اس کا ڈیزائن بھی کافی عمدہ ہے، مڑے ہوئے اسکرین کی وجہ سے کافی پتلا محسوس ہوتا ہے، انٹرفیس ڈیزائن آئی او ایس سے متاثر ہے، کیمرہ بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔
EPAPER
Updated: March 09, 2026, 10:50 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کا ڈیزائن بھی کافی عمدہ ہے، مڑے ہوئے اسکرین کی وجہ سے کافی پتلا محسوس ہوتا ہے، انٹرفیس ڈیزائن آئی او ایس سے متاثر ہے، کیمرہ بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔
بیٹری ٹیکنالوجی اور پروسیسرز میں ترقی، ساتھ ہی بہتر سافٹ ویئرآپٹیمائزیشن کی بدولت اب یہ ضروری نہیں رہا کہ اسمارٹ فونز میں بہت زیادہ بڑی بیٹریاں ہی ہوں۔ سلیکون کاربن ٹیکنالوجی والی لیتھیم آئن بیٹریوں نےتیزچارجنگ کو ممکن بنایا ہے اور کمپیکٹ ڈیوائسز میں زیادہ گنجائش والی بیٹریاں فِٹ کرنا بھی آسان بنا دیا ہے۔ ریئل میں پی ۴؍پاور کے بعداب ٹیکنونےایک ایسا فون پیش کیا ہے جس میں ۸؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو حیرت انگیز طور پر ایک نسبتاً پتلےڈیزائن میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈیزائن
نیا فون ٹیکنو پووا کرو ۲؍گزشتہ سال کے پووا کروکےمقابلے میں بالکل نیا ڈیزائن رکھتا ہے۔ اس میں زیادہ گول کنارے اور نسبتاً وسیع خم موجودہیں، جبکہ یہ اپنے پیشرو سے۰ء۰۸؍ملی میٹر پتلا بھی ہے۔ فون میں خم دار کناروں والی اسکرین دی گئی ہے جو بائیں اور دائیں جانب کافی زیادہ مڑی ہوئی ہے۔ اسی طرح پچھلا پینل بھی خم دار ہے جس کی وجہ سے فون اصل سائز کے مقابلے میں زیادہ باریک محسوس ہوتا ہے۔ فون کے پچھلے حصے پر سائبر تھیم والا ڈیزائن دیا گیا ہےجس میں آؤٹ لائنز، ’پووا‘برانڈنگ اور سرکٹ جیسے ہولوگرافک گرافکس شامل ہیں۔ یہ ڈیزائن اوپری بائیں کونے میں موجود منفرد مگردلکش ٹرپل کیمرا ماڈیول کے ساتھ اچھی طرح میل کھاتا ہے۔ ساتھ ہی پووا لوگو کے پاس نارنجی رنگ کا ایک نمایاں نشان اور ابھرا ہوئی پاور بٹن بھی موجود ہے۔ کیمرا ماڈیول فون کے پتلے ڈیزائن کے مقابلے میں کچھ موٹا ہے، لیکن اس کی تکونی ترتیب کی وجہ سے فون میز پر رکھنے پر ہلتا نہیں۔
ڈسپلے
خم دار کناروں والی اسکرین کےچاروں طرف بارڈر یکساں ہیں اور بائیں و دائیں جانب کافی زیادہ خم رکھتے ہیں۔ کھلی روشنی میں اسکرین کافی روشن ہو جاتا ہے اور ڈسپلے سیٹنگز میں ایکسٹرا برائٹ نیس فیچر آن کرنے پر براہ راست دھوپ میں بھی متن اور تصاویر صاف نظر آتی ہیں۔ ڈیفالٹ اوریجنل کلرسیٹنگ پر رنگ کچھ زیادہ شوخ محسوس ہوتے ہیں۔ ’۱ء۵؍کے‘ریزولوشن کے باعث متن اور تصاویر خاصی واضح دکھائی دیتی ہیں۔
سافٹ ویئر
اس میں سافٹ ویئر کا تجربہ خاصا منفرد ہے۔ اس کا ہائی اوایس انٹرفیس ڈیزائن کے لحاظ سے کسی حد تک آئی او ایس ۲۶؍سےمتاثر نظرآتاہے، لیکن اس میں کچھ نئے یوزر انٹرفیس عناصر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ چینی اسمارٹ فون برانڈز کی طرح یہاں بھی لاک اسکرین پر وال پیپر کے ساتھ ڈیپتھ افیکٹ دیا گیا ہے، تاہم ہائی او ایس اس سےآگے بڑھ کر ہوم اسکرین پر بھی یہ اثر فراہم کرتا ہے۔ یہ دیکھنے میں تو اچھا لگتا ہے مگر کبھی کبھی وال پیپر میں موجود کردار یا اشیا کی وجہ سے آئیکنز کی ترتیب بدل جانا کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔
کیمرہ
پہلی نظر میں یہ فون ٹرپل ریئر کیمرا سیٹ اپ کے ساتھ نظر آتا ہے، مگر حقیقت میں صرف ایک ہی کیمرا صارف کے لیے فعال ہے۔ مرکزی کیمرا بنیادی درجے کی کارکردگی فراہم کرتا ہے، جو مڈ رینج کے بجائے بجٹ فون جیسا محسوس ہوتا ہے۔
بیٹری
۸؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کے باوجود فون کی چارجنگ حیرت انگیز طور پر تیزہے۔ شامل چارجر کے ساتھ یہ فون ۳۰؍منٹ میں ۳۶؍ فیصد اور ایک گھنٹے میں ۷۳؍ فیصد تک چارج ہو جاتا ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۶ء۷۸؍انچ امولیڈ
ڈسپلے پروٹیکشن
گوریلا گلاس ۷؍آئی
سافٹ ویئر
اینڈرائیڈ ۱۶؍ پر مبنی ہائی او ایس۱۶
پروسیسر
میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی۷۱۰۰؍الٹرا
ریم
۸؍ جی بی
اسٹوریج
۱۲۸؍ جی بی
پرائمری کیمرہ
۵۰؍ میگا پکسل
سیلفی کیمرہ
۱۳؍ میگا پکسل
بیٹری
۸؍ہزار ایک ایم اے ایچ
چارجنگ(وائر)
۴۵؍واٹ الٹرا چارج
چارجر
بکس میں موجود