• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپنے اور اپنے بچوں کی خاطر انکار کر دیجئے، وہ آپ کو بھی ماردیں گے

Updated: November 29, 2026, 4:49 PM IST | Ghulam Arif | Mumbai

سونیا گاندھی کی آپ بیتی’بیلانگنگ۔ اے جرنی آف لو‘ کا مزید ایک جائزہ،اس میں زیادہ تر کتاب کے اُن گوشوں پرروشنی ڈالی گئی ہے جس میں سونیا گاندھی کے ذاتی اور انسانی پہلوؤں کی عکاسی ہوتی ہے۔

This book by Sonia Gandhi entered the `bestseller` category within the very first week of its release. Photo: INN
سونیا گاندھی کی یہ کتاب ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں ’بیسٹ سیلر‘ کے زمرے میں شامل ہوگئی تھی۔ تصویر: آئی این این

سونیا گاندھی کی سوانح حیات ‘بِلانگِنگ۔ اے جرنی آف لو‘ کا ذکرزدِ خاص وعام ہے۔ اردو میں ہم عنوان کا ترجمہ کچھ اس طرح کریں گے: تعلقِ خاطر- ایک سفرمحبت کا ! کتاب بڑی مقبول ہورہی ہے۔ پڑھنے والے تو پڑھنے کیلئے اور نہ پڑھنے والے بطور فیشن اس کتاب کو خرید رہے ہیں۔ کتاب پر تبصروں اور آرا سے سماجی ذرائع ابلاغ  بھرے پڑے ہیں۔

ابتدائی ابواب میں اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے میں گزرے ہوئے بچپن، خاندانی ماحول اور برطانیہ میں تعلیم کے دنوں کا ذکر ہے۔ کیمبرج میں راجیو گاندھی سے سونیا کی ملاقات اور پھر محبت کا آغاز اس داستان کا کلیدی نکتہ ہے۔ سونیا نے ہندوستان آنے اور راجیو سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس زمانے میں انہوں نے یہ سوچا نہ  ہوگا کہ یہ فیصلہ انہیں ایک ایسے تاریخی اور سیاسی سفر پر لے جائے گا جس کی منزلیں ذاتی خوشیوں سے ہوتے ہوئے اقتدار کی راہداریوں، ذاتی صدمات نیز قومی سانحات تک پھیلی ہوئی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی کتاب،شائقین اور معترضین

’مائی مدر اِن لا‘

سونیا کی ساس اندرا گاندھی کے شخصی خصائص سے لوگ بخوبی واقف ہیں۔ سونیا کو ان کا مزاج سمجھنے میں کچھ وقت لگا۔ ان کے مطابق ماں تو ان کی اپنی ماں تھی۔ ساس کو ماں کہنے کیلئے انھیں اپنے آپ کو تیار کرنا پڑا۔ عوام ہوں یا خواص، پہلے پوتے کی آمد پر ہندوستانی دادیوں کا جوش وخروش قابل دید ہوتا ہے، پھر وہاں تو دادی نمبروَن تھیں۔ راہل کے نام رکھنے کی تقریب کا موقع آیا تو اندرا یکے بعد دیگرے ساری سرگرمیوں کی تفصیلات طے کرنے لگیں۔ سونیا کیلئے یہ معاملہ عجیب تھا۔ بچہ ان کا تھا اور کوئی انھیں پوچھ رہا تھا نہ شامل کر رہا تھا۔ دبے لفظوں میں انھوں نے  راجیو سے شکایت کردی۔ اندرا نے حالات کی نزاکت کا اندازہ کیا اور سونیا سے مشورہ کرنے لگیں۔

اندرا کو غصہ آتا تو سب کو کو سانپ سونگھ جاتا تھا۔ لیکن جلد ہی غصہ کافور ہوجایا کرتا۔ ایک دفعہ کھانے کی میز پر انھوں نے پلیٹ کو اتنے زور سے سے ایک طرف پھینکا کہ سب سہم گئے۔ اکثر نوکروں کو یہ سزا ملتی کہ  دیوار سے لگ کر دیر تک کھڑا رہنا پڑتا۔  پھر ان کا موڈ ٹھیک ہوتا تو وہاں سے ہلنے کی اجازت ملتی۔ سونیا نے نام حذف کیا ہے لیکن ایک دفعہ یہی سزا ایک کانگریسی لیڈر کو بھی مل چکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دانتے واڑہ کے جنگلوں میں اروندھتی کے ساتھ انجم بھی تھی

وہ آپ کو بھی مار دیں گے

کوئی بھی سوانح عمری ایک زمانی ترتیب میں چلتی ہے اور اس لحاظ سے اس کو کئی حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کتاب کی کئی اور طرح سے درجہ بندی کی جاسکتی ہے۔ تاریخی معلومات جو سونیا ساتھ ساتھ اپنے قارئین کو فراہم کرتی چلتی ہیں۔ پھر ہر حصے میں ان کے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار۔ ۱۹۸۴ء میں اندرا گاندھی کے قتل  کے واقعے کو جس طرح بیان کیا ہے، اس سے اس دن ان کی دہشت اور جذباتی انتشار کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس روز راجیو گاندھی کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنا حالات کا تقاضا تھا۔ سونیا کو یہ بات معلوم ہوئی تو وہ بپھر گئیں’’مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے کسی نے میرے دل میں خنجر اتار دیا ہو۔‘‘ شدید اضطراب کے عالم میں راجیو پر برس پڑیں،’’ آپ سےکہا گیا ( کہ وزیرِاعظم بنیں)؟ ان کی ہمت کیسے ہوئی؟ وہ لوگ کون ہوتے ہیں؟ اور پھر آپ کیوں، آپ ہی کا وزیرِاعظم بننا کیوں ضروری ہے؟ آپ نے انھیں اس تجویز کا موقع ہی کیوں دیا؟ نہیں، یہ نہیں ہوگا۔‘‘ روتے ہوئے اکھڑی سانسوں اور دلی کرب کے ساتھ سونیا دونوں ہاتھ جوڑے گڑگڑا رہی تھیں۔’’اپنے اور اپنے بچوں کی خاطر انکار کردیجئے۔ وہ آپ کو مار دیں گے، وہ آپ کو بھی ماردیں گے۔‘‘ راجیو کا جواب تھا کہ ’’ وہ تو ویسے بھی مجھے مار دیں  گے۔‘‘

پھر جب راجیو کو بھی دہشت گردوں نے بم سے اڑا دیا تو سونیا کی بہنوں نے ان سے کہا تھا کہ انھوں تمھاری ساس کا خون کیا، تمھارے شوہر کو قتل کیا۔ اگلی باری تمھاری اور تمھارے بچوں کی ہوگی لہٰذا اب بچوں کے ساتھ  اٹلی واپس چلو اور سکون کی زندگی گزارو، لیکن شائد سونیا کے ذہن پر انقلاب دستک دے رہا تھا۔ ہندوستان سے تعلق ان کو حالات کا مقابلہ کرنے پر اکسانے لگا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’حکومت کی پالیسیاں غریبوں کی ضروریات کو سمجھ کر بنائی جانی چاہئیں‘‘

کنارہ کشی سے قیادت تک

سونیا گاندھی  نے ایک عرصے تک سیاست سے دوری کے بعد بالآخر ۱۹۹۸ء میں پارٹی کی صدارت سنبھال لی۔ یہ ان کی زندگی کا ایک اور فیصلہ کن موڑ تھا۔ اس وقت کانگریس پارٹی میں انتشار تھا اور قیادت کا بحران شدت اختیار کرچکا تھا۔ ملک کی قدیم ترین پارٹی کو متحد کرنے کا چیلنج  سامنے تھا۔ پھر انہوں نے تقریباً دو دہائیوں تک کانگریس کی قیادت کی۔ 

۲۰۰۴ء کے عام انتخابات میں کانگریس کی کامیابی اور یوپی اے کی تشکیل ان کی سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ تھی۔ جب انہیں وزیر اعظم بننے کا موقع ملا تو انہوں نے اس منصب کو قبول کرنے سے انکار کردیا اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا۔ یہ فیصلہ ہندوستانی سیاست کے غیر معمولی واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ 

اپنی بیماری اورکینسر کا ذکر کرتے ہوئے سونیا نےاپنی زندگی کے ایک انتہائی ذاتی پہلو سے پردہ اٹھایا ہے۔ ۲۰۰۴ء سے ۲۰۱۴ء تک یو پی اے حکومت کے دوران اقتدار کا ڈھانچہ کچھ ایسا تھا کہ سرکار منموہن سنگھ کی تھی جو کہ اس طرح کے عوامی رہنما نہیں تھے جیسے ان سے قبل کے وزراءاعظم  تھے۔ البتہ اس کمی کو سونیا نے پر کیا۔ اس کالم نویس کو حیرت ہے کہ ہمارے سیاسی مبصرین ۲۰۱۴ء کے انتخابات میں کانکریس کی شکست فاش کے اسباب میں ۲۰۱۲ء تا ۲۰۱۴ء کے دوران سونیا کی علالت اور تھکن کو بھی ایک سبب کیوں نہیں مانتے؟ دیگر بہت سی وجوہات کے درمیان یہ بھی ایک اہم وجہ رہی ہوگی۔

سونیا پر سب سے بڑی تنقید جو ہوئی وہ ان کے اطالوی ہونے کی وجہ سے تھی۔ سیاسی مخالفین نے بارہا ان کےاطالوی پس منظر اور ہندوستانی شناخت کو سوالات کے کٹہرے میں کھڑا کیا، لیکن انہوں نے ہندوستان کو اپنا گھر قرار دینے اور یہاں کی سیاسی و سماجی زندگی کا حصہ بننے کے اپنے فیصلے سے کبھی پسپائی اختیار نہیں کی۔ یہاں ایک بنیادی سوال اٹھتا ہے: کیا کسی ملک سے تعلق کا تعین صرف جائے پیدائش سے ہوتا ہے یا اس سرزمین کے ساتھ قائم ہونے والے جذباتی، تہذیبی اور انسانی رشتے بھی اس کا حصہ ہوتے ہیں۔

نہرو گاندھی خاندان کے متعلق ہم سنتے آئے ہیں کہ وہ پشتینی رئیس رہے ہیں، لیکن پھر ایسا کیوں ہوا کہ انگلینڈ میں تعلیم کے دوران راجیو کو چھوٹے موٹے کام کرنے پڑتے تھے؟ تصور کیجئے: والدہ ہندوستان کی وزیراعظم تھیں لیکن راجیو انگلستان میں گزارے کیلئے کبھی بیکری میں، کبھی اسٹرابیری کے باغوں میں حتی کہ تعمیراتی مزدور کی حیثیت بھی کام کیا کرتے تھے۔ اسی طرح ۱۹۷۷ء میں اس خاندان کو دہلی میں اپنا ذاتی گھر نہ ہونے کی وجہ سے محمد یونس کے بنگلے میں قیام کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’عملی سیاست میں شرکت سے،سسٹم پر انگشت نمائی کی طاقت اور آزادی مجروح ہوتی ہے‘‘

انسیت، خسارہ اور رشتہ

کتاب کی بڑی خوبی اس کا ذاتی اور انسانی پہلو ہے۔ سونیا نے اپنے خاندان، شوہر، بچوں اور ساس کے متعلق جس محبت و خلوص سے لکھا ہے، وہ قاری کو ان کی زندگی کے قریب لے آتا ہے۔ ان کے بیان میں کہیں کہیں ایسی خاموش اداسی بھی محسوس ہوتی ہے جو شاید الفاظ میں پوری طرح بیان نہیں ہوسکتی۔

آج سونیا گاندھی روزمرہ کی سیاسی سرگرمیوں میں زیادہ متحرک نہیں، لیکن کانگریس اور قومی سیاست میں ان کی اہمیت برقرار ہے۔ راہل اور پرینکا کے ذریعے بھی ان کا خاندان قیادت فراہم کررہا ہے۔ گاندھی خاندان کی سیاست کے متعدد امور پر اختلاف  کے باوجود یہ مبصر کتاب کی اشاعت کے اس موقع پر اعتراف کرتا ہے کہ زعفرانی سیاست کے اس سیلاب کے سامنے جہاں بڑے بڑوں کے انجر پنجر ڈھیلے ہوگئے، سونیا اور ان کی اولاد ایک موثر اپوزیشن فراہم کرنے کی جی توڑ کوشش کررہے ہیں۔  ایک سنجیدہ قاری کیلئے اس کتاب کو تنقیدی نگاہ سے پڑھنابھی ضروری ہے۔ بالخصوص ایمرجنسی، ۱۹۸۴ء کے فسادات، بابری مسجد اور کانگریس کے بعض متنازع سیاسی فیصلوں کے بارے میں مزید تفصیلی اور غیر جانبدارانہ وضاحت کی گنجائش موجود تھی۔ سونیا کی زبان میں احتیاط کا عنصرنمایاں طور پر شامل ہے۔

سونیا گاندھی کو ہندوستان میں محبت بھی ملی، مخالفت بھی؛ عزت بھی حاصل ہوئی اور تنقید بھی لیکن ان سب کے درمیان ان کا اس سرزمین سے تعلق برقراررہا۔’ بیلانگنگ‘ محض ایک خودنوشت نہیں بلکہ ایک ایسی عورت کی طویل مسافت کا احوال ہے جس نے ایک اجنبی سرزمین پر قدم رکھا تھا مگر وقت کے ساتھ اسی سرزمین کو اپنا گھر، اپنی شناخت اور اپنی وابستگی کا مرکز بنا لیا۔ شاید اسی لیے اس کتاب کا عنوان اس پوری داستان کا نچوڑ بن جاتا ہے: اپنائیت کبھی ورثے میں نہیں ملتی، اسے زندگی کے تجربات، محبت اور قربانیوں سے حاصل کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK