• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلم ’چندو چمپئن‘ کوکارتک کی اداکاری کیلئے دیکھا جانا چاہئے

Updated: June 15, 2024, 10:20 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

یہ ایک بایو پک ہے اور اداکار کارتک نے اپنے ہنر سے پیرالمپک ایتھلیٹ مرلی کانت پیٹکر کی کہانی کو پردے پرزندہ کردیا ہے۔

Karthik Aaryan has worked very hard for his role in the movie `Chandu Champion`. Photo: INN
فلم ’چندو چمپئن ‘ میں کارتک آرین نے اپنے کردار کیلئے بہت محنت کی ہے۔ تصویر : آئی این این

چندو چمپئن 
 (Chandu Champion)
اسٹار کاسٹ :کارتک آرین، وجے راز، بھاگیہ شری پٹوردھن، راجپال یادو، سندیپ چودھری، ونیتا شرما اور بھوون اراڑہ ۔ 
 ڈائریکٹر :کبیرخان
رائٹرس:سمیت اروڑہ، کبیرخان، سدیپتو سرکار، روہت شکرے۔ 
 موسیقی:پریتم چکربورتی، 
 پروڈیوسر:ساجد نڈیاڈ والا اور فیروزی خان۔ 
 سنیماٹوگرافی:سدیپ چٹرجی 
کاسٹنگ:مکیش چھابریا
ایکشن ڈائریکٹر:امر شیٹی اور روب ملر۔ 
ویژول ایفکٹس: ریڈ چلیز وی ایف ایکس۔ 
 ریٹنگ: ***
 اداکارکارتک آرین کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم `چندو چمپئن ۱۴؍جون ۲۰۲۴ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے۔ فلم کی کہانی ملک کے پہلے پیرالمپک گولڈ میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم کے ہدایتکار کبیر خان نے ایک روز قبل ہی اس کی اسپیشل اسکریننگ کا اہتمام کیا تھا، اس وقت فلم دیکھنے والے اس کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے تھے اور جمعہ کی صبح سے ہی تھیٹرس میں فلم کے شوز شروع ہوگئے۔ 
 کچھ لوگوں نے اسے سال۲۰۲۴ء کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔ ناقدین اسے۴؍ میں سے۵؍ اسٹار ریٹنگ دے رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ کارتک آرین نے مرلی کانت پیٹکر کا کردار بہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ایک بایوگرافیکل اسپورٹس ڈرامہ ہے جس میں مرلی کی فتح اور ناکامی دونوں کو دکھایا گیا ہے۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی شروعات بوڑھے مرلی کے تھانے میں بیٹھ کر کچھ پولیس والوں کو اپنے اچھے وقت کی کہانی سنانے سے ہوتی ہے۔ وہ انہیں بتاتا ہے کہ۴۰؍ سال بعد بھی وہ حکومت سے ارجن ایوارڈ حاصل کرنے کے کیوں مستحق ہیں۔ کہانی فلیش بیک میں چلی جاتی ہے اور مرلی کی زندگی وہیں سے شروع ہوتی ہے۔ مہاراشٹر کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہونے والا لڑکا بچپن سے ہی ہندوستان کے لئے اولمپک گولڈ میڈل کیسے جیتنا چاہتا تھا۔ دارا سنگھ کا دیوانہ ہے اور اس کے لئے وہ کشتی سیکھتا ہے۔ وہ فوج میں باکسنگ کی تربیت لیتا ہے اور پھر `ونڈر بوائے فار انڈیا بن جاتا ہے۔ اس فلم میں مرلی کانت پیٹکر کی کہانی کے ہر پہلو کو دکھایا گیا ہے۔ 
کارتک آرین کی اداکاری کیسی ہے؟
  کارتک آرین ہمیشہ اپنا کردار بخوبی نبھاتے ہیں لیکن اس فلم کے لئے ان کی تبدیلی سے لے کر دوسری چیزوں تک ہر چیز میں ان کی محنت صاف نظر آتی ہے۔ مرلی کانت پیٹکر کا کردار ادا کرنے کے لئے کارتک نے اپنے اظہار اور باڈی لینگویج پر کافی محنت کی ہے اور ان کی محنت رنگ لائی ہے، فلم میں شائقین انہیں بہت پسند کر رہے ہیں اور ان کی اداکاری کی تعریف کررہے ہیں۔ 
فلم کی ہدایتکاری بھی کمال کی ہے
 کبیر خان نے اس فلم کو بہت اچھے طریقے سے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم میں باکسنگ رنگ کے مناظر اور وار سیکونس کو بہترین طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سنیماٹوگرافی بھی کمال کی ہے۔ فلم کی کہانی تقریباً۵۰؍ سے۶۰؍برس پرانی دکھائی گئی ہے اور میکرس اسے اسکرین پر حقیقی شکل دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ فلم کا دورانیہ۲؍ گھنٹے۲۳؍ منٹ ہے جو شاید اس سے بھی کم ہوسکتا تھا۔ 
کبیرخان صحیح اسکرپٹ تیار کرنے میں ناکام 
 فلم ’چندو چمپئن‘ کی کہانی ایسی ہے کہ فلموں میں دلچسپی رکھنے والوں کو تو چھوڑیں، مہاراشٹر کی شخصیات کے بارے میں جاننے والے بھی اس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے ہوں گے۔ یہ کہانی عام سامعین سے براہ راست جڑ نہیں پاتی کیونکہ یہ ایک شخص کی اپنی خواہش پوری کرنے اور اس کے لئے اپنی جان قربان کرنے کی کہانی ہے۔ یہ شخصی ترقی کی کہانی ہے جس میں معاشرے کے لئے کچھ زیادہ نہیں ہے۔ اسپورٹس جرنلسٹ نینتھارا کے جال میں پھنسنے کی وجہ سے باکسنگ فائنل ہارنے کا باب اس فلم میں مرلی کانت کا ٹرننگ پوائنٹ ہو سکتا تھا، لیکن کبیر علی نے اس لمحے کا ہائی لائٹ پوائنٹ بنانے کی پوری کوشش کی اور بعد میں اسی لمحے کو دُہرایا۔ 
فلم کیوں دیکھیں ؟
 فلم کی کہانی ملک کے پیرا لمپک گولڈ میڈلسٹ کی کہانی پر مبنی ہے جسے `ونڈر بوائے فرام انڈیا کے نام سے جانا جاتا ہے، اس لئے یہ آپ کو بہت زیادہ ترغیب دے سکتی ہے۔ آپ فلم کے ذریعے مرلی کانت کے قابل فخر سفر کو دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ جو لوگ کارتک آرین کے مداح ہیں وہ یہ ضرور دیکھیں، اس کے بعد آپ ان کے اور بھی بڑے مداح بن جائیں گے۔ اس فلم میں کارتک کو ساتھی اداکاروں سے زیادہ تعاون نہیں ملا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK