Inquilab Logo Happiest Places to Work

کھادی کا کپڑا خریدنے کیلئے ممبئی میں واقع چند اہم اسٹور

Updated: September 05, 2023, 11:31 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

گوناگوں خصوصیات کا حامل کھادی کاکپڑا آج اسٹائل اور فیشن کا جدید ٹرینڈ بن گیا ہے اسے آپ ممبئی میں پھیلے چند اسٹورز سے خرید سکتے ہیں۔

Vidyarthi Khadi Bhandar Store. Photo: INN
ودیارتھی کھادی بھنڈار کا اسٹور۔ تصویر:آئی این این

کھادی ہمارے ملک میں کپڑوں کے معاملے میں ایک منفرد مقام رکھتاہے۔اس کی کئی وجوہات ہیں ۔پہلی تو یہ کہ یہ کپڑا کئی خصوصیات کاحامل ہے یعنی یہ سردیوں میں جسم کو گرمی اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھتا ہے۔یہ ایک ایسا کپڑا ہے جو اس وقت سے ان خوبیوں کا حامل جب سے ’ہیٹ ٹیکنالوجی‘ نام کی کوئی چیز منظر عام پر نہیں آئی تھی۔ اس کے علاوہ اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے کسی بھی طرح استعمال کیا جاسکتاہے اور اس کے رکھ رکھائو میں زیادہ رقم بھی خرچ نہیں کرنا پڑتی اور اس سے آپ کے کپڑوں اور گھریلو اشیامیں ایک شان و شوکت جھلکنے لگتی ہے۔ اس شاندار قسم کے کپڑے کو صدیوں سے پسند کیا جارہا ہےاوریہ ملک کی پارچہ بافی صنعت کااہم ترین حصہ رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جنگ آزادی کے دور میں گاندھی جی نےسودیسی کو اپنانے کی تحریک کے دوران اس کپڑے کو فروغ دینے پر زور دیا تھا۔آج بھی اکثر سیاست داں اسی کپڑے کو فوقیت دیتےہیں ۔اس کے علاوہ یہ کپڑااپنے آرام دہ اور جدید فیشن سےہم آہنگ ہونےکی خصوصیات کےسبب عوام میں بھی بے حد مقبول ہے۔ اسی کے پیش نظر آج ہم ممبئی کےان چند اہم اسٹورز کے بارے میں معلومات فراہم کررہے ہیں جہاں سے آپ کھادی کے کپڑے خریدسکتے ہیں ۔
ودیارتھی کھادی بھنڈار: کھار کی گلیوں میں گم ودیارتھی کھادی بھنڈار بھلے ہی کوئی چمک بھڑک والا اسٹور نہیں ہے لیکن یہاں سےکھادی کے شاندار کپڑے رعایتی قیمت پر خریدے جاسکتے ہیں ۔یہاں مردوں کیلئے شرٹ، کرتے اسمارٹ نہرو جیکٹ اور روایتی دھوتی بھی ملتی ہے۔ کپڑو ں کے علاوہ یہاں گھرکو سجانے والی چیزیں بھی ملتی ہیں ۔ یہاں ڈبل بیڈ کی چادر،سنگل بیڈ کی چادر سے لے کر گدوں کے کور تک خریدے جاسکتے ہیں ۔دوسروں کے مقابلے یہاں سامان قدرےسستا ملتا ہے لیکن کوالیٹی میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔
کھادی گرام ادیوگ بھنڈار: یہ ملک کا ایک قدیم ترین مرکز ہے جس کے اسٹور متعدد مقامات پر پھیلے ہوئے ہیں ۔اندھیری میں واقع اس کا اسٹورایک پوشیدہ ہیرے کی مانند ہے۔چونکہ یہ اب صرف کھادی نہیں بیچتے اس لئے آپ کو سیلز مین سے کھادی کے سیکشن تک لے جانے کی درخواست کرنا ہوگی۔یہاں بھی کھادی کا ہر طرح کا سامان ملتا ہے پھر چاہے وہ کرتا ہو،بنڈی ہویا چادریں ۔ اس کے علاوہ یہاں کھادی کا میز پوش اور صوفہ کور بھی ملتا ہے۔ 
 کاٹن ورلڈ: یہ بھی کھادی کے کپڑوں کا ایک اہم مرکز ہے اور اس کے اسٹور بھی کئی مقامات پر ہیں ۔اس کے نام پر نہ جائیں ،اس کانام بھلے ہی کاٹن ورلڈ ہے لیکن یہاں کھادی کا بھی بہت بڑا کلیکشن ہے۔ اس کے اسٹور میں ایک گوشہ ہے جس میں آپ کو کھادی کےماڈرن، آرام دہ اور رنگ برنگ کےبے شمار متبادل مل جائیں گے۔یہ اول الذکر اسٹورز کے مقابلےزیادہ فینسی ہے اس لئے آپ یہاں ایسے کپڑے تلاش کرسکتے ہیں جو آج کل ٹرینڈ میں ہیں جس میں گھر میں پہننے لائق سے لے کر دفتر میں زیب تن کرنے لائق تک شامل ہیں ۔
کھادی انڈیا لانج، ولے پارلے: اگر آپ ارلا کے علاقے میں ہیں تو آپ کو وہاں کی گلیوں میں پائے جانے والے متعدد اسٹورز کے بیچ چھپا ہوا یہ ہیرا مل جائےگاجو خصوصی طور پر کھادی کا کپڑا فروخت کرتا ہے اور اپنی روایات کو باقی رکھے ہوئے ہے۔کھادی انڈیا دراصل حکومت کی پہل کانتیجہ ہے اور یہ اسٹور اسی کا حصہ ہے۔یہاں مردوں اور خواتین کے پہننے کیلئے کپڑوں کے علاوہ گھریلو استعمال کے کپڑے اور بغیر سلے کپڑے بھی مل جائیں گے تاکہ آپ درزی سے اپنی پسند کا کپڑا سلواسکیں ۔اس کے علاوہ یہاں گھر کیلئےکونا گھاس کا سامان بھی ملتا ہے جیسے کہ ٹرے اور باسکٹ وغیرہ۔
ہستانجلی کھادی اسٹور،گرگائوں :ہستانجلی شہر کا قدیم ترین کھادی اسٹور ہے۔ یہ دراصل سوادیشی تحریک کے دوران ۱۹۳۷ء میں ممبئی میں قائم کیا گیا تھا۔اس شانداراسٹور نے حال ہی میں ۸۵؍ویں سالگرہ منائی ہے۔آپ ان کے کلیکشن پر مکمل اعتماد کرسکتے ہیں کیوں کہ انہیں اس شعبےمیں اس قدر طویل تجربہ ہےجو ان کےیہاں فروخت ہونے والےکپڑوں میں واضح طور پر جھلکتا ہے۔یہاں پر آپ کو نہرو جیکٹ بھی ملے گی جو یہاں سب سے پہلے فروخت ہونا شروع ہوئی تھی۔ n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK