Inquilab Logo

کورونا کی پھیلائی ہوئی وبا سے کتاب میلے بھی متاثر

Updated: May 03, 2020, 3:20 PM IST | Inquilab Desk

دنیا بھر میں عام طور پر مارچ ، اپریل اور مئی میں کتاب میلوں کا انعقاد ہوتا ہے ۔ لیکن امسال کورونا وائرس کا اثر ان تقریبات پر بھی پڑا اور کئی مشہور کتاب میلےیا تو منسوخ ہوئے یا ملتوی

Bookfair - Pic : INN
کتاب میلہ ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کی ریاست میزورم کی راجدھانی ایزول میں  ۲۳؍ تا ۲۸؍مارچ ایزول بک فیئر کا انعقاد ہونے والا تھا لیکن کووڈ۔۱۹؍ کے بڑھتے ہوئے معاملات اور حکومت ِ ہند کی ایڈوائزری جاری ہونے کے بعد دیگرپروگراموں کے ساتھ اسے  بھی منسوخ کردیا گیا ۔  واضح رہے کہ میزورم میں کورونا کا تصدیق شدہ صرف ایک مریض ہے ۔
پیرس عالمی کتاب میلہ  
 فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ۲۰؍ سے ۲۳؍ مارچ کے درمیان منعقد ہونے والے اس میلے کی منسوخی کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے منتظمین نے  کہا کہ  عوامی صحت کی بنیاد پر ہمیں کتاب میلہ منسوخ کرنا پڑ رہا ہے‘‘۔ واضح رہے کہ ہندوستان اس میلے میں ’گیسٹ آف آنر‘ ‘کی حیثیت سے شریک ہونے والا تھا۔
تہران بین الاقوامی کتاب میلہ
ایران کی پالیسی ساز کونسل کے فیصلے کے مطابق، تہران کا بین الاقوامی کتاب میلہ رمضان کے مہینے کے بعد منعقد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ۳۳؍ واں بین الاقوامی کتاب میلہ ۱۴؍سے ۲۴؍  اپریل ۲۰۲۰ء کے درمیان منعقد ہونے والا تھا تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے  کیلئے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا۔ 
فرینکفرٹ بک فیئر
 فرینکفرٹ بک فیئر ۱۴؍سے ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۰ء کے درمیان منعقد ہونے والا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب اس کی تاریخوں کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ اس بارے میں بک فیئر کے صدر جرجن بوس کا کہنا ہے کہ میلے میں شریک ہونے والے آرگنائزرس نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ جون کے آخر میں منظرنامہ واضح ہوسکتا ہے۔ 
لیپزگ بک فیئر، جرمنی
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے جرمنی کا مشہور لیپزگ بک فیئر بھی منسوخ کردیا گیا۔  یہ میلہ ۱۲؍سے ۱۵؍مارچ کے درمیان ہونے والا تھا۔ کتاب میلے کی منسوخی کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے منتظمین نے ٹویٹ کیا کہ ناول کورونا وائرس کی وجہ سے یہ سخت فیصلہ کرنا پڑا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔    
بلونیا چلڈرنس بک فیئر
بچوں کی کتابوں کی طباعت اور اشاعت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اٹلی کے بلونیا چلڈرنس بک  نے بھی امسال کورونا کی وجہ سے اپنا کتاب میلہ منسوخ کردیا ہے۔ بلونیا کی ویب سائٹ کے مطابق  اب  یہ میلہ ۱۲؍تا ۱۵؍ اپریل ۲۰۲۱ء کو ہوگا۔ سالِ گزشتہ  ۱۳؍دنوں تک جاری رہنے والے اس میلے میں ۱۱۹۳؍ تقریبات منعقد ہوئی تھیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK