• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی کیوزیڈ ۱۱؍لائٹ کئی معاملات میں بہترین کارکردگی دینے سے قاصر ہے

Updated: October 19, 2026, 1:05 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فون کو ڈسپلے، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کے معاملے میںعمدہ قرار نہیں دیا جاسکتا ،اس کا ڈیزائن اچھا ہے اور بیٹری بہتر کارکردگی پیش کرتی ہے۔

iQOO Z 11 Lite. Image: INN
آئی کیو زیڈ ۱۱؍لائٹ۔ تصویر: آئی این این

۲۰۲۶ءمیں۲۰؍ہزار روپے سے کم قیمت میں ایک اچھا اسمارٹ فون تلاش کرناخاصا مشکل ہوگیا ہے۔ ہندوستان کی بجٹ اسمارٹ فون مارکیٹ میں اس قیمت پر اب بنیادی درجے کے ہارڈویئر والے فون ہی دستیاب ہیں۔ خریدار چاہتے ہیں کہ فون کا کیمرا دن کی روشنی میں اچھی تصاویر لے، سافٹ ویئر آسانی اور تیزی سے کام کرے اور بیٹری بھی دیر تک چلے۔ لیکن ہر گزرتے مہینے کے ساتھ ۲۰؍ہزار روپے سے کم قیمت میں ان بنیادی ضروریات کو پورا کرنا مشکل ہوتاجارہاہے۔آئی کیوزیڈ ۱۱؍لائٹ اس صورت حال کی ایک اچھی مثال ہے۔یہ بجٹ زمرے کا۵؍جی اسمارٹ فون ہے، جو محدود سہولتوں کے باوجود اپنی جگہ برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

 قیمت: یہ آئی کیوکی زیڈ سیریز کا سب سے سستا اسمارٹ فون ہے۔ اس کے بنیادی ماڈل، جس میں۴؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، کی قیمت ۱۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپےسےشروع ہوتی ہے۔اس فون کی نمایاں خصوصیات میںاس کا ڈیزائن اور بیٹری کی کارکردگی شامل ہیں۔

 ڈیزائن: اس کا ڈیزائن قدرے لمبا اور پتلا ہے، جس کی وجہ سے اسےہاتھ میں پکڑنا آسان رہتا ہے۔ اس کے فریم اور پچھلے پینل کی تیاری میں پولی کاربونیٹ استعمال کیا گیا ہے۔اس سے فون کا وزن قابومیں رکھنے میں مدد ملتی ہے، کیونکہ اس میں ۶۵۰۰؍ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے۔ تاہم، پولی کاربونیٹ استعمال کیے جانے کے باوجود فون کا وزن۲۰۹؍گرام ہے، جو اسے قدرے بھاری محسوس کراتا ہے۔اس فون کی موٹائی۸ء۳۹؍ملی میٹر ہے، اس لیے اسے بہت پتلا نہیں کہا جاسکتا۔ تاہم، ڈسپلے کے شیشے کے گرد موجود موٹے سیاہ کناروں کی وجہ سے اس کا درمیانی فریم نسبتاً پتلا دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ریڈمی نوٹ ۱۷؍پرو میکس:۱۰؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری کا حامل فون

ڈسپلے: ۲۰؍ہزار روپے سے کم قیمت والے فون میں ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیکھ کر عام طور پر حیرت ہوسکتی ہے، لیکن۲۰۲۶ءمیں صارفین کم از کم یہ توقع ضرورکرتے ہیں کہ اسکرین بنیادی ضروریات پر پوری اترے گی۔اس فون میں ایچ ڈی پلس ریزولیوشن والا ڈسپلے دیا گیا ہے۔ تصاویر کو بڑا کرکے دیکھنے اور اوریجن او ایس کے مختلف انٹرفیس عناصر کو استعمال کرنے کے دوران اس کی وضاحت بظاہر مناسب محسوس ہوتی ہے۔ 

سافٹ ویئر: آئی کیوکااوریجن او ایس سافٹ ویئر مجموعی طور پراچھا تجربہ فراہم کرتاہے، لیکن فون کے محدود ہارڈویئر کی وجہ سے اس کی کارکردگی میں وہ روانی نظر نہیں آتی جس کی توقع کی جاتی ہے۔ اوریجن او ایس۶؍میںاپنی پسند کے مطابق تبدیلیاں کرنے کے کئی اختیارات موجود ہیں۔ اس کم قیمت والے فون میں لاک اسکرین کے مختلف تھیمز اور دیگر سہولتوں کی موجودگی اچھی بات ہے۔

ہارڈ ویئر: اس فون میں میڈیاٹیک ڈائمنسٹی  ۶۳۰۰؍ کا پروسیسر دیا گیا ہے جس کی رفتار ۲ء۴؍گیگا ہرٹز  ہے۔اس میں ۴؍ اور ۶؍جی بی ریم کا متبادل دیا ہے جبکہ اسٹوریج کے معاملے میں بھی ۱۲۸؍ اور ۲۵۶؍جی بی کا متبادل موجود ہے۔افسوس کی بات یہ ہے کہ۶؍جی بی ریم والا ماڈل بھی سافٹ ویئر کے معاملے میں زیادہ ہموار تجربہ فراہم نہیں کرتا۔ فون استعمال کرتے ہوئے کئی مرتبہ اسکرین کی حرکت میں جھٹکے محسوس ہوتےہیں۔ایپس کھولنے میں نمایاں تاخیر ہوتی ہے اور مختلف فہرستوں کو اوپر نیچے کرتے وقت بھی اسکرولنگ میں رکاوٹ آتی ہے۔

اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ کارکردگی توقع پر پوری نہیں اترتی۔

کیمرہ: فون کا مرکزی کیمرا تصاویرمیں قدرتی رنگ پیش کرتا ہے، لیکن تفصیلات کے معاملے میں اس کی کارکردگی متاثر کن نہیں ہے۔ دن کی تیز روشنی میں تصاویر لینے پر مختلف چیزوں کی سطح اور بناوٹ دھندلی اور غیر واضح دکھائی دیتی ہے۔کیمرا اکثر مناظر کو ضرورت سے زیادہ روشن کرکے پیش کرتا ہے، جس کے نتیجے میں تصاویر کے کئی حصوں میں روشنی اس قدر بڑھ جاتی ہے کہ وہاں موجود تفصیلات واضح نہیں رہتیں۔ کبھی کبھار روشنی کے حالات موزوں ہوں تو اچھی تصویر حاصل کی جاسکتی ہے، لیکن تصویر کو تھوڑا بڑا کرکے دیکھنے پر اس کی خامیاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔

بیٹری: ڈسپلے اور کارکردگی کے معاملے میں فون کی محدود صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے اس کی بیٹری کا بہترین نتیجہ دینا حیران کن نہیں ہے۔ کم ریزولیوشن والے ڈسپلے اور محدود کارکردگی کے ہارڈویئر کی وجہ سے بجلی کی کھپت بھی نسبتاً کم رہتی ہے۔روزمرہ کے معمول کے استعمال میںاس کو ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد آسانی سے ۲؍ دن تک چلایاجا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK