الیکسا پر مبنی اسپیکر میں ۱۱؍انچ کا اسکرین بھی دیا گیا ہے جس پر آپ ویڈیو بھی دیکھ سکتے ہیں، یہ آپ کی موجودگی اور درجہ حرارت تک معلوم کرسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: February 23, 2026, 10:55 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
الیکسا پر مبنی اسپیکر میں ۱۱؍انچ کا اسکرین بھی دیا گیا ہے جس پر آپ ویڈیو بھی دیکھ سکتے ہیں، یہ آپ کی موجودگی اور درجہ حرارت تک معلوم کرسکتا ہے۔
ایمیزون کا نیا ایکو شو ۱۱؍دراصل ایمیزون ایکو شو ۱۰؍کا اپڈیٹڈ ورژن ہے، جو۲۰۲۰ءمیں متعارف کرایا گیا تھا۔ اسے ایمیزون ایکو شو ۸؍کےساتھ پیش کیا گیا۔ یہ۱۱؍ انچ اسمارٹ اسپیکر اُن صارفین کےلیے متعدد اپ گریڈز کے ساتھ آیا ہے جو ایک بڑےاسکرین کےساتھ روزمرہ کا اسمارٹ ہوم ساتھی چاہتےہیں۔ ایمیزون کے مطابق یہ ڈیوائس اومنی سینس ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو موجودگی، حرکت اور درجہ حرارت کی شناخت کے ذریعے خودکار روٹینز ترتیب دیتی ہے۔
قیمت
ایکو شو۱۱؍گریفائٹ اور گلیشیر وائٹ رنگوں میں دستیاب ہے اور اس کی قیمت ۲۶؍ہزار ۹۹۹؍روپےہے، جبکہ ایکو شو۸؍کی قیمت ۲۳؍ہزار ۹۹۹؍روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ اسمارٹ اسپیکر آن لائن اور آف لائن دونوں چینلزپر دستیاب ہے۔
ڈیزائن
ایکو اسمارٹ اسپیکر پر اسکرین پہلی بار۲۰۱۷ءمیں دیکھا گیا تھا، جب الیکسا وائس اسسٹنٹ کو ایک نیا انداز دیاگیا تھا۔ نیا ایکو شو ۱۱؍ دراصل اس سیریز کا ایک مکمل اپ گریڈ محسوس ہوتا ہے۔ ڈیزائن کےلحاظ سے یہ کچھ نیا نہیں مگر پہلے سے زیادہ نفیس دکھائی دیتا ہے۔ ۱۱؍انچ کابڑا اسکرین اسپیکر پوڈ پر نصب ہے، جو مجموعی طور پر متوازن اورپریمیم تاثر دیتاہے۔ میش میٹریل پورے اسپیکر کو ڈھانپتا ہے، جس سے اس کا انداز صاف ستھرا اور معیاری محسوس ہوتا ہے۔
نیا تھری ڈی نِٹ فیبرک اور باریک بیزلز اسکرین کے استعمال کے رقبے کو زیادہ سے زیادہ کرتے ہیں، جبکہ ایمبیئنٹ ویژولز ماحول کےمطابق خودکار طورپر ایڈجسٹ ہو جاتے ہیں تاکہ دیکھنے کا تجربہ آرام دہ رہے۔ رات کے وقت یہ ڈارک تھیم استعمال کرتا ہے اور دن میں لائٹ تھیم۔ یہ ڈیوائس صرف الیکسا اسسٹنٹ یا میز پر رکھی گھڑی تک محدود نہیں، بلکہ اس کا مقصد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ آپ اس پر امیزون پرائم ویڈیو اور نیٹ فلکس جیسی اسٹریمنگ سروسز سے ویڈیو مواد بھی دیکھ سکتے ہیں۔ یوٹیوب بھی چلایا جا سکتا ہے، اگرچہ اسے صرف یوٹیوب دیکھنے کے لیے خریدا جانا ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پوکو سی ۸۵: کم قیمت میں عمدہ خصوصیات کا حامل اسمارٹ فون
کارکردگی
ایکو شو۱۱؍ پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں متعدد بہتریوں کے ساتھ آیاہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ کسی بھی کمرے کے گوشےمیں بآسانی فِٹ ہو جاتا ہے اور شیلف یا میزپر رکھا جا سکتا ہے۔ بہتر ڈسپلے کی بدولت یہ ورک ڈیسک پر بھی ایک مفید ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔ سیٹ اپ اسمارٹ فون پر الیکسا ایپ کے ذریعے انتہائی آسان ہے۔ اگر آپ پہلے سے ایکو اسپیکرز استعمال کر رہے ہیں تو اسے سیٹ اپ کرنے میں چند منٹ ہی لگتے ہیں۔ سابقہ ماڈلز کی طرح اس سے وائس کمانڈ کے ذریعے بات چیت کی جا سکتی ہے، جبکہ مائیک آن/آف اور والیوم کے لیے چند فزیکل بٹن بھی موجود ہیں۔ تاہم کیمرے کے لیے ایک مکمل شٹر بٹن کی کمی محسوس ہوتی ہے، خاص طور پر اگر ویڈیو کالز کم کی جائیں۔ سیٹ اپ مکمل ہونے کے بعد یہ آپ کی روزمرہ عادات کے مطابق خود کو ڈھالنا شروع کر دیتا ہےچاہے صبح بیدار ہونا ہو، اسکرین پر کچھ دیکھنا ہو یا موسیقی کا انتخاب۔
آپ اس کے ذریعے اپنے ہم آہنگ اسمارٹ ہوم آلات جیسے اسمارٹ اے سی، پنکھے اور لائٹس کو بھی کنٹرول کر سکتے ہیں۔ اسٹریمنگ ایپس پر موادچلانا ہو یا روزمرہ کاموں کا نظم و نسق سنبھالنا ہو، سب کچھ وائس کمانڈیا اسکرین ٹچ کے ذریعے ممکن ہے۔ کیلنڈر تک رسائی دینے کے بعد یہ دن بھر کے شیڈول اور اہم کام دکھاتا ہے، جبکہ آپ خریداری یا اگلے دن کی فہرست بھی بنا سکتے ہیں۔
اسکرین
۱۱؍انچ فل ایچ ڈی
اسپیکر
۲ء۸؍انچ ووفر
کیمرہ
۱۳؍میگا پکسل
ویڈیو سپورٹ
پرائم ویڈیو، نیٹ فلکس اور دیگر ایپ
دیگر خصوصیات
بلٹ ان اسمارٹ ہوم ہب، الٹرا سائونڈ موشن ڈٹیکشن، روم ٹیمپریچر سینسر، پریزینس ڈیٹیکشن سینسر
فزیکل کنٹرول
مائک/کیمرہ چالو اور بند کرنے کیلئے بٹن
پروسیسر
اے زیڈ ۳؍ پرو مع اے آئی ایکسلریٹر
بس میں موجود اشیا
پاور ایڈاپٹر(۳۰؍واٹ)، کوئک گائڈ
وزن
۱ء۳؍کلوگرام