محفوظ رکھتا ہے، لیکن ساتھ ہی اسے کچھ پھسلنے والا بھی بنا دیتا ہے۔ 
ڈسپلے
فون میں ۶ء۹؍انچ کا ایچ ڈی پلس آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے، جو خاصا بڑا ہے۔ نوچ ڈیزائن کچھ پرانا محسوس ہوتا ہے، لیکن۸۱۰؍نٹس کی برائٹنیس کے ساتھ یہ بیرونی روشنی میں بھی واضح دکھائی دیتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پوکو نے اس میں وائڈ وائن ایل ون سرٹیفکیشن شامل کی ہے، جس کی بدولت صارفین فل ایچ ڈی اسٹریمنگ سے بہتر معیار کی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں، حالانکہ اس کا ڈسپلے ایچ ڈی پلس ہے۔ البتہ بہتر آڈیو تجربے کے لیے وائرڈ ایئر فون یا ٹی ڈبلیو ایس ایئر فون استعمال کرنا ضروری ہوگا، کیونکہ نیچے کی جانب دیا گیا اسپیکر آواز میں یکطرفہ اور قدرے کھوکھلا محسوس ہوتا ہے، چاہے آواز کافی تیز کیوں نہ ہو۔ 
سافٹ ویئر 
پوکو سی۸۵؍، اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی شیاؤمی کے ہائپر او ایس۲؍ کےساتھ آتا ہے۔ کمپنی نے۲؍سال تک او ایس اپ ڈیٹس اور۳؍ سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس کا وعدہ کیا ہے، جو اس درجے کے فون کےلیے مناسب ہے۔ ہائپر او ایس۲؍ تھیمز، آئیکنز اور ڈاؤن لوڈ ایبل فونٹس سمیت بھاری کسٹمائزیشن کے اختیارات فراہم کرتا ہے اور مجموعی طور پر اچھی طرح اسکیل بھی ہوتا ہے۔ تاہم بنیادی پروسیسر میں موجود۶؍جی بی ریم کی وجہ سے یہ اپنے زمرے کا تیز ترین فون نہیں ہے۔ اس میں کافی مقدار میں غیر ضروری ایپس اور گیمزپہلے سے انسٹال ملتے ہیں، جس سے سافٹ ویئرکا تجربہ بھاری محسوس ہوتا ہے۔ انٹرفیس استعمال کرتے وقت وقفے وقفے سےرکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور ایپس کھلنے میں بھی کبھی کبھار تاخیر ہوتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ویوو ایکس ۲۰۰؍ ٹی: اوسط درجے کا اعلی خصوصیات کا حامل فون

ہارڈ ویئر
اس کے بنیادی فون میں ۶؍جی بی موجودہوتی ہے اور یہ پس منظرمیں صرف ۷؍ غیر گیمنگ ایپس کو برقرار رکھ سکتا ہے، لیکن ان میں سے بھی کچھ ایپس حالیہ فہرست سے دوبارہ کھولنے پر ری اسٹارٹ ہو جاتے ہیں۔ اس فون میں دیا گیا ہائپر او ایس مہنگے ڈیوائسز میں موجود ورژن کے مقابلے میں سادہ یا محدود ہے۔ کئی اینیمیشنز، ٹرانزیشنز اور اےآئی ٹولز(سوائے بنیادی جیمنی فیچرز کے) شامل نہیں ہیں۔ اینڈرائیڈ۱۵؍کےساتھ ہی فون کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا مشکل ہےکہ آئندہ اپ ڈیٹس اسےکس حد تک ہموار بنا سکیں گی۔ 
کیمرے
فون میں ایک۵۰؍میگا پکسل کا مرکزی ریئرکیمرا اور۸؍میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا دیاگیا ہے۔ بنیادی کیمرے کی تصویر کا معیار بجٹ فون کے لحاظ سے مناسب ہے۔ رنگ نسبتاًشوخ آتے ہیں اور ڈائنامک رینج بھی قابل قبول ہے۔ 
بیٹری
۶؍ہزارایم اے ایچ کی بڑی بیٹری تقریباً ۲۶؍ گھنٹے چلتی ہے۔ عام استعمال، جس میں سوشل میڈیا، پیغام رسانی، دفتری ایپس اور ہلکی پھلکی گیمنگ شامل تھی، میں یہ فون ڈیڑھ دن سے زائد چل سکتا ہے۔ ڈبے میں ۳۳؍واٹ کا چارجر شامل ہے۔ یہ فون کو۳۰؍منٹ میں تقریباً۲۹؍فیصد، ایک گھنٹے میں ۶۲؍فیصد اور مکمل چارج ہونے میں تقریباً ایک گھنٹہ ۴۰؍منٹ لیتا ہے جو اس قیمت میں مناسب ہے جبکہ اس میں ۱۰؍واٹ ریورس چارجنگ کی بھی سہولت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK