• Thu, 15 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر۱۹؍ورلڈ کپ: ہینل پٹیل کے ۵؍ شکار، ہندوستان نے امریکہ کو دبوچا

Updated: January 15, 2026, 9:04 PM IST | Bulawayo

ہندوستانی انڈر۱۹؍ ٹیم نے اپنے پہلے عالمی کپ مقابلے میں امریکہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ ( ڈی ایل ایس ) کے تحت ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ہیرو فاسٹ بولر ہینل پٹیل رہے جنہوں نے امریکی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔

Under 19 Team.Photo:INN
انڈر ۱۹؍ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان  نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ امریکہ کی پوری ٹیم ۲ء۳۵؍اوورز میں صرف۱۰۷؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ہینل پٹیل نے ۷؍ اوورز میں صرف ۱۶؍ رنز دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے  اور پلیئر آف دی میچ  قرار پائے۔  ویبھو سوریہ ونشی، دیپیش دیویندرن اور اکھلن پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
امریکہ کی جانب سے  نتیش سودینی ۳۶؍ رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹیم کے ۷؍کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بارش کی وجہ سے ہندوستان کو۳۷؍ اوورز میں ۹۶؍ رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔ ہندوستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹاپ آرڈر کے  ۳؍کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئے۔ابھی گیان کنڈو نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور۴۱؍ گیندوں پر ۴۲؍ رنز کی ناٹ آؤٹ  اننگز کھیلی (۵؍چوکے اور ایک  چھکا)۔ 


ہندوستان نے ہدف ۲ء۱۷؍ اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کنشک چوہان ۱۰؍رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کے اسٹار بلے باز ویبھو سوریہ ونشی صرف ۲؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان آیوش مہاترے بھی ۱۹؍ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، ابھی گیان اور وہان ملہوترا کی ۴۵؍ رنز کی شراکت نےہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔

یہ بھی پڑھئے:عالمی اے آئی اخراجات ۲۰۲۶ء میں۵ء۲؍ ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے

ویسٹ انڈیز اَنڈر۱۹؍ ٹیم نے تنزانیہ کو پانچ وکٹ سے شکست دی
 ویسٹ انڈیز کی اَنڈر۱۹؍ ٹیم نے تانیز فرانسس (۵۲؍رن) اور جول اینڈریو (۴۴؍رن ) کی شاندار بیٹنگ کے ساتھ تنزانیہ کو ۲۱؍ اوور میں پانچ وکٹ سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا آغاز کامیابی سے کیا۔ ۱۲۳؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں وِیسٹ انڈیز نے دوسرے وکٹ کے لیے ۸۰؍ رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ جول اینڈریو ۴۴؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تانیز فرانسس نے ۵۲؍رنز کی نصف سنچری مکمل کی۔ تنزانیہ کے آؤٹ ہونے والے زیادہ تر بلے باز دوہری اعداد تک بھی نہ پہنچ سکے۔تنزانیہ کے لیے آگسٹینو موامیلے اور ریمونڈ فرانسس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:عامر خان پروڈکشنز کی اگلی رومانوی ڈرامہ فلم ’’ایک دن‘‘ کی پہلی جھلک جاری

بیٹنگ کرنے آئی تنزانیہ کی ٹیم وِیسٹ انڈیز کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے ۳۴؍ اوور میں ۱۲۲؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سلامی بلے باز ڈائلن ٹھکرار نے۲۶؍ اور دَرپن جوبن پُترا نے ۱۹؍رنز بنائے، دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے ۵۳؍رنز کی اچھی شراکت قائم کی۔ باقی بلے باز زیادہ دیر تک  ویسٹ  انڈیز کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکے، جس میں ایکرے ہیوگو ۱۰؍اور خالیدی جوما  ۱۲؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سات بلے باز  ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔ویسٹ انڈیز کے لیے وِٹیل لاج نے تین وکٹیں، جبکہ شاکوان بیلے اور میکا میکینزی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK