Inquilab Logo

پُرفضا پہاڑی مقام تورنمال جس کی اپنی منفرد کہانی ہے

Updated: November 09, 2023, 10:31 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

یہ علاقہ ست پڑہ پہاڑیوں کے ۷؍ سلسلوں سے گھرا ہوا ہے اور اس کے چاروں طرف گھنے جنگلات ہیں، لوٹس جھیل اور یشونت جھیل قابل دید مقامات ہیں۔

Khidki Point is also one of the important places. Photo: INN
کھڑکی پوائنٹ بھی اہم مقامات سے ایک ہے۔ تصویر:آئی این این

تورنمل مہاراشٹر میں حسین وادیوں کی گود میں بسا ہوا ایک پہاڑی شہر ہے اور قدرت کے بہترین نظاروں سے مزین ہے۔ خوشگوار موسم،سرسبز و شاداب ماحول،پُرسکون جھیلیں،آبشار اور جھرنوں کے ساتھ انسانوں کے بنائے ہوئے کئی مقامات بھی اپنی دل فریب کہانیاں لئے ہوئےہیں۔ مختلف قسم کے نباتات اور حیوانات سے مالا مال، یہ علاقہ ست پڑہ پہاڑیوں کے ۷؍ سلسلوں سے گھرا ہوا ہے اور اس کے چاروں طرف گھنے جنگلات ہیں۔
یہ جگہ کبھی قبائلی علاقہ تھی۔ اس کا نام ایک قبائلی دیوی  تورانا کے نام پر رکھا گیاہے ۔تورنمال چھٹیاں گزارنے والوں کیلئے ایک بہترین مقام ہےجہاں آپ شہروں کی گونجتی آوازوں سے دور قدرتی نظاروں کے ساتھ یادگار لمحےگزار سکتے ہیں۔
کمل تالاب یا لوٹس جھیل
لوٹس جھیل جسے کمل تالاب بھی کہا جاتا ہے، ایک دلکش نظارہ پیش کرتی  ہے۔ یہ جھیل خوبصورت کنول کے پھولوں سے ڈھکی ہوئی ہے۔ اس جھیل سے نکلنے والی ایک ندی سیتا کھائی میں بہتی ہے جو آبشار کا ایک شاندار نظارہ پیش کرتی ہے۔
سیتا کھائی  
’سیتا کھائی‘وہ مقام ہے جو آپ کو مبہوت کرکے رکھ دے گا ۔ سیتا کھائی تورنمال سے تقریباً ۱ء۵؍ کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ ایک سحر انگیز وادی پر مشتمل ہے جس کا نام ’سیدھا کھائی‘ سے پڑا ہے۔ سیتا کھائی کارامائن کی سیتا سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ  یہ سیدھا کھائی ہی کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔اس مقام پر ایک آبشار سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا ایک بڑا مرکز ہے۔ سیتا کھائی پر واقع ایکو پوائنٹ بھی سیاحوں میں کافی مقبول ہے۔
یشونت جھیل
یشونت جھیل ایک خوبصورت قدرتی جھیل ہے جو۱ء۵۹؍ مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ یہ جھیل مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ یشونت راؤ چوان سےمنسوب ہے۔کہا جاتا ہے کہ چوان گھوڑے  پر سوار ہوکر تورنمال پہنچے تھے۔ یہاں سیاح مچھلی پکڑنے اور کشتی رانی جیسی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 
مچھندرناتھ  غار 
مچندر ناتھ غار قدرتی غار ہے جہاں سنت مچھندر ناتھ  دھیان کیا کرتے تھے۔ اس غار کے قرب و جوار میں مچھندر ناتھ مندر اور  ہندو تہذیب کے معروف رشی مارکنڈیا کی نشست واقع ہے۔
کھڑکی پوائنٹ 
کھڑکی پوائنٹ تورنمال کا ایک مشہور ٹریکنگ علاقہ ہے۔ کہا جاتا ہے کہ صدیوں پہلے اس پہاڑی شہر کے ساتھ ایک دیوار گزرتی تھی جس کے شواہد چند سال قبل اس قصبے کی کھدائی کے دوران بر آمد شدہ  چند اینٹوں سے ملے ہیں۔
آؤشاباری پوائنٹ 
مدھیہ پردیش کی سرحد کے قریب واقع آؤشاباری پوائنٹ  پہاڑوں اور فاریسٹ ریسٹ ہاؤس کا بہت ہی دلکش نظارہ پیش کرتا ہے۔ گونڈ راجہ کے قلعے کے کھنڈرات یہاں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
تورنمال میں شاپنگ
تورنمل  میں خریداری چند مصنوعات تک محدود ہے۔ کپاس اس علاقے میں کاشت کی جانے والی ایک  اہم فصل  ہے، اس لئے یہاں  خالص اور نرم کپاس سے بنے کپڑے خریدے جا سکتے ہیں۔ گنے اور تور بھی  مناسب قیمت پر دستیاب ہیں۔
کیسے پہنچیں ؟
بذریعہ سڑک : پونے، ناسک اور احمد نگر سے تورنمال تک۵۰؍ سے زیادہ راستوں پر اکثر بس خدمات موجود ہیں۔ متبادل طور پر تورنمال جانے کیلئے ٹیکسی کرایہ پر لی جاسکتی ہے یا آپ نجی گاڑی بھی کرسکتے ہیں لیکن یہ یقینی بنائیں کہ ڈرائیور کو پہاڑی علاقوں میں گاڑی چلانے کا تجربہ ہے کیونکہ سڑکیں خمیدہ اور خطرناک ہیں۔
بذریعہ ٹرین : قریب ترین ریلوے اسٹیشن نندوربار(۷۷؍ کلومیٹر) یا ڈونڈایچا (۷۹؍ کلومیٹر) یا تیسی (۸۹؍کلومیٹر) ہے۔ شہادہ سے یہ ۵۰؍کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
یہاں تک آپ ٹرین کے ذریعے پہنچ سکتے ہیں، اس کے بعد تورنمال آپ کو بس یا ٹیکسی کے ذریعے پہنچنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK