• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’عملی سیاست میں شرکت سے،سسٹم پر انگشت نمائی کی طاقت اور آزادی مجروح ہوتی ہے‘‘

Updated: February 15, 2025, 7:16 PM IST | Ghulam Arif | Mumabi

معروف اداکار امول پالیکر نے اپنی خود نوشت ’ویو فائنڈر‘ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلے کانگریس اور پھر شیوسینا سے اسمبلی کیلئے الیکشن لڑنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ وہ اپنی آزادی کا سودا نہیں کرسکتے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کسی مشہور شخصیت کی خود نوشت اکثر دیگر کتابوں کے مقابلے زیادہ مقبولیت حاصل کرتی  ہے۔ آپ بیتی، قاری کو کبھی سفر نامے جیسا لطف دیتی ہے اور کبھی کلاسیفائیڈ اشتہارات جتنا۔ ایک عمدہ خود نوشت،کتب بین کو بڑے فائدے پہنچا سکتی ہے۔ وسعتِ نظری پیدا کرتی ہے۔ شخصیت کی قوتوں اور کمزوریوں سے روشناس کراتی ہے۔ کسی کی زندگی میں پائی جانے والی لچک ،عزم اور تخلیقی صلاحیت کو اُجاگر کرکے، پڑ ھنے والے کے جذبے کو بیدار کرتی ہے۔
معروف اداکار و ہدایتکار امول پالیکر نے گزشتہ ماہ اپنی خودنوشت کا اجرا کیا۔ مراٹھی میں ’اَئیوَج‘ اور انگریزی ترجمہ ’وِیو فائِنڈر‘۔ آرٹ، ڈرامہ اور سنیما کے سمندروں کے ایک مشاق غوطہ خور نے، ذاتی خزانےمیں موجود رنگ برنگے موتیوں کی نمائش کی ہے۔ پالیکر نے اپنے سفرِ زیست کے تجربات وحوادث اور سرد وگرم موسموں کے قصّے سلیقے سے بیان کئے ہیں۔ راقم نے تبصرے کیلئے، امول پالیکر کی کتاب کا انتخاب کیوں کیا؟ مقصد، ایک عمدہ فنکار کی تخلیقی کاوشوں کا جائزہ تو ضرور ہے لیکن ایک صاف گو انسان کو خراج پیش کرنا بھی ہے۔ ہندوستانی فلم انڈسٹری بڑے نازک دور سے گزر رہی ہے۔ یکے بعد دیگرے نفرتی فلمیں ذہنوں کو آلودہ کر رہی ہیں۔ او ٹی ٹی پر، تشدد، مغلّظات اور فحاشی  کی لہر چل پڑی ہے۔ ناظرین کا مذاق بھی گھٹیا پن کا شکار ہے۔ ایسے میں ’وِیو فائِنڈر‘ گئے دنوں کی یادیں تازہ کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ضلع پریشد کے کلرک کی ہیرا پھیری، ملازمین کی رقم اپنے اکائونٹ میں

کیا دور تھا 
۷۰ء اور ۸۰ء کی دہائی میں ہندوستانی سینما کا دور بڑا رنگا رنگ تھا۔ ایک جانب جہاں فارمولا فلمیں تھیں، وہیں دوسری جانب بڑی عمدہ آرٹ فلمیں بھی بنیں۔ اِن دونوں کے درمیان، زندگی کے حساس پہلوؤں کو نرمی سے چھوکر گزرنے والے مِڈل سنیما کا رجحان بھی نمایاں ہوا۔ یہ فلمیں چمک دمک، دھوم دھڑکے کے بغیر بھی کامیاب ہوتی رہیں۔ چھوٹے چھوٹے لمحات پر مبنی کہانیاں متوسط طبقے کی سادہ زندگی کو بڑی خوبصورتی سے پیش کرتی تھیں۔ گول مال (۱۹۷۹ء) اور چھوٹی سی بات (۱۹۷۶ء) اس کی بہترین مثالیں ہیں۔ ایسی فلموں کا چہرہ امول پالیکر تھے۔ یوں محسوس ہوتا جیسے پڑوس کا کوئی عام سا لڑکا ہیرو بن گیا ہو۔ یہ لڑکا باتوں باتوں میں نرم گرم اداکاری کے کمالات دکھا کر ’چت چور‘ بن گیا تھا۔
سادگی بھی اثر رکھتی ہے
امول پالیکر کی اداکاری میں جذباتی مبالغہ آرائی کی جگہ حقیقت پسندی تھی جو روزمرہ زندگی کی عکاسی کرتی تھی۔ چہرے پر تاثرات اور مکالموں کی ادائیگی کا انداز سادہ لیکن اثر انگیز۔ اپنے ہم عصر اداکاروں کے ایکشن سے بھرپور کرداروں کے برعکس، پالیکر نے متوسط طبقے کی خواہشات، مسائل اور جدوجہد کو پیش کرنے میں کمال حاصل کیا۔ پالیکر نے اپنی عام آدمی کی شخصیت کے ساتھ ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ فلموں میں رومانی کامیڈی کیلئے مشہور تھے، لیکن انہوں نے سنجیدہ فلموں جیسے رجنی گندھام گھروندا اور ہلّا ہو، میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ اُن کی گہری اور متوازن اداکاری میں ایک خاموش قوت کا اظہار ہے ۔ پالیکر کے اندر مزاح کو کرداروں میں گھول دینے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ ان کی شرمیلی اور معصوم حرکات اکثر مزاحیہ لمحات پیدا کرتیں۔انہوں نے عام آدمی کی جدوجہد اور خوابوں کو پیش کرکے بالی ووڈ ہیرو کے تصور کو دوبارہ متعین کیا۔ ثابت کیا کہ سادگی بھی دل پر نقش ثبت کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی یہودی علماء وشخصیات نےمذمت کی

مزاحمت کی طاقت
اس کتاب کا انتساب امول نے ان لوگوں کے نام کیا ہے’جو مزاحمت کی قوت میں یقین رکھتے ہیں‘۔ وہ مطمئن ہیں کہ انھوں نے کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتا نہیں کیا اور اپنے خیالات کا اظہار بے خوفی کے ساتھ کرتے رہے۔ ایمرجنسی کے دوران انھوں نے اور اُن کے ساتھیوں نے’جلوس‘ جیسا مزاحمتی ناٹک جگہ جگہ پیش کیا۔ آئی آئی ٹی بامبے میں اس ڈرامے کے کھلے شو کے اختتامی منظر میں ۱۵۰۰؍ طلبہ ’جلوس‘ کا حصہ بنے۔ اُن کی ہدایت میں بنی فلم ’آکریت‘ کو امریکہ میں دکھایا جانا تھا۔ وہ جادو ٹونے اور توہمات کے زیر اثر نوعمر دوشیزاوں کےبہیمانہ قتل کے سچے واقعات پر مبنی ایک فلم تھی۔ وزیرِ اطلاعات ساٹھے نے اس کی بین الاقوامی نمائش پر پابندی لگا دی۔ موقف تھا کہ فلم بیرونی ملکوں میں ہندوستان کی شبیہ بگاڑ سکتی تھی۔ امول نے احتجاج کیا۔ خود اِندرا گاندھی کی مداخلت سے پابندی ہٹی۔ جب پالیکر چلڈرن فلم سوسائٹی کے صدر مقرر ہوئے تو انھوں نے بچوں کی فلموں کیلئے ایک جامع پلان پیش کیا۔ ایک بڑے بابو نے ان سے صاف کہہ دیا کہ اس وقت حکومت کو اس پلان میں دلچسپی نہ تھی۔ امول نے احتجاجاً استعفٰے دیا اور ان کے ساتھ پوری کمیٹی نے بھی۔ بعد میں راجیو گاندھی نے ذاتی طور پر کوشش کی کہ وہ راضی نامہ واپس لیں  اور کسی مسئلے کی صورت میں براہ راست انھیں فون کریں۔ امول مانے نہیں۔ ادب کے ساتھ ان کے منہ پر کہہ دیا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کیلئے وزیر اعظم تک جانا سسٹم میں بڑی خرابی کا اشارہ ہے۔
 ۲۰۱۹ء میں نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ نے ان کو مشہور پینٹر پربھاکر بروے کے کام پر اظہارِ خیال کے لئے مدعو کیا۔ چند دنوں قبل ہی ایک سرکاری حکم نامے کے ذریعے اُس دالانِ فن میں نئے فنکاروں کیلئے جگہ کافی محدود کردی گئی تھی۔ لکھتے ہیں کہ’’ آج جب آزادی اظہار کو دبایا جارہا ہے اور ہندوتوا کے فروغ کیلئے، مسلم مخالف نفرت  پھیلائی جارہی ہے، جب حاکمِ وقت سے سوال کرنے کا موقع خود سامنے آیا تو میں اسے کیسے گنواتا؟‘‘ امول  نے دورانِ تقریر تنقید کرنی بس شروع ہی کی تھی کہ انھیں ٹوکا گیا۔ کسی بیوروکریٹ کا ایک بزرگ فنکار کو ٹوکنا بدتمیزی تھی لیکن وہاں موجود فنکاروں نے لب سی لئے تھے۔ دوسرے دن امول نے پریس کانفرنس میں اس رویے پر کھل کر تنقید کی۔ سرکار کو اپنا حکم نامہ منسوخ کرنا پڑا ۔
 پچاس برسوں تک بصری اور عملی فنون کی شاندار اور جاندار خدمت کے باوجود حکومت نے انھیں کسی اعزاز کے قابل نہیں سمجھا تو اُس کی وجہ امول کی باغیانہ روح ہی ہے۔ پہلے کانگریس پھر شیوسینا نے انھیں شیواجی پارک علاقے سے اسمبلی کا الیکشن لڑنے کی پیش کش کی تھی لیکن انھوں نے قبول نہیں کی۔ وجہ بیان کی ’’عملی سیاست میں شرکت سے، سِسٹم پر انگشت نمائی کی طاقت اور آزادی مجروح ہوتی ہے۔‘‘ امول جیسا فلم اسٹار اگر دلتوں پر ہونے والے مظالم پر قلم اٹھاتا ہے تو یہ بات قابل فہم ہے، لیکن اگر بلقیس بانو کیلئے اپنی سوانح میں جگہ مختص کرتا ہے تو یقیناً وہ اندر سے کافی مضطرب ہوں گے۔
 امول کو ساورکر پر ایک دستاویزی فلم بنانے کی پیشکش ہوئی۔ چند میٹنگوں کے بعد انھوں نےانکار کردیا۔’’ مجھے شخصیت کی یکطرفہ نمائش کرنے والی، پُر تعصب ، پروپیگنڈا فلم بنانے میں دلچسپی نہ تھی۔‘‘ فلم بھومیکا کی شوٹنگ کے دوران ایک سین میں انہیں سمیتا پاٹل کو تھپڑ مارنے کیلئے کہا گیا۔ سمیتا کو لا علم رکھا گیا تھا۔ ڈائریکٹر شیام بینیگل اس طرح سمیتا کے چہرے پر اُبھرنے والے غصے بھرے فطری تاثرات کو کیمرہ میں قید کرنا چاہتے تھے۔یہ کاروباری اصولوں کی خلاف ورزی تھی۔ امول نے یہ کام تو کردیا لیکن بیحد شرمندہ اور رنجور ہوئے۔ بعد میں خود سمیتا نے ان کی آزردگی دور کرنے کی کوشش کی۔ یہ امول کی حساسیت کی ایک مثال ہے۔
تخلیقی کمالات
امول کی تخلیقی صلاحیتوں کی بنیاد مصوری ہے۔ جے جے اسکول آف آرٹس، ممبئی کے قابل اُستاد مصوروں سے انھوں نے پینٹنگ سیکھی۔ پالیکر کے فن پارے ان کے متحرک رنگوں کیلئے مشہور ہیں۔ وہ آرٹ کے ایک پرجوش قدردان بھی ہیں۔ ہندوستانی زبان کی فلموں میں کامیابی اور معاشی خوشحالی کے باوجود انھوں نے مسلسل مراٹھی سنیما اور تھیٹر کے لئے کام کیا۔ تجربات کئے، مستضعفین کی دبی کچلی آوازوں کو اپنے کام کے ذریعے اُبھارا۔ مراٹھی میں امول کی ہدایت کردہ فلمیں زیادہ تر متوازی سنیما کے زمرے میں رکھی جاسکتی ہیں۔ پالیکر نے مراٹھی تھیٹر میں ایک اداکار کے طور پر اپنے کریئر کا آغاز’چُپ، کورٹ چالو ہے‘ سے کیا۔ ہیئودن، آدھے ادھورے، پگلا گھوڑا ، گوچی اور قصور جیسے ڈراموں میں اپنے کام کیلئے مشہور ہوئے۔ بطور ہدایت کار پالیکر، پیچیدہ جذبات کی باریکیوں سمیت ترسیل کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں۔ گہری تفصیلات پر اپنی توجہ بنائے رکھتے ہیں اور ناظرین کیلئے ایک زبردست بصری اور جذباتی تجربہ تخلیق کرنے میں ماہر ہیں۔ انھوں نے کئی ڈراموں کو اپنی لاجواب ہدایتکاری سے بے مثال بنادیا ۔ 
 کتاب میں ایک ندرت ہے۔ جگہ جگہ کیو آر کوڈ دیئے گئے ہیں جن کے ذریعے آپ پالیکر کی فلموں یا ڈراموں کے ویڈیو تک پہنچ سکتے ہیں۔ تصاویر کا ایک مرقع شائقین کو گزرے زمانے کی سیرکرواتا ہے۔ خود امول کے رنگین خاکے کتاب کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ جابجا خوبصورت اشعار کے ذریعہ کتاب کو سجایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK