• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایچ پی ہائپر ایکس اومن ۱۶؍ والورنٹ ایڈیشن: گیمنگ کیلئے عمدہ مشین

Updated: September 28, 2026, 1:27 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

خصوصی طور پر گیمنگ کیلئے اس کا ہارڈویئر بہت ہی عمدہ رکھا گیا ہے، پروسیسر، ریم اورجی پی یو بھی عمدہ دیا گیا ہے، کی بورڈ اور ویب کیم بھی اچھا ہے۔

HP HyperX Omen 16 Valorant Edition. Image: INN
ایچ پی ہائپر ایکس اومن ۱۶؍ والورنٹ ایڈیشن۔ تصویر: آئی این این

خصوصی ایڈیشن کے گیمنگ لیپ ٹاپ عام طور پر ایک خاص اندازپر تیار کیے جاتے ہیں۔ کمپنی کسی مشہور گیم کے حقوق حاصل کرتی ہے، لیپ ٹاپ کے ڈھکن پر اس کا لوگو لگایا جاتا ہے، مخصوص وال پیپرز شامل کیےجاتے ہیں اور یوں ایک ایسا لیپ ٹاپ سامنے آتا ہے جو بنیادی طور پر پہلے سے موجود ماڈل کا ہی نیا روپ ہوتا ہے۔ تاہم ایچ پی والورنٹ ایڈیشن ہائپر اومن ۱۶؍اس روایت سے کچھ مختلف ہے۔ اس میںصرف لوگو اور وال پیپرز ہی شامل نہیںکیےگئے بلکہ ہارڈ ویئر میں بھی کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔یہ رائٹ گیمزکے اشتراک سے تیار کیا گیا پہلا باضابطہ طور پر لائسنس یافتہ گیمنگ لیپ ٹاپ ہے۔

قیمت:کمپنی نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ یہ لیپ ٹاپ صرف والورنٹ ہی نہیں بلکہ دیگر بڑی اور جدید اے اے اے گیمز بھی آسانی سے چلا سکے۔ہندوستان میں اس لیپ ٹاپ کی ابتدائی قیمت ۲؍لاکھ ۲۴؍ ہزار ۹۹۹؍روپے ہے۔

 ڈیزائن:اس لیپ ٹاپ کو دیکھتے ہی سب سے پہلے اس کا رنگ توجہ حاصل کرتا ہے۔ عام طور پر گیمنگ لیپ ٹاپس میں سیاہ یا سرمئی رنگ زیادہ دیکھنے کو ملتے ہیں، تاکہ مشین کی دیگر خصوصیات نمایاں ہوں۔لیکن اس کیلئےکمپنی نے ایک نیا رنگ استعمال کیا ہے، جسے ’والورنٹ بلیو‘کہا گیا ہے۔ یہ عام نیلا رنگ نہیں بلکہ گہرا، تقریباً سیاہی مائل نیوی بلیو ہے، جو روایتی گیمنگ لیپ ٹاپس کے مقابلے میں اسے الگ شناخت دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موٹرولاایج ۷۰؍میکس: اعلیٰ طبقے کیلئے موٹرولا کا ایک عمدہ فون

ڈسپلے:اس گیمنگ لیپ ٹاپ کی ایک اور اہم خصوصیت اس کا ڈسپلےہے۔ اس میں ۱۶؍انچ کی اسکرین دی گئی ہے جس کا ریزولوشن x۱۶۰۰ ۲۵۶۰؍پکسلز، ریفریش ریٹ ۲۴۰؍ ہرٹز اوررسپانس ٹائم ۳؍ملی سیکنڈہے۔یہ آئی پی ایس پینل ۵۰۰؍نٹس تک کی زیادہ سے زیادہ برائٹنس اور ۱۰۰؍فیصد ایس آر جی بی کوریج فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی گلیئر فنش، لو بلیو لائٹ سرٹیفکیشن اور فلکر فری آپریشن بھی موجود ہے۔

سافٹ ویئر:لیپ ٹاپ میں ونڈوز ۱۱؍ ہوم پہلے سے انسٹال ہے، جبکہ ایچ پی کا اومن گیمنگ ہب اس کا مرکزی کنٹرول سینٹر ہے۔ کارکردگی سےمتعلق زیادہ تر کنٹرول اسی کے ذریعے کیے جاسکتے ہیں۔ صارف اپنی ضرورت کے مطابق پرفارمنس موڈ تبدیل کرنے، سسٹم کے رویے کو کنٹرول کرنے اور کام کے مطابق گرافکس سیٹنگز ترتیب دینے کی سہولت حاصل کرتا ہے۔

کارکردگی: ایچ پی کایہ نیا گیمنگ لیپ ٹاپ اعلیٰ درجے کی خصوصیات سےلیس ہے۔ اس میں اے ایم ڈی رائزن ۹؍ ۹۹۵۵؍ پروسیسر دیا گیا ہے، جو والورنٹ جیسےگیم کے لیے درکار طاقت سے کہیں زیادہ کارکردگی فراہم کرتا ہے۔ اس پروسیسر میں۱۶؍ کوراور ۳۲؍تھریڈزہیں، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ بوسٹ کلاک اسپیڈ۴ء۵؍ گیگا ہرٹزاور ایل ۳؍کیش ۶۴؍ جی بی ہے۔

پروسیسر کے ساتھ۲۴؍ جی بی ڈی ڈی آر ۵؍ریم اور ایک ٹی بی ، ای ایس ڈی اسٹوریج دی گئی ہے۔گرافکس کے لیے این ویڈیا جی فورس آر ٹی ایکس ۵۰۷۰؍ جی پی یو موجود ہے، جس میں ۸؍ جی بی، جی ڈی ڈی آر۷؍میموری ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نوبرا وادی: لیہہ کے پہاڑوں کے درمیان ایک الگ دنیا کا احساس

کی بورڈ: اس کی سب سے دلچسپ خصوصیات میں اس کا کی بورڈ بھی  ہے۔ یہ مکمل سائز کا کی بورڈ ہے جس میں نمبرکی پیڈ،۴؍ زون والی آر جی بی لائٹنگ، ۲۶؍ کی رول اووراور اینٹی گھوسٹنگ موجود ہے۔

ٹچ پیڈ:  بڑا ٹچ پیڈ بھی دیا گیا ہے جو ہموار اور درست کام کرتا ہے۔ ماؤس موجود نہ ہو تو روزمرہ نیویگیشن کیلئے اس کا سائز بھی کافی ہے۔

اسپیکرز : اسپیکرز اس لیپ ٹاپ کی اتنی متاثر کن خصوصیت نہیں ہیں۔ اس میں ڈوئل اسپیکرز کے ساتھ ایچ پی آڈیو بوسٹ،ڈی ٹی ایس :ایکس الٹرا اورہائپر ایکس ٹیوننگ دی گئی ہے۔ ویڈیوز دیکھنے اور عام گیمنگ کے لیے یہ مناسب ہیں، لیکن اس قیمت کے لیپ ٹاپ سے جس طاقت اور گہرائی کی توقع ہوتی ہے، وہ یہاں نہیں ملتی۔ سنجیدہ گیمنگ کے لیے ہیڈسیٹ استعمال کرنا بہتر ہوگا۔

ویب کیم: ویب کیم ۱۰۸۰؍ پی کاہے، جس میں ایچ ڈی  آر آٹوسوئچنگ، ٹمپورل نوائز ریڈکشن اور ڈوئل اَرے ڈیجیٹل مائیکروفونز موجود ہیں۔ پرائیویسی شٹر بھی دیا گیا ہے، جو ایک مفید اضافہ ہے۔

بیٹری: لیپ ٹاپ میں ۸۳؍ ڈبلیو ایچ کی بیٹری دی گئی ہے، جو اس مشین کےطاقتور ہارڈ ویئر کو دیکھتے ہوئے مناسب ہے۔ اس کے ساتھ۲۸۰؍ واٹ کا اڈاپٹر ملتا ہے، جو کافی بڑا اور بھاری ہے اور اسے ساتھ لے کر چلنا آسان نہیں۔عام سے لے کر نسبتاً زیادہ استعمال کے دوران بیٹری تقریباً۲؍گھنٹے ۴۵؍منٹ تک چلتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK