Updated: March 07, 2026, 9:23 PM IST
| Mumbai
سیف علی خان نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ گفتگو میں اقربا پروری اور فلمی صنعت میں مواقع کے مسئلے پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے ابراہیم علی خان کو بالی ووڈ میں اپنی پہچان خود بنانی ہوگی، چاہے اس کے لیے سخت تنقید کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق مشہور خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کو ابتدا میں فائدہ ضرور ملتا ہے، لیکن بالآخر کامیابی کا انحصار ان کی صلاحیت پر ہوتا ہے۔
ابراہیم علی خان اپنے والد سیف علی خان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ میں اقربا پروری یا نیپوٹزم کی بحث ایک بار پھر اس وقت سامنے آئی جب اداکار سیف علی خان نے اپنے بیٹے ابراہیم علی خان کے فلمی کر یئر کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے یہ گفتگو اپنی بہن سوہا علی خان کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران کی، جہاں انہوں نے بالی ووڈ میں موقع ملنے اور خود کو ثابت کرنے کے درمیان فرق پر بات کی۔
ابراہیم علی خان کا فلمی آغاز
ابراہیم علی خان نے حال ہی میں فلم ’’نادانیاں‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم کو کرن جوہر نے پروڈیوس کیا تھا۔ تاہم فلم اور ابراہیم کی اداکاری دونوں کو ناقدین اور شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا۔ بعد ازاں ان کی دوسری فلم ’’سرزمین‘‘ بھی خاص اثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’رامائن پارٹ ٹو‘‘ کی شوٹنگ شروع
نیپوٹزم پر سیف علی خان کی رائے
گفتگو کے دوران سیف علی خان نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ کسی مشہور خاندان سے تعلق رکھنے سے فلمی صنعت میں داخلہ آسان ہو سکتا ہے۔ وہ خود بھی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے ہیں، اس لیے وہ اس فرق کو سمجھتے ہیں جو ایک عام اداکار اور فلمی پس منظر رکھنے والے اداکار کے درمیان ہوتا ہے۔ سیف کے مطابق ناظرین اکثر ان لوگوں کی زیادہ تعریف کرتے ہیں جو کسی سہارے کے بغیر کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب آپ اپنے کام میں بہت اچھے ہو جاتے ہیں تو ناظرین کو لگتا ہے کہ ان کا فیصلہ درست تھا۔ لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کسی کو بار بار مواقع ملتے ہیں اور وہ خود کو ثابت نہیں کر پاتا۔ تب لوگ سوال اٹھاتے ہیں کہ کسی اور کو موقع کیوں نہیں دیا جا رہا۔ میرے خیال میں یہ صورتحال بہت غیر منصفانہ ہو سکتی ہے۔‘‘
بطور والد اپنی ذمہ داری
سیف علی خان نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی حمایت ضرور کریں گے، لیکن اس حمایت کی بھی ایک حد ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر کسی کو پہلے ہی خاندانی پس منظر کی وجہ سے فائدہ مل رہا ہو تو اسے اپنی صلاحیت کے ذریعے خود کو ثابت کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ’’میں یقیناً اپنے تمام بچوں کی حمایت کروں گا، لیکن اس کی ایک حد ہوتی ہے۔ میں ابراہیم سے بھی کہتا ہوں کہ شاید مجھے ہر وقت تمہارا ہاتھ پکڑ کر نہیں چلنا چاہیے، کیونکہ تمہیں پہلے ہی بہت کچھ ملا ہوا ہے۔ اس لیے تمہیں اپنا راستہ خود بنانا ہوگا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: روی کشن کا شو ’’معاملہ لیگل ہے‘‘ سیزن ۳، اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا
سیف علی خان کے آنے والے پروجیکٹس
کام کے محاذ پر سیف آئندہ فلم ’’کرتویہ‘‘ میں نظر آئیں گے۔اس فلم کی ہدایت کاری پلکیت کررہے ہیں جبکہ ریڈ رلیز انٹرٹینمنٹ اسے پروڈیوس کر رہی ہے۔ فلم میں رسیکا دگل اور سوربھ دیویدی بھی شامل ہیں، اور توقع ہے کہ یہ سال کے آخر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔ اس کے علاوہ سیف فلم ’’حیوان‘‘ میں بھی نظر آئیں گے جس کی ہدایت کاری پریہ درشن کر رہے ہیں۔ اس فلم میں وہ تقریباً ۱۷؍ سال بعد اکشے کمار کے ساتھ نظر آئیں گے۔
ابراہیم علی خان کے آنے والے منصوبے
دوسری جانب ابراہیم علی خان ’’دلیر‘‘ کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری کنال دیشمکھ کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس فلم میں ان کے مدمقابل اداکارہ سری لیلا نظر آ سکتی ہیں، تاہم اس بارے میں ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ امکان ہے کہ یہ فلم ابراہیم کی پہلی تھیٹر ریلیز ہوگی، کیونکہ اس سے قبل ان کا آغاز ڈجیٹل پلیٹ فارم پر ہوا تھا۔