Inquilab Logo

بوریولی اسٹیشن کے قریب ہر قسم کی خریداری کی جاسکتی ہے

Updated: August 29, 2023, 11:21 AM IST | Muhammad Habib | Mumbai

یہاں فٹ پاتھ سے لے کر بڑے اسٹور اور شوروم سے کپڑے اور دیگر اشیاء خریدسکتے ہیں ،چھوٹے پیمانے پر کئی مال بھی دستیاب

Various shops lining the footpath near Borivali station.Photo. INN
بوریولی اسٹیشن کے قریب فٹ پاتھ پر لگنے والی مختلف چیزوں کی دکانیں۔ تصویر:آئی این این

ممبئی شہر کی حدحالانکہ ماہم تک ہی ہےلیکن مضافاتی علاقوں کو ملاکر ممبئی عظمیٰ کہے جانے والے شہر کی حدبوریولی تک ہے۔اس طرح قلابہ سے بوریولی اور ملنڈ تک پورا علاقہ شہر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایسے میں ممبئی کی سرحد پر واقع بوریولی علاقہ بھی کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی مناسبت سے یہاں اسٹیشن کے باہر کافی بڑا بازار لگتا ہے۔ یہ بازار فٹ پاتھ کے باکڑوں سے لے کر بڑے بڑے پلازا،اسٹور اور شاپنگ مالز تک پر مشتمل ہے۔
بوریولی مارکیٹ کیوں جائیں ؟: یہاں آپ ہر قسم کی خریداری کرسکتے ہیں ۔یہاں پر آپ فٹ پاتھ سے لے کر بڑے بڑے اسٹور اور شاپنگ مالز جیسے اسٹورز تک میں  ہر بجٹ اور ہر مصرف کا کپڑا،برتن، یہاں تک کہ موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات جیسی متعدد طرح کی چیزیں خریدسکتے ہیں ۔اکثر ایسا بھی ہوتا ہےکہ کوئی چیز جب آپ کے قریبی دکان یا اسٹور میں نہیں ملتی تو آپ کو مشورہ دیا جاتا ہےکہ بوریولی چلے جائو وہاں مل جائے گا۔ مثال کے طور پر بچوں کو اسکول میں کسی خاص تقریب،پروگرام یاڈانس اور ڈراما جیسےفنکشن کیلئے مخصوص رنگ یا مخصوص قسم اور ڈیزائن کا کپڑا منگوایا جاتا ہے جو عام طورپر دیگر دکانوں یا مارکیٹس میں دستیاب نہیں ہوتا وہ بوریولی کے قریب واقع اسٹور یاشاپنگ سینٹرمیں ملتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں متعددنئی اور پرانی موبائل کمپنیوں کےآتھورائزڈسروس سینٹر بھی موجود ہیں جہاں آپ اپنا موبائل وارنٹی کی مدت میں مفت اور اس کے بعد پیسے دے کر مرمت کرواسکتے ہیں ، یہاں مرمت کروانے کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کے موبائل یا دیگر آلات میں کمپنی کے اوریجنل پارٹس لگائے جاتے ہیں ۔
خواتین اور مردوں کی شاپنگ: اسٹیشن کے سامنے ایس وی روڈ پر اور اس سے متصل دوسری سڑکوں پر دور دور تک آپ کو فٹ پاتھ پر مختلف باکڑے نظر آئیں گے جن پر آپ خواتین اور بچوں کے کپڑوں کی بڑے پیمانے پر خریداری کرسکتے ہیں ۔اس کے علاوہ یہاں مردوں کیلئےجینز اور ٹی شرٹز وغیرہ کی بھی کئی دکانیں مل جائیں گی۔
بڑے اسٹور اور شاپنگ سینٹربھی موجود: یہاں باکڑوں پر مشتمل چھوٹی دکانیں ہی نہیں بلکہ کئی بڑےشاپنگ سینٹر اور مال نما اسٹور بھی موجود ہیں جہاں آپ مختلف قسم کی خریداری کرسکتے ہیں ۔ سب سے بڑا، مشہور اورپرانا شاپنگ سینٹر ’اندرپرستھ‘ ہے۔ یہ بوریولی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک سے متصل ہے۔ اکثر لوگ اس شاپنگ سینٹر کے احاطے میں سے ہی اسٹیشن پہنچتے ہیں جس سے انہیں لمباچکر لگاکر نہیں جانا پڑتا۔یہاں بڑی تعداد میں لوگ کپڑوں کی خریداری کرنے بھی جاتےہیں جبکہ اس کے بیس مینٹ کو موبائل زون بھی کہاجاسکتا ہے۔ یہاں بڑے پیمانے پر موبائل کی دکانیں ہیں جہاں آپ نئےسے لے کر پرانے اور اس سے منسلک چیزوں سے لےکر موبائل کے پرزے تک خریدسکتے ہیں ۔اسٹیشن کے سامنے کی جانب یعنی روڈ کراس کرکے موکش پلازا نامی اسٹور ہے۔یہاں اور اس جیسے دیگر اسٹورز میں بھی بڑے پیمانے پر کپڑے اور دیگر سامان کے ساتھ موبائل اور الیکٹرانک ڈیوائس خریدے جاسکتے ہیں ۔ 
سبزیوں کی خریداری: کپڑوں کے علاوہ یہاں سبزی ترکاری خریدنے کا بھی بڑا مرکز ہے۔ یہاں دراصل بی ایم سی کی جانب سے بنایا گیا سبزیوں کا ہول سیل مارکیٹ بھی ہے جہاں سے دیگر علاقوں کےسبزی فروش سبزیاں خریدکرلے جاتےہیں اور اپنے اپنے علاقے میں فروخت کرتےہیں ۔اسی کے علاوہ یہاں چھوٹے پیمانے پر بھی کچھ لوگ ہول سیل مارکیٹ سےسبزیاں خرید کر باہر اور آس پاس کے علاقےمیں فروخت کرنے بیٹھ جاتے ہیں ۔اس کے علاوہ یہاں پھول اور پھل بھی فروخت ہوتےہیں ۔
تفریح کاانتظام:یہاں تفریح کا زیادہ انتظام نہیں ہے۔اجنتا یہاں کا ایک قدیم تھیٹرہے جسے تزئین کاری کے بعد حال ہی میں دوبارہ شروع کیاگیا ہے۔اس تزئین کے دوران یہاں اجنتااسکوائر مال کے نام سے ایک مال بنادیا گیا ہے جس میں آپ خریداری کرسکتے ہیں جبکہ چوتھے منزلے پر یہ سنگل اسکرین تھیٹر موجود ہے۔
لذت کام ودہن:حالانکہ یہاں چند ایک ہوٹل موجود ہیں لیکن کھانے پینے کے معاملے میں اسے زیادہ اچھا نہیں کہا جاسکتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK