Inquilab Logo

دہیسر کے ٹھاکر مال میں کھیل کود سے متعلق تمام سامان دستیاب

Updated: October 03, 2023, 9:38 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

دیگر متعدد اسٹورز کے ساتھ یہاں ڈی کیتھلون نامی اسٹور بھی موجود ہے جس میں ہر طرح کے کھیل میں استعمال ہونے والی چیزیں مل جائیں گی۔

Thakur Mall located on the highway near Dahisar Checkpoint. Photo: INN
دہیسر چیک ناکے کے پاس ہائی وے پر واقع ٹھاکر مال۔ تصویر:آئی این این

آج ہم آپ کوایک ایسے مال میں لے جائیں گے جوممبئی میں نہیں لیکن ممبئی سے دور بھی نہیں ہے۔ویسٹرن ایکسپریس ہائی وےپرممبئی سے باہر نکلتے ہی یعنی دہیسر میں ایک شاندار مال نظر آتا ہے۔ویسے بھی ویسٹرن سائڈمیں ممبئی کا دروازہ قرار دیاجاسکنے والا چیک ناکہ دہیسر ہی میں واقع ہے۔ اس چیک ناکہ سے تھوڑا ہی آگے بڑھنے پر یہ شاندار مال واقع ہے۔حالانکہ یہ دہیسر،میرا روڈ اور بھائندر میں رہنے والوں کیلئے قریب ترین مال ہے لیکن ممبئی سے بھی کچھ لوگ اس مال کا رخ کرتے ہیں ۔سب کی وجوہات مختلف ہوسکتی ہیں لیکن اکثر لوگ یہاں فلم دیکھنے کیلئےجاتے ہیں۔
ٹھاکر مال کیوں جائیں :ٹھاکرمال جانے کی کئی وجوہات ہیں ، پہلی تو یہ کہ یہ ہائی وے پر واقع ہے اور ممبئی سے زیادہ دور بھی نہیں۔ دوسری جیسا کہ پہلے بتایا گیا یہاں سنیما ہال کےٹکٹ کی قیمت قدرے کم ہوتی ہے اس لئے بھی کچھ لوگ یہاں فلم دیکھنے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھانے پینے اورشاپنگ کا بھرپور انتظام تو ہے ہی۔ اسی کے ساتھ یہاں واقع ڈی کیتھلون نامی اسپورٹس اسٹورمیں کھیل کود سے متعلق کسی بھی قسم کا سامان خریدنے بھی یہاں لوگ آتے ہیں۔
ڈی کیتھلون اسٹور: ٹھاکر مال کے گرائونڈ فلور پر پھیلا ہوا یہ ایک ایسا اسٹور ہے جہاں سے آپ کسی بھی قسم کےکھیل سے متعلق کوئی بھی چیز خریدسکتے ہیں ۔ یہاں پر آپ کو آئوٹ ڈور اسپورٹس میں ہائکنگ، ٹریکنگ،کیمپنگ،وائلڈ لائف واچنگ،اسکیئنگ اور اسنو بورڈنگ، پہاڑی پر چڑھنے،مچھلی پکڑنے، گھڑسواری کرنے اور پتنگ اڑانے جیسے کھیلوں سے متعلق ہر قسم کا سامان مل جائے گا ۔اسی طرح آبی کھیلوں میں تیراکی، سرفنگ،ساحل پر کھیلے جانے والے کھیل، اسنورکیلنگ، ڈائیونگ اور کیاکنگ وغیر سے متعلق سامان بھی دستیاب ہے۔ ریکٹ اسپورٹس کے تحت بیڈمنٹن، ٹینس،ٹیبل ٹینس، اسکواش،پیڈل جبکہ رولر اسپورٹس کے تحت اسکیٹنگ، اسکیٹ بورڈنگ اور اسکوٹر سے متعلق سامان بھی مل جاتا ہے۔نشانہ لگانے والے کھیلوں میں کیرم، گولف، تیر اندازی،ڈارٹ، بلیئرڈمیں استعمال ہونے والی چیزوں کے علاوہ یہاں فٹنس اسپورٹس، چلنے، دوڑنے اور سائیکل چلانےسے متعلق تمام سامان بھی مل جائے گا۔ اس کےعلاوہ یہاں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں سائیکل اور بیڈمنٹن وغیرہ کی مرمت بھی کرکے دی جاتی ہے۔
خواتین اور مردوں کی شاپنگ: کھیل کود کے علاوہ عام طور پر کی جانے والی خریداری یعنی کپڑے وغیرہ کیلئے بھی یہاں متعدد اسٹور موجود ہیں جن میں ،آل،بگ بازار، بامبے ہائی فیشن،سینٹرل،کروما،ایتھنی سٹی، گلوبس،ہوم ٹائون ایکسپریس، پینٹالون، پارکس، اسکیچرز ،اسٹار بازار، ویژن ایکسپریس اور ووڈ لینڈ کے شوروم بھی موجود ہیں ۔ان اسٹورزمیں آپ جدید طرز کے فیشن ایبل کپڑوں کے علاوہ گھڑیاں ، جوتے اور دیگر کئی قسم کا سامان خرید سکتے ہیں ۔ 
لذت کام و دہن: دیگر مالز کی طرح یہاں بھی لذت کام و دہن کا عمدہ انتظام ہے۔عام طور پر جو اسٹور ہر جگہ دستیاب ہوتے ہیں وہ تو یہاں ہیں ہی اس کے علاوہ کچھ خصوصی ہوٹل بھی یہاں موجود ہیں ۔ یہاں ڈومینو کا پیزا،سب وے کے برگر، اسموکن جوز کا پیزا،میک ڈونالڈ کے برگر، پیزا اینڈ پاستا میں پیزا اور پاستا کھا سکتے ہیں جبکہ کیفے کافی ڈے کی کافی بھی یہاں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ یہاں راج بھوگ نامی ہوٹل بھی موجود ہے جس میں آپ شمالی ہندوستان کے لذیذکھانے منگواسکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی یہاں دی بوٹ کلب نامی ریسٹورنٹ بھی ہے جہاں آپ چائنیز، شمالی ہندوستان، کانٹی نینٹل اور فاسٹ فوڈ بھی کھاسکتے ہیں ۔ یہاں کی سجاوٹ اور رکھ رکھائو خصوصی اہمیت کاحامل ہے۔ بوٹ کلب کی مناسبت سے یہاں ایک مصنوعی کشتی اوپر لٹکاکررکھی گئی ہے۔
تفریح: ٹھاکرمال کے تیسرے منزلے پر آئی نوکس ملٹی پلیکس موجود ہے جس میں حالیہ ریلیز ہونے والی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔ جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا، یہاں تھیٹر میں ٹکٹوں کی نرخ کم ہے لیکن تھیٹر کا معیار ویسا ہی ہے جیسا کہ دیگر مقامات پر ہوتا ہے۔ یہاں پر ایک ہی اسکرین میں ۴؍قسم کی سیٹوں کا انتظام ہے جس میں ایگزیکٹیو، کلب، رائل اور رائل ریکلائنر سیٹیں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK