Inquilab Logo Happiest Places to Work

رگھولیلا مال میں شاپنگ کے علاوہ دیگر خدمات بھی دستیاب

Updated: September 12, 2023, 11:09 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

یہاں شاپنگ، تفریح،کھیل کود اور لذت کام و دہن کے علاوہ اسٹیٹ ایجنٹ،چارٹرڈ اکائونٹنٹ، فائنانشیل کنسلٹنٹ جیسی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

Exterior view of Raghulila Mall. Photo: Inquilab
رگھولیلا مال کا بیرونی منظر ۔تصویر:انقلاب

مال کیلئے ایک ضروری شرط یہ ہوتی ہے کہ وہ ایسی جگہ پر واقع ہو جہاں عوام کا آنا جانا لگا رہتا ہو اور وہ کہیں ایسی جگہ نہ ہو جو قدرے پوشیدہ ہو۔یہی وجہ ہےممبئی میں وہ مال زیادہ مشہور اورمقبول ہیں جو کسی اہم سڑک کے کنارے آباد ہیں جیسے کہ مغربی مضافات میں لنک روڈ اور مشرقی مضافات میں ایل بی ایس روڈ ، یہاں واقع زیادہ تر مال ایسے ہیں جہاں کثیر تعداد میں عوام پہنچتےہیں ۔ آج ہم آپ کو ایک ایسے مال سے متعارف کرانے جارہے ہیں جوزیادہ مقبول نہیں لیکن ایک اچھا اور کافی بڑا مال ہے۔ یہ کاندیولی کے علاقے پوئیسر میں واقع رگھولیلا مال ہے۔اسے بھی ایک شاندار مال کی طرح بنایا گیا ہے اور یہاں گھریلو برانڈ کے متعدد آئوٹ لیٹ موجود ہیں ۔
رگھولیلا مال کیوں جائیں : رگھولیلا مال میں شاپنگ کے متعدد متبادل موجود ہیں ۔ یہاں زیادہ تراسٹور ایسے برانڈس کے ہیں جوعوام میں مقبول ہیں بلکہ زیادہ تر برانڈس تو ایسے ہیں جو ہندوستان میں ہی بنائے جاتےہیں جنہیں آپ خالص دیسی برانڈ بھی کہہ سکتے ہیں ۔ یہاں لائف اسٹائل اورشاپرز اسٹاپ جیساکوئی زیادہ بڑا سیکشن بھی نہیں ہے لیکن جو مصنوعات یہاں ملتی ہیں وہ عام لوگوں کے دل کے قریب ہیں ۔اس کے علاوہ یہاں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ شاپنگ کےعلاوہ یہاں ریئل اسٹیٹ، چارٹرڈ اکائونٹنٹ،فائنانشل کنسلٹنٹ جیسی متعدد خدمات فراہم کرنے والوں کی دکانیں بھی موجود ہیں جہاں آپ اپنی ضرورت کے مطابق خدمات حاصل کرسکتے ہیں ۔
مردوں اور خواتین کی شاپنگ: یہاں خواتین کے علاوہ بڑے پیمانے پر مردوں کیلئے شاپنگ کا بھی انتظام ہے۔ یہاں مشہور برانڈ ایلن سولی کا اسٹور ہے۔ اس کے علاوہ کینٹا بل، لوئی فلپ،پیٹر انگلینڈ، وین ہیوسن،ایکس میکس، فیول ۹؍، فیشن ۹؍،ہم تم،دی باس، جیسے اسٹور ہیں جہاں سے آپ مردوں کیلئے کپڑے خرید سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ژینیانامی اسٹور میں آپ گھڑی،والیٹ،بیلٹ اور کفلنک جیسی چیزیں بھی خرید سکتے ہیں ۔یہاں پر پرفیوم بھی ملتے ہیں جن کی قیمت ۵۰۰؍روپے سے شروع ہوتی ہے۔
کھیل کود کے وافر مواقع: رگھولیلا مال میں کھیل کود کے وافر مواقع دستیاب ہیں ۔ مال میں داخل ہوتے ہی آپ کو کچھ چھوٹی چھوٹی گاڑیاں رکھی ہوئی نظر آئیں گی جس میں چھوٹے بچوں کو بٹھاکر گھمایا جاتاہے۔ان مختلف قسم کی گاڑیوں میں بچے بہت زیادہ لطف لیتے ہیں ۔اس کے علاوہ اوپری منزلے پر کھیلنے کیلئے کئی متبادل موجود ہیں ۔پہلے تو فن زون ہےجہاں قسم کے الیکٹرانک گیم رکھے ہوئے ہیں جن میں ریسنگ اور ایسے ہی دیگر گیم کی مشینیں شامل ہیں ۔ اس کے ایک جانب۹؍پن بالنگ کھیلنے کا مرکز ہے جس میں آپ ایک گیند پھنک کر دوسرے کنارے پر رکھے ہوئے صراحی نما ۹؍ پن گرانا ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک جانب چھوٹے بچوں کیلئے اچھلنے کودنے کے گیم پر مشتمل سیکشن ہےجس میں بچے ایک جالی پر اچھل کود کرسکتے ہیں جبکہ ایک جگہ پر چھوٹی چھوٹی گیندیں ہیں جس میں بچے کود سکتے ہیں اس میں ایک سلائڈ بھی رکھا ہے جس پر پھسلتے ہوئے بچے گیندوں پر گرتے ہیں ۔اس کے علاوہ بھی یہاں دیگر کئی قسم کے گیم ہیں جنہیں بچے کھیل سکتے ہیں ۔
تفریح کے دیگر ذرائع: رگھولیلامال میں تفریح کے دیگر ذرائع بھی موجود ہیں جن میں ایک اہم ذریعہ فلم دیکھنے کا ہے۔ یہاں واقع آئی نوکس ملٹی پلیکس نوجوانوں کیلئے بڑے پیمانےپرکشش کا سبب ہوتا ہے۔یہ ایک ایسی جگہ ہے جو ہر موسم میں نوجوانوں اور دیگر افراد کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔ اس کے اسکرین تو اوپر ہیں لیکن عوام کی آسانی کیلئے گرائونڈ فلور پر ہی باکس آفس بنایا گیا ہےتاکہ سامنے سے گزرنے والا بھی جاتے جاتے فلم کا ٹکٹ خرید کر جاسکے اور وہ مال میں داخل ہونےکیلئے لگنے والے وقت کی بربادی سے بچ سکے۔
لذت کام ودہن: رگھولیلامال میں کھانے پینے کابھی بڑے پیمانے پر انتظام ہے۔جیسا کہ عام طور پر دیگر مالز میں ہوتا ہے کہ بڑے بڑے فوڈ کورٹ ہوتے ہیں یہاں کا نظام کچھ مختلف ہے۔ یہاں چھوٹے چھوٹے فوڈ آئوٹ لیٹس موجود ہیں اور ان کے قریب بچی ہوئی جگہ میں کرسیاں لگادی گئی ہیں کہ لوگ ان پر بیٹھ کر آرام سےاپنے پسند کی ڈش سے لطف اندوز ہوسکیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK