Inquilab Logo

ٹائیگر۳؍:ایک جاسوس جوجمہوری قدروں کا محافظ بن گیا

Updated: November 18, 2023, 10:22 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ایک ایسا جاسوس جو اپنے ملک میں نہیں رہتا لیکن ملک اور اپنے خاندان کی حفاظت کیلئےکسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے کیلئے تیاررہتا ہے۔

Salman Khan can be seen in a scene from the movie `Tiger 3`. Photo: INN
سلمان خان کو فلم’ٹائیگر۳‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

ٹائیگر۳ (Tiger 3)
اسٹار کاسٹ: سلمان خان،کترینہ کیف، عمران ہاشمی، سمرن، شاہد لطیف، دانش بھٹ،کمد مشرا،رنویر شوری،چندچور رائے۔
ہدایتکار:منیش شرما
 کہانی:آدتیہ چوپڑہ 
 ڈائیلاگ: انکر چودھری 
اسکرین پلے:سری دھر راگھون 
پروڈیوسر:آدتیہ چوپڑا،اکشے ودھانی،نومیت سنگھ،سنجے شیولکر،سدھانشو کمار
موسیقی:پریتم 
سنیماٹوگرافی:انئے گوسوامی
 ایڈیٹنگ: رامیشور ایس، بھگت
پروڈکشن ڈیزائن:میور شرما،
آرٹ ڈائریکٹر: پیٹریس اینڈریو،ڈیوڈسن، پرمود مہارانا
ریٹنگ: ***
جاسوسی کہانیاں تقریباً ہر کسی کو پسند آتی ہیں ۔اردو کے مایہ ناز مصنف ابن صفی جاسوسی کہانیوں کی وجہ سے ہی اس قدر مشہور ہیں کہ آج ان کی عظمت کو سب ہی قبول کرتے ہیں ۔ آج چونکہ لوگوں میں پڑھنے سے زیادہ دیکھنے میں دلچسپی ہے اس لئے جاسوسی کہانیوں پر مبنی فلمیں پسند کی جاتی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ماضی میں رومانوی کہانیوں پر فلمیں بنانے کیلئےمشہور فلم ساز ادارے یش راج فلمز نے جاسوسی کہانیوں پر مبنی فلموں کی سیریز شروع کی ہے۔ اس سیریز کی تازہ ترین فلم’ ٹائیگر۳‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہےجو اپنے آپ میں نہایت ہی شاندار ہے۔ اس کی کئی وجوہات ہیں ان میں سب سے پہلی وجہ سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی کی شاندار اداکاری اور اس پر شاہ رخ خان کا خصوصی کردار ہے ۔دوسری وجہ اس کی کہانی ہے جو فلم کے پرڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے خود لکھی ہے۔تیسری وجہ اس فلم کا موضوع ہے جوخود میں اہمیت کا حامل ہےکیوں کہ اس کے ذریعہ جمہوری قدروں کے تحفظ کاپیغام دیا گیا ہے۔
کہانی: فلم کی کہانی اس سیریز کی پہلی ۲؍فلموں یعنی ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سے آگے کی کہانی ہےحالانکہ اس میں کہانی سے پہلے کی کہانی یعنی زویا کے بچپن کا قصہ دکھایا گیا کیوں کہ موجودہ کہانی اس قصہ سے مربوط کرکے دکھائی گئی ہے۔کہانی دراصل یہ ہے کہ زویا(کترینہ کیف)کے بچپن ہی میں اس کے آئی ایس آئی ایجنٹ والد کار میں بم دھماکہ ہونے سے ہلاک ہوگئے تھے اورآتش(عمران ہاشمی) نے زویا کی پرورش اور دیکھ بھال کی تھی۔جیسا کہ’ایک تھا ٹائیگر‘ میں دکھایا گیا کہ ہندوستان اور پاکستان امن کی بات چیت کیلئے ملاقات کرتے ہیں ایسےمیں آتش ہی تھا جو میٹنگ میں خلل ڈالنا چاہتا تھالیکن زویا نے ٹائیگر (سلمان خان)کی مدد سے اس کے منصوبے کو ناکام بنادیا تھا۔ اس دوران اس کی بیوی شاہین بیگ(ردھی ڈوگرا) ٹائیگر کے ہاتھوں ماری گئی تھی۔ اس کی وجہ سے آتش کو بھی جیل جانا پڑا تھا۔ اب وہ اس کا انتقام لینا چاہتاہے۔اس کیلئے وہ ٹائیگر اور زویا کے بیٹےکو مارنے کی دھمکی دے کر ان سے چین کےنیوکلیئرکاکوڈ منگواتا ہے جسے ٹائیگر اور زویا مل کرہندوستانی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹوں کی مدد سے حاصل کرلیتےہیں ۔ اس طرح آتش ایک تیر سے دو نشانے سادھنے کی کوشش کرتا ہے، ایک تو یہ کہ اس چوری کے الزام میں پکڑے جانے پر سلمان خان کو پھانسی ہوجائے اور اس سے بدلہ پورا ہوجائے دوسرے یہ کہ ہندوستان او ر پاکستان میں پھردشمنی ہوجائے۔یہ آپ کو تھیٹر میں دیکھنا ہوگا کہ آیا آتش اپنے منصوبے میں کامیاب ہو پاتا ہےیا ٹائیگر اور زویا مل کراس کے منصوبوں کو ناکام بناتے ہیں ؟
اداکاری: فلم کے تینوں اہم اداکاروں سلمان خان، کترینہ کیف اورعمران ہاشمی نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ لیکن سلمان اور کترینہ کو چونکہ ہم اس سے قبل دو فلموں میں ایک ساتھ دیکھ چکے ہیں اس لئے انہیں پھر سے دیکھ کریکسانیت کا احساس ہوتاہے۔اس کے علاوہ ان کی عمر بھی چہرے سے مترشح ہوتی ہےاور شاید اسے چھپانے کی دانستہ کوشش بھی نہیں کی گئی ہے۔ سلمان خان چاہے جیسے بھی نظر آئیں لیکن ان کے مداح ان سے کبھی بور نہیں ہوسکتے، اس کا ثبوت ان کی پردےپر انٹری پر ناظرین کے ذریعہ بجائی جانے والی تالیاں اور سیٹیاں ہیں ۔لیکن شاہ رخ خان کی انٹری پر تھیٹر میں اس سے بھی زیادہ تالیاں اورسیٹیاں سنائی دیتی ہیں ۔کترینہ کیف نے بھی سلمان کےبرابر ایکشن کا مظاہرہ کیا ہے۔ عمران ہاشمی چونکہ اس سیریز میں نیا چہرہ ہیں اس لئے وہ زیادہ کھلا کھلا اورجاذب محسوس ہوتے ہیں۔
اسکرپٹ: فلم ’ٹائیگر۳‘کی کہانی لکھنے کی کمان پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے خود اپنے ہاتھ میں لے کر اسے کچھ نیا رنگ دینے کی کوشش کی ہے تاکہ کہانی محض برائے کہانی نہ رہے بلکہ اس میں کچھ نیا پن اور ایساکچھ ہو کہ عوام یکسانیت کے احساس کا شکار نہ ہوں۔ دوسری بات اس فلم کے ذریعہ جمہوری قدروں کے تحفظ کا جو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے وہ آج وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔
نتیجہ: اگر آپ جاسوسی فلموں ، ٹائیگر سیریز اور خصوصی طور پر سلمان خان کے چاہنےوالے ہیں تو آپ کو یہ فلم ضرور دیکھنا چاہئے اور ہاں اس میں پوشیدہ پیغام بھی اسے قابل دید بناتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK