اس میں تقریباً ہر چیز عمدہ ہے، اس کی موٹائی ۷ء۹؍ ملی میٹر، ڈسپلے ۶ء۶۷؍انچ، پروسیسرڈائمنسٹی ۹۴۰۰؍پلس اور بیٹری ۶۲۰۰؍ایم اے ایچ ہے۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 11:07 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس میں تقریباً ہر چیز عمدہ ہے، اس کی موٹائی ۷ء۹؍ ملی میٹر، ڈسپلے ۶ء۶۷؍انچ، پروسیسرڈائمنسٹی ۹۴۰۰؍پلس اور بیٹری ۶۲۰۰؍ایم اے ایچ ہے۔
فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دنیا میں بہترین کیمرے، شاندار کارکردگی اور تیز رفتار چارجنگ ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے عموماً بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ ماضی میں ایسے کئی مڈ فلیگ شپ اسمارٹ فونز آچکےہیں، جن میں ون پلس ۱۵؍آر اور سیمسنگ گلیکسی ایس ۲۵؍ ایف ای جیسے ماڈلز شامل ہیں، جو انتہائی پریمیم تجربے اور نسبتاً مناسب قیمت کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم اس توازن کی قیمت اکثر کسی نہ کسی سمجھوتے کی صورت میں ادا کرنی پڑتی ہے، چاہے وہ کمزور پروسیسر ہو یا پھر کیمروں میں کی گئی کٹوتی۔ نئے لانچ ہونے والے ویوو ایکس ۲۰۰؍ ٹی کا دعویٰ ہے کہ وہ اسی روایت کو بدلنے آیا ہے۔
قیمت
ہندوستان میں ویوو ایکس ۲۰۰؍ٹی کی قیمت ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والے بیس ویرینٹ کے لیے ۵۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے۔
ڈیزائن
ویوو ایکس ۲۰۰؍ ٹی کا ڈیزائن پہلی نظر میں ہی بغیر کسی چمک دمک کے ایک پریمیم تاثر قائم کرتاہے۔ چند معمولی فرق کے سوا یہ فون اپنے مہنگے ماڈلز سے کافی حد تک مشابہ دکھائی دیتا ہے۔ شیشے کے بیک پر نصب گول کیمرا ماڈیول، جس پر زائس کی برانڈنگ نمایاں ہے، تین سینسرز کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ ڈیزائن عنصر اسے اُن بے شمار اسمارٹ فونز سے الگ پہچان دیتا ہے جن میں چوکور یا مستطیل کیمرا آئی لینڈ عام ہو چکا ہے۔
اس فون کی موٹائی۷ء۹؍ ملی میٹر ہے اور اس کا وزن ۲۰۳؍گرام ہے، جسے کمپنی نے’سی سائیڈ لیلک‘ رنگ میں پیش کیا ہے۔ پچھلا پینل کناروں سے خم دار ہے، جس کی بدولت فون ہاتھ میں اچھی گرفت دیتا ہے۔ میٹ میٹل فریم کے ساتھ شیشے کی بیک مل کر اس فون کو متوازن بناتی ہے اور پھسلنے کا ڈر بھی کم ہو جاتا ہے۔
ڈسپلے
ویوو ایکس ۲۰۰؍ ٹی میں ۶ء۶۷؍ دیا گیاانچ کا ایل ٹی پی او ایمولیڈ ڈسپلےروزمرہ میڈیااستعمال اور گیمنگ کے لیے نہایت موزوں ہے۔ ۱ء۵؍کے ریزولوشن اور۱۲۰؍ ہرٹز ریفریش ریٹ کے امتزاج کے ساتھ یہ فون نہایت شاندار بصری تجربہ فراہم کرتا ہے۔
اسکرین کے ساتھ موجود ڈوئل اسٹیریو اسپیکرز بھی مجموعی تجربے کو بہتربناتے ہیں۔ آواز مناسب حد تک بلند ہے، وضاحت اچھی ہے اور انتہائی زیادہ والیوم کے سوا کسی خاص خرابی کا احساس نہیں ہوتا۔
سافٹ ویئر
ویوو ایکس ۲۰۰؍ٹی ہندوستان میں ان ابتدائی اسمارٹ فونز میں شامل ہےجو اینڈرائیڈ ۱۶؍پرمبنی اوریجن او ایس۶؍کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں، اور یہ تبدیلی واقعی بہتری کی طرف قدم ہے۔ یوزر انٹرفیس میں ایپل کے لیکوئڈ گلاس اسٹائل سے متاثر عناصر واضح طور پر نظر آتے ہیں، جو استعمال کو مزید آسان اور فطری بناتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے ۵؍سال تک آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس اور۷؍سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی یقین دہانی اسے سافٹ ویئر سپورٹ کے معاملے میں ایک مضبوط دعوے دار بناتی ہے۔
ہارڈ ویئر
اس کی سب سے حیران کن بات اس کاپروسیسر اور اس سے جڑے دیگر اجزا ہیں۔ اس فون میں ڈائمنسٹی ۹۴۰۰؍پلس چپ سیٹ دیاگیاہے، جو طاقت کے لحاظ سےویوو کے فلیگ شپ ایکس ۲۰۰؍ اور ایکس ۲۰۰؍پرو ماڈلز سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔ اس کے ساتھ ۱۲؍ ریم اور۵۱۲؍ جی بی تک اسٹوریج دی گئی ہے۔
کیمرے
اس میں فوٹوگرافی کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ فون کے پچھلے حصےپرموجود ۵۰؍میگا پکسل زائس برانڈکا ٹرپل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔ ۵۰؍میگا پکسل کا مین کیمرا زائس ٹی اسٹار کوٹنگ اور سی آئی پی اے۴ء۵؍لیول اسٹیبلائزیشن کی مدد سے متاثر کن تصاویر کھینچتا ہے۔ ۵۰؍میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اس کی اصل جان ہے۔ یہ۳؍ گنا آپٹیکل زوم کو سپورٹ کرتا ہے۔ یہی انداز۳۲؍میگا پکسل کے فرنٹ کیمرے میں بھی برقرار رہتاہے۔
بیٹری
اس میں ۶؍ہزار ۲۰۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔ ۹۰؍ واٹ فاسٹ چارجنگ کے سبب یہ فون تقریباً ۵۶؍ منٹ میں صفر سے مکمل چارج ہو جاتا ہے۔