• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونیا گاندھی نے اقتدار کاانتخاب نہیں کیا تو تاریخ نے انہیں منتخب کرلیا

Updated: November 29, 2026, 4:55 PM IST | Ashutosh | Mumbai

ان کی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو کانگریس کے لیڈران انہیں ایک لمحہ بھی ٹکنے نہیں دیتے۔ و ہ سمجھدار تھیں، انہوں نے اقتدار سے دور اپنی ایک باوقار شبیہ پیش کی، جو اُن کی سب سے بڑی سیاسی طاقت بن گئی۔ مہاتما گاندھی نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔ وہ سیاست میں تھے لیکن ہمیشہ خود کو سیاست کی تگڑم بازیوں اور اقتدار کی دوڑ سے دور رکھا تھا۔

Sonia Gandhi. Photo: INN
سونیا گاندھی۔ تصویر: آئی این این

یہ۲۰۰۴ء کی بات  ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج  آگئے تھے۔ بی جے پی پیچھے رہ گئی تھی اور کانگریس آگے تھی۔ حکومت بنانی تھی،اسلئے کانگریس نے پہل کی۔ اس نے اپنے تمام اتحادیوں کو اکٹھا کیا۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اس میں سونیا گاندھی کو لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ ایسے میں یہ خبر دہلی سے باہر نکل پر پورے ملک میں پھیل گئی کہ وہ اگلی وزیر اعظم ہوں گی.... لیکن پھر ایک کرشمہ ہوا۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ کانگریس کے اندر افراتفری مچ گئی۔ سونیا کے وزیر اعظم بننے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کارکنان جمع ہونے لگے۔ احتجاج شروع ہو گیا، لیکن سونیا گاندھی اپنے فیصلے کے تئیں غیر متزلزل رہیں، وہ ٹس سے مس نہیں ہوئیں۔ اس طرح منموہن سنگھ وزیر اعظم بن گئے۔

سونیا گاندھی نے بعد میں اپنی سوانح عمری ’بیلانگنگ، اے جرنی آف لو‘ میں یہ بات کہی کہ ان کے ذہن میں ہمیشہ یہ بات واضح تھی کہ وہ وزیر اعظم نہیں بنیں گی، لیکن یہ وہ لمحہ تھا جب وہ اپنی غیر ملکی نژاد کے سوال کے بعد بھی وزیر اعظم بن سکتی تھیں۔ اگر وہ وزیراعظم بن جاتیں تو کیا ہوتا، آج کوئی نہیں کہہ سکتا کہ لیکن وہ اُس دن وزیراعظم بن سکتی تھیں۔ تب کسی نے بھی ان کی مخالفت نہیں کی، حتیٰ کہ ان کے اتحادیوں نے بھی نہیں۔ اس کے باوجود وہ وزیراعظم نہیں بنیں۔ وزیر اعظم کی کرسی جس کیلئے لیڈر کیا کچھ نہیں کرتے، اپنوں ہی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیتے ہیں لیکن سونیا نے اس عہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اپنے اور اپنے بچوں کی خاطر انکار کر دیجئے، وہ آپ کو بھی ماردیں گے

یہ کوئی پہلی بار نہیں تھا۔ راجیو گاندھی کی موت کے بعد پوری کانگریس پارٹی نے سونیا سے رابطہ کیا۔ ان پر زور دیا گیا کہ وہ نہرو،گاندھی خاندان کی وراثت کو سنبھال لیں۔ ان پر دباؤ ڈالا گیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ اُس وقت بھی اگر وہ مان جاتیں تو کون جانتا ہے کہ وہ ملک کی وزیر اعظم بن جاتیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ دو دو بار... انہوں نے اقتدار کو ٹھکرا دیا۔ کیوں؟ سونیا نے اپنی کتاب میں اس کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔ لیکن سوال یہ نہیں ہے کہ وہ نہیں بنیں۔ سوال یہ ہے کہ ان کے پاس موقع تھا، لیکن وہ نہیں بنیں، انہوں  نے انکار کیا۔

لالچ اور اقتدار کی ہوس انسان سے کیاکچھ نہیں کر واتا ہے لیکن سونیا گاندھی نے کوئی چھوٹا پن اور اوچھا پن نہیں دکھایا۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد بھی وہ راجیو کے وزیر اعظم بننے کے خلاف تھیں۔ وہ نارمل زندگی گزارنا چاہتی تھی۔ وہ جتنااقتدار کو ٹھکراتی گئیں، اقتدار اتنا ہی ان کے قریب آتا گیا۔ کانگریس پارٹی کو بچانے کیلئے، وہ پارٹی کی صدر بنیں اور راہل گاندھی کے صدر بننے تک سب سے زیادہ عرصے تک صدر رہنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ ان کی زندگی اور عوامی طرز عمل ہمیشہ انتہائی باوقار رہا۔ اور یہیں سے اندرا گاندھی کی دوسری بہو مینکا گاندھی کو شکست ہوئی۔ پارٹی میں آج بھی سونیا حرف آخر ہیں، اور مینکا کہیں نظر نہیں آرہی ہیں۔ بی جے پی نے مینکا کو نہرو،گاندھی خاندان سے بھڑکانے کیلئے استعمال کیا، لیکن انہیں وہ عزت نہیں دی جو سونیا گاندھی کو کانگریس میں رہتے ہوئے ملی۔

سونیا کی خاصیت ان کا نہرو،گاندھی خاندان سے تعلق نہیں تھا۔ ان کی خاصیت یہ تھی کہ وہ خاندان کی تاریخی میراث کو بچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کوتیار رہتی تھیں۔ راجیو کی موت کے بعد، ان کے پاس اٹلی جانے کا متبادل تھا، لیکن وہ یہیں رہیں، پورے خاندان کو سنبھالتی رہیں۔ کسی بھی ہندوستانی سے زیادہ۔ سیاست کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ سیتارام کیسری کو صدر کے عہدے سے ہٹانے میں ان کا کیا کردار تھا، لیکن اگر کیسری صدر برقرار رہتے تو کانگریس کی مکمل تباہی یقینی تھی۔ اُس وقت کانگریس پارٹی کو صرف وہی چلا سکتا تھا جو خود کو اقتدار سے اوپر رکھتا تھا۔ کیسری ایک سیاست دان تھے، لیکن وہ خود کو پارٹی کی اندرونی سیاست سے بالاتر نہ رکھ سکے۔ سونیا گاندھی نے خود کو پارٹی سے اوپر رکھا اور کبھی یہ تاثر نہیں دیا کہ وہ اقتدار کا پیچھا کر رہی ہیں یا پھر یہ کہ وہ وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کتنا ضروری؟

سونیا کی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو کانگریس کے لیڈران انہیں ایک لمحہ بھی ٹکنے نہیں دیتے۔ سونیا سمجھدار تھیں۔ انہوں نے اقتدار سے دور اپنی ایک باوقار شبیہ پیش کی، جو اُن کی سب سے بڑی سیاسی طاقت بن گئی۔ مہاتما گاندھی نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔ وہ سیاست میں تھے لیکن ہمیشہ اپنے آپ کو   سیاست کی تگڑم بازیوں  اور اقتدار کی دوڑ سے دور رکھا۔ جتنا وہ اقتدار سے دور ہوتےگئے، وہ اتنے ہی طاقتور ہوتے گئے۔

سونیا گاندھی نے اپنے پورے سیاسی کریئر میں ایک غلطی کی ہے۔ یہ اُس قت کی بات ہے جب انہوں نے اٹل بہاری واجپئی کی پہلی حکومت کے خاتمے کے بعد۲۷۲؍ سیٹوں کا دعویٰ کیا تھا۔ تب میں راشٹرپتی بھون کے صحن میں موجود تھا۔ بعد میں ملائم سنگھ یادو نے ان کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا۔ سونیا نے یہاں سے سیاست کا سب سے اہم سبق سیکھا، وہ یہ کہ اپنے کارڈ کبھی ظاہر نہ کریں۔ لوگوں کی بات سنیں اور پھر مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ سنا دیں۔

سونیا ہندوستانی سیاست میں باہر کی تھیں۔ ہندوستان کے بند جاگیردارانہ سماج، خاص طور پر سیاست میں قبولیت حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔ یہ تلوار کی دھارپر چلنے کے مترادف تھا۔ ایک معصوم غلطی ان کے پورے کردار کو تباہ کر سکتی تھی۔ ایک طرف، انہیں کمزور ہوتی ہوئی کانگریس پارٹی کو سنبھالنا تھا، اور دوسری طرف، انہیں خاندانی وراثت کو آگے بڑھانا تھا۔ انہوں نے کانگریس کو بکھرنے نہیں دیا۔ ۲۰۱۴ء  کے بعد جب خاندان کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا تو بھی وہ ثابت قدم رہیں۔ شروع میں، لوگوں نے سوچا کہ انہوں نے راہل کو آگے کر کے غلطی کی ہے۔ شاید وہ اپنے بیٹے کی محبت میں گرفتار تھیں، لیکن اب لگتا ہے کہ ان کا فیصلہ درست تھا۔ راہل خاندان کے صحیح اور مضبوط وارث ہیں۔ ان کے پاس فرقہ پرست طاقتوں سے لڑنے کیلئے ضروری جذبہ اور ہمت ہے۔ ایک کمزور دل مرد یا عورت مودی اور شاہ کی بی جے پی اور اس کے اوپر آر ایس ایس کے نظریئے سے نہیں لڑ سکتا۔

یہ بھی پڑھئے: موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد اسکول کا دوبارہ آغاز نئےعزائم اور کامیابی کے روشن امکانات

جو کام اربوں روپے خرچ کرکے حاصل نہیں کیا جا سکتا،  وہ انہوں نے اپنی خود نوشت لکھ کر حاصل کرلیا۔ سیاست میں ان کے داخلے کی کہانی  بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ مہابھارت کے پاٹھ اور گیتا کے سبق نے ان کے ذہن کو بدل دیا۔ اور پھر، ارجن کی طرح، وہ بھی نتائج کی فکر کیے بغیر سیاست میں آگئیں۔ شاید راہل کو یہ پیغام ہے کہ زندگی کی جنگ میں نتیجہ ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔ مقصد کی پاکیزگی بھی بہت ضروری ہے۔ یہاں تک کہ اگر اس کا مطلب ذلت کا سامنا ہے تو بھی ٹھیک ہے۔

ملک انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے۔اور صرف وہی لوگ ملک کو بچا سکتے ہیں جو اپنے نظریے پر سمجھوتہ کیے بغیر لڑتے رہیں۔ اقتدار کیلئے لڑنے والی چھوٹی علاقائی جماعتوں سے کسی بھی چیز کی توقع رکھنا فضول ہے۔ وہ اقتدار پانے اور خود کو اقتدار والوں سےبچانےکیلئے کسی بھی وقت سمجھوتہ کر سکتے ہیں۔ ملک کو ایک مضبوط شخصیت کی ضرورت ہے۔ ایسے میں سونیا گاندھی کا راہل گاندھی کے پیچھے کھڑی رہنا، سیاست سے سبکدوشی کے بعد کی سیاست ہے اور درست سیاست ہے۔اب فیصلہ ملک کو کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK