ہالی ووڈ کے شائقین کیلئے جشن کا ایک اور موقع،فلم میں صرف ایکشن نہیںسپرہیرو کی نجی زندگی اور اس میں پائی جانے والی جذباتی کشمکش پیش کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: August 01, 2026, 12:49 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ہالی ووڈ کے شائقین کیلئے جشن کا ایک اور موقع،فلم میں صرف ایکشن نہیںسپرہیرو کی نجی زندگی اور اس میں پائی جانے والی جذباتی کشمکش پیش کی گئی ہے۔
اسپائڈر مین: برانڈ نیو ڈے (Spider-Man: Brand New Day)
اسٹارکاسٹ:ٹام ہالینڈ، زینڈیا، مارک رفالو،جون برنتھل، سیڈی سنک، جیکب بٹالون،مریسا ٹومی، مائیکل مانڈو
ڈائریکٹر:ڈیسٹن ڈینل کریٹن
رائٹر:کرس میک کینا،ایرک سومرز، اسٹین لی، اسٹیو ڈٹکو
پروڈیوسر:ایوی اراڈ، کیون فیج، رشیل او کونر، امی پاسکل
موسیقار:مائیکل گیاچینوlسنیماٹو گرافر:بریٹ پائولک
ایڈیٹر:نیٹ سینڈر،گینا سینسم، ہیری یون
کاسٹنگ ڈائریکٹر:سارہ فنlپروڈکشن ڈیزائن:چارلز ووڈ
ریٹنگ: ****
یہ بھی پڑھئے: دی انڈیا اسٹوری: فصلوں کیلئے کیمیکل کے بے دریغ استعمال کی کہانی
ان دنوں ہندوستان میں بھی بالی ووڈ کی فلموں کے بجائے ہالی ووڈ کی فلمیں نہ صرف زیادہ دیکھی جارہی ہیںبلکہ پسند بھی کی جارہی ہیں۔اب اس کا سبب چاہے کچھ بھی ہو لیکن یہ ایک بہت بڑی حقیقت ہے۔ پھر چاہے وہ اوینجرز کی سیریزہو،سوپرمین سیریز ہو، یا اسپائڈر مین سیریز،یہ تمام فلمیں ہندوستانی شائقین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہیں۔ حال ہی میں کرسٹوفر نولن کی فلم’دی اوڈیسی‘ ریلیز ہوئی تھی جسے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی جب کہ ایوینجرز سیریز کی اگلی فلم کا بھی بے صبری سے انتظار ہورہا ہے۔اسی ہفتہ اسپائڈر مین سیریز کی فلم’اسپائڈرمین:برانڈ نیو ڈے‘ ریلیز ہوئی ہے جس کے تعلق سے ہندوستانیوں میں بے پناہ جوش کو دیکھتے ہوئے اس فلم کو پوری دنیا سے ایک دن پہلے ہی ہندوستان میں ریلیز کیا گیا ہے۔آئیے دیکھتے ہیں کہ اس میں کیا خاص بات ہے۔
فلم کی کہانی
کرس میک کینا اور ایرک سومرزکی تحریر کردہ یہ کہانی ’نو وے ہوم‘کے ۴؍سال بعد شروع ہوتی ہے۔ڈاکٹر اسٹرینج کے جادوئی اسپیل کے بعد پوری دنیا پیٹر پارکر (ٹام ہالینڈ) کو بھول چکی ہے، یہاں تک کہ اس کی محبوبہ ایم جے (زینڈایا) اور بہترین دوست نیڈ (جیکب بیٹلَن) بھی اسے نہیں پہچانتے۔
اس تنہائی سے نکلنے کے لیے پیٹر خود کو مکمل طور پر اسپائیڈر مین کی ذمہ داریوں میںجھونک دیتا ہے۔ نیویارک شہر میں ٹونی اسٹارک کے وسائل اور ایونجرزسےتعلق ختم ہو جانے کے بعد وہ ذہنی دباؤ، شدید تنہائی اور اپنے جسم میں رونما ہونے والی پراسرار تبدیلیوں سے نبرد آزما ہے۔انہی حالات میں اس کی ملاقات فرینک کیسل (جان برنتھل) اور بروس بینر (مارک رفالو) سے ہوتی ہے۔ ایک باتھ ہاؤس میں سکیوریٹی سے متعلق اجلاس کے دوران وہ یلینا بیلووا (فلورنس پیو) سےبھی مشورہ کرتا ہے، لیکن اس سب کے درمیان اس کا سامنا جین گرےسے ہوتا ہے، جو اب تک کا سب سے خطرناک دشمن ثابت ہوتی ہے۔ فلم کے اختتام پر یہ اشارہ بھی دیا جاتا ہے کہ پیٹر پارکر آئندہ فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘میں بھی نظر آئے گا۔
ہدایت کاری
’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘صرف ایک سپر ہیرو فلم نہیں بلکہ یہ دکھاتی ہے کہ دنیا کو بچانے کی طاقت رکھنے والے شخص کو اس کی کتنی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔ دنیا کا محافظ ہونے کے باوجود اسپائیڈر مین تنہائی، محرومی اور ذمہ داریوں کے بوجھ سے مسلسل لڑتا رہتا ہے۔ یہی جذبات اسےایک عام انسان اور حقیقی معنوں میں ’فرینڈلی نیبرہُڈ ہیرو‘ بناتے ہیں، جس سے ناظرین خود کو جوڑ پاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دھمال ۴:بغیر منطق والے مزاح پر مبنی ایک اور فلم جو صرف ہنساتی ہے
فلم کی کہانی ایکشن اور جذبات کے درمیان بہترین توازن برقرار رکھتی ہے۔ یہاں تک کہ لوگوں کے ذہنوں میں داخل ہو کر تباہی مچانے والی مرکزی ولن جین گرے (سیڈی سنک) کو بھی ایک نہایت جذباتی پس منظر دیا گیا ہے، جس سے اس کا کردار مزید مؤثر ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ بلیک وڈو (فلورنس پیو)، بروس بینر عرف ہلک (مارک رفالو)، اسکارپین (مائیکل مینڈو) اور فرینک عرف پنشر (جان برنتھل) جیسے کردار اگرچہ محدود وقت کے لیے پردے پر آتے ہیں، لیکن ان کی موجودگی کہانی کو مضبوط بناتی ہے اور مارول کے مداحوں کے لیے خوشگوار یادیں تازہ کرتی ہے۔
اداکاری
اداکاری کے اعتبار سے پوری فلم کا دارومدار ٹام ہالینڈ کے کندھوں پر ہے اور انہوں نے اپنے کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کیا ہے۔ اسپائیڈر مین کے روپ میں ان کی پھرتی، ایکشن مناظر اور جذباتی سین سبھی متاثر کرتے ہیں۔ ایم جے اور اپنے دوست نیڈ کو کھونے کا درد ان کے چہرے کے تاثرات میں بخوبی جھلکتا ہے۔ سیڈی سنک نے پراسرار جین گرے کے کردار میں متاثر کن اداکاری کی ہے، جبکہ دیگر اداکاروں کو نسبتاً کم مواقع ملے ہیں۔ اس کےباوجود زینڈایا اپنی مختصر موجودگی میں گہرا اثر چھوڑتی ہیں، خاص طور پر وہ مناظر جن میں جین گرے ان کے وجود پر قابض ہو جاتی ہے۔
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ اسپائیڈرمین یا مارول اسٹوڈیوز کے مداح ہیں تو ایکشن، جذبات، سنسنی اور شاندار بصری مناظر سے بھرپور یہ فلم یقیناً آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔ یہ فلم سپر ہیرو سنیما کے شائقین کے لیے بھرپور تفریح کا مکمل پیکیج ہے۔