اس فون کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی بڑی بیٹری ہی ہے جو ۳؍تا ۴؍دن بھی چل سکتی ہے،اس کی چارجنگ بھی کافی تیز رفتار ہے۔
EPAPER
Updated: October 12, 2026, 1:51 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس فون کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی بڑی بیٹری ہی ہے جو ۳؍تا ۴؍دن بھی چل سکتی ہے،اس کی چارجنگ بھی کافی تیز رفتار ہے۔
برسوں سے شاؤمی کی ریڈمی نوٹ سیریز کا مقصد مناسب قیمت میں بہترین خصوصیات اور روزمرہ استعمال کیلئےکارآمد اسمارٹ فون فراہم کرنا رہا ہے۔ کمپنی کے حالیہ ماڈلز میں کسی ایک خاص خوبی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے اور اسی شعبے میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نیا ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس بھی اسی حکمت عملی پرتیار کیا گیا ہے۔ تاہم، گزشتہ نسل کی طرح کیمرا کے میگا پکسلز بڑھانے کے بجائے اس مرتبہ کمپنی نے بیٹری کی طاقت پر توجہ دی ہے۔ اس فون میں ۱۰؍ہزارایم اے ایچ کی بڑی سلیکون کاربن بیٹری دی گئی ہے، جو اس کی سب سے نمایاں خصوصیت ہے۔
قیمت: ہندوستان میں ۵۰؍ ہزارروپے کی ابتدائی قیمت کے ساتھ ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس ایسے زمرے میں داخل ہوتا ہے جہاں فون کی خامیوں کو نظرانداز کرنا آسان نہیں ہوتا۔
ڈیزائن: ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس ایک بڑا اسمارٹ فون ہے اوراس حقیقت سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ ظاہر ہے کہ ۱۰؍ ہزارایم اےایچ کی بیٹری کو فون کے اندر خاصی جگہ درکار ہوتی ہے۔ اس کے باوجود حیرت انگیز طور پر اسے ہاتھ میں پکڑنا آسان ہے۔ اس کی بنیادی وجہ فلیٹ فریم اور کناروں کا قدرے گول ہونا ہے۔ فون کا وزن بھی مناسب انداز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ اوپری حصے کی جانب زیادہ بھاری محسوس نہیں ہوتا۔فون کے پچھلے حصے میں اوپری بائیں جانب کیمرا ماڈیول دیا گیا ہے۔ اس میں۲؍کیمرا کٹ آؤٹس اور فلیش کیلئے الگ گول حلقہ موجود ہے۔ ڈیزائن میں کوئی خاص جدت نہیں ہے، مجموعی بناوٹ کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
ڈسپلے: فون کو پلٹنے پر اس کا۶ء۸۳؍انچ کا۱ء۵؍کےامولیڈ ڈسپلے نظر آتا ہے،جو ۱۲۰؍ہرٹز ریفریش ریٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔ ویڈیوزاور فلمیں دیکھنے کے لیے یہ ایک عمدہ اسکرین ہے۔رنگ خاصے شوخ اور دلکش ہیں،جب کہ سیاہ رنگ بھی گہرا دکھائی دیتا ہے۔ اس میں ڈولبی وژن کی سہولت بھی موجود ہے، جو نیٹ فلکس پر مسلسل شوز دیکھنے والوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہے۔
سافٹ ویئر: سافٹ ویئر کے معاملے میں اس فون میں اینڈرائڈ ۱۶؍پرمبنی ہائپر او ایس۳؍دیا گیا ہے۔ اس میں ہائپر آئی لینڈ کےساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی کئی سہولتیں بھی موجود ہیں، جن میں تحریر تیار کرنا، آواز کو تحریر میں تبدیل کرنا، معلومات تلاش کرنا اور تصاویر میں ترمیم کرنا شامل ہیں۔ ان میں سے بعض فیچرز واقعی کارآمد ہیں، جب کہ کچھ ایسے محسوس ہوتے ہیں جنہیں محض اس لیے شامل کیا گیا ہے کہ کمپنی انہیں فراہم کرسکتی تھی۔
ہارڈ ویئر: ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس میں کوالکوم کا۴؍نینو میٹرٹیکنالوجی پر مبنی اوکٹا کور اسنیپ ڈریگن۶؍ جن۵؍ چپ سیٹ دیا گیا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ کلاک اسپیڈ۲ء۶؍گیگا ہرٹز ہے۔ اس کے ساتھ ۱۲؍جی بی تک ریم اور۵۱۲؍ جی بی تک اسٹوریج ہے۔
کیمرہ: اچھی روشنی میں فون کا مرکزی کیمرا اچھی کارکردگی دکھاتا ہے۔ تصاویر میں رنگ دلکش نظر آتے ہیں اور جلد کے رنگ بھی بڑی حد تک قدرتی دکھائی دیتے ہیں۔روشنی اور سائے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت بھی مناسب ہے۔کم روشنی میں تصویر لیتے وقت او آئی ایس یعنی آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔تاہم، انتہائی کم روشنی میں اس کی کارکردگی عام سی ہوجاتی ہے۔ بہت تاریک ماحول میں لی گئی تصاویر میں شوریعنی نوائز نظر آتا ہے اور باریک تفصیلات بھی قدرے دھندلی ہونے لگتی ہیں۔
پورٹریٹ تصاویر کے معاملے میں فون حیرت انگیز طور پر اچھی کارکردگی دکھاتا ہے۔ بیشتر صورتوں میں تصویر کے مرکزی موضوع اور پس منظر کے درمیان فرق واضح رہتا ہے۔البتہ، بعض اوقات تصویر کی پروسیسنگ ضرورت سے زیادہ محسوس ہوتی ہے، جس سے تصویر کا قدرتی انداز متاثر ہوسکتا ہے۔
بیٹری: ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس میں ۱۰؍ہزارایم اے ایچ کی سلیکون کاربن بیٹری دی گئی ہے، جو عام اسمارٹ فونز کی بیٹریوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑی ہے۔ شاؤمی کا دعویٰ ہے کہ ہلکے استعمال کی صورت میں یہ فون ۴؍ دن سے بھی زیادہ چل سکتا ہے۔ اگرچہ حقیقی زندگی میں ہر صارف کو اتنا بیک اپ ملنا ضروری نہیں، لیکن اس کے باوجود فون کی بیٹری کی کارکردگی انتہائی عمدہ ہے۔
فون میں ۱۰۰؍واٹ ہائپر چارج فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ بیشتر مواقع پر صفر سے ۱۰۰؍فیصد تک چارج ہونے میں فون کو تقریباً ایک گھنٹہ ۱۴؍منٹ لگتے ہیں۔اتنی بڑی بیٹری کے لحاظ سے یہ اعداد و شمار کافی اچھے ہیں۔