Updated: March 09, 2026, 9:05 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ سپر اسٹارسلمان خان کے والد سلیم خان کچھ عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور پچھلے دو ہفتوں سے لیلاوتی اسپتال میں داخل ہیں۔ اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اب ان کے ڈسچارج ہونے کے بارے میں ایک نیا اپڈیٹ سامنے آیا ہے۔
سلیم خان اور سلمان خان ۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ سے ایک تسلی بخش خبر سامنے آ رہی ہے۔ سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کی طبیعت میں اب کافی بہتری آ گئی ہے۔ پچھلے دو ہفتوں سے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں زیرِ علاج سلیم خان جلد ہی اپنے گھر واپس جا سکتے ہیں۔ اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد سے مداح ان کی صحت کے بارے میں کافی فکر مند تھے۔۹۰؍ سالہ مصنف سلیم خان کی صحت کے بارے میں اب مثبت خبر سامنے آئی ہے۔
ڈاکٹروں نے کامیاب علاج کیا
وکی لالوانی کے سوشل میڈیا پیج کے مطابق سلیم خان کو برین کلاٹ کی شکایت کے باعث تقریباً ۱۴؍ دن پہلے باندرہ کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ یہ وقت خان خاندان کے لیے کافی مشکل تھا، لیکن ڈاکٹروں کی ٹیم کی سخت محنت اور مداحوں کی دعاؤں نے اثر دکھایا۔ اب سلیم خان پہلے سے کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا علاج کامیاب رہا ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اگلے ۳؍سے ۴؍دنوں میں انہیں اسپتال سے چھٹی مل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:چیمپئن لیگ: نیو کیسل بمقابلہ بارسلونا، نیو کیسل کے لیے تاریخ رقم کرنے کا موقع
خان خاندان نے چین کا سانس لیا
سلیم خان کی صحت میں بہتری دیکھ کر سلمان خان سمیت پورا خاندان اب سکون محسوس کر رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کلاٹ کا علاج کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ خاندان نے اسپتال کے ڈاکٹرس کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس مشکل وقت میں سلیم خان کی بہترین دیکھ بھال کی۔ اس سے پہلے لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے سلیم خان کی صحت کے بارے میں عوامی اپڈیٹ جاری کرنے پر سلمان خان نے ناراضگی ظاہر کی تھی اور اسے خاندان کا ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے آئندہ ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:بالی ووڈ میں تنخواہ کا فرق صنفی بنیاد پر نہیں ہے: سیف علی خان
جب سلیم خان کے اسپتال میں ہونے کی خبر پھیلی تو سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنا شروع کر دیں۔ اب ان کی گھر واپسی کی خبر سن کر مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔ فلم شعلے اور دیوار جیسی مشہور فلموں کے مصنف سلیم خان کے ڈسچارج ہونے کا سب بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ دوسری طرف سلمان خان کی بات کریں تو والد کی خراب صحت کے دوران وہ وقفے پر تھے، لیکن اب انہوں نے اپنی آنے والی فلم بیٹل آف گلوان کی شوٹنگ دوبارہ شروع کر دی ہے۔