Updated: November 29, 2026, 4:40 PM IST
| Mumbai
یوپی میں آئندہ ہونےوالے اسمبلی انتخابات پر پورے ملک کی نگاہیں ہیں۔ اس الیکشن میں اپنی حکومت بچانے کیلئے جہاں بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، وہیں سماجوادی پارٹی اور کانگریس بھی اقتدار میں واپسی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہ رہی ہیں،اسلئے دونوں اتحاد کیلئے بھی کوشاں ہیں لیکن کئی دنوں سے دونوں ہی پارٹی کے بعض لیڈران کی جانب سے غیر سنجیدہ بیانات آرہے ہیں، جس سے نقصان ہی کا خدشہ ہے۔ اسی حوالے سے ہم نے اپنے قارئین سے اتحاد کی اہمیت و ضرورت پر کچھ جاننے کی کوشش کی ہے۔
یہ تاثر عام ہے کہ راہل گاندھی اور اکھلیش یادو نے اگر سمجھداری کا مظاہرہ کیا تو یوپی میں بی جے پی کو ناکوں چنا چبواسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
راہل اوراکھلیش، بی جے پی کی رخصتی کا راستہ ہموار کریں

بی جے پی پر اپوزیشن کا یہ الزام ہے کہ وہ کو ٹلیہ کے طرز حکمرانی کے چاروں اصولوں( سام، دام،دنڈ، بھید) کے علاوہ ووٹ چوری کو اپنانے کے ساتھ ہی اب خواتین ووٹرس کو ان کے اکاؤنٹ میں پیشگی روپیہ جمع کرکے وہ ہر صورت میں الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔لیکن بی جے پی پر صرف ا لزام تراشی سے کام نہیں چلے گا۔ اپوزیشن کو بھی چاہئے کہ وہ کیل اور کانٹوں سے لیس ہوکر اس کا مقابلہ کرے۔ آئندہ کچھ مہینوں میں اترپردیش میں اسمبلی انتخابات ہیں جس کیلئے کانگریس اور سماجوادی کے درمیان اتحاد کی کوششیں ہورہی ہیں لیکن ابھی تک اونٹ کسی کروٹ بیٹھ نہیں سکا ہے۔راہل اور اکھلیش بخوبی واقف ہیں کہ وہ دونوںایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،جس طر ح لوک سبھا الیکشن میں دونوں لیڈران کی دانشمندانہ چالوں نے بی جے پی کو چاروں شانے چت کر دیا تھا، اسی طرح ابھی یوپی اسمبلی انتخابات میں بھی یہ جوڑی اپنا کرشمہ دکھا سکتی ہے۔ یہ بات بہت مشہور ہے کہ دہلی کا راستہ یوپی سے گزرتا ہے۔اسلئے ضروری ہے کہ راہل اور اکھلیش بی جے پی پر الزام تراشی کے بجائے عملی قدم اٹھائیں اور بی جے پی کی رخصتی کا راستہ ہموارکریں۔
زبیراحمد بوٹکے (سماجی خدمت گار،نالا سوپارہ)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
غیر ذمہ دارانہ بیانات اتحاد کی فضا کو خراب کر سکتے ہیں

اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا ساتھ آنا محض ایک انتخابی سمجھوتہ نہیں بلکہ اپوزیشن کے ووٹ کو بکھرنے سے بچانے کی عملی ضرورت ہے۔ پچھلے کچھ برسوں کے سیاسی اور انتظامی ماحول میں اقلیتی طبقے کے تحفظ، عوامی نمائندگی اور اعتماد کے حوالے سے جو سوال کھڑے ہوئے ہیں انہوں نے اپوزیشن کیلئے یکجہتی کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھا دی ہے۔ چار سو تین حلقوں پر پھیلی اس بڑی ریاست میں ہر خطے اور برادری کا سماجی تانا بانا اپنی الگ پہچان رکھتا ہے جہاں ووٹ کی معمولی سی تقسیم بھی اقتدار کا رخ بدل سکتی ہے۔امکانات کی بات کریں تو یہ اشتراک پسماندہ، دلت اور اقلیتی طبقات کی زمینی سیاست کو کانگریس کے روایتی اثر اور قومی شناخت کے ساتھ جوڑ سکتا ہے جس سے ان طبقات میں سیاسی اعتماد لوٹنے کی امید پیدا ہوتی ہے۔دوسری طرف خدشات بھی نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔ سب سے بڑی رکاوٹ سیٹوں کی تعداد پر کھینچا تانی ہے، جس میں ہر فریق اپنا وزن اثر و رسوخ دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔ علاوہ ازیں بعض لیڈروں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اتحاد کی فضا کو خراب کر سکتے ہیں۔ اگر دونوں جماعتوں کی قیادت جذباتی بیانات کے بجائے خاموش بات چیت، باہمی وقار اور زمینی سطح پر ووٹوں کے مؤثر تال میل کو یقینی بنائے تو یہ اتحاد دیر پا نتیجہ دے سکتا ہے۔ ورنہ سیٹوں کی ضد اور بیانات کی تلخی اپوزیشن کی رہی سہی طاقت بھی کمزور کر دے گی۔
آصف جلیل احمد(معاون معلم، مالیگاؤں)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: سماجوادی لیڈر محمد اعظم خان کی رہائی کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں؟
دونوں پارٹیوں کومل کر طے کرلینا چاہئے کہ کیا بولنا ہے اور کیا نہیں

سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد موجودہ سیاسی حالات میں نہایت ضروری ہے۔ اگر دونوں جماعتیں الگ الگ انتخابات لڑتی ہیں تو مخالف ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ بی جے پی کو پہنچ سکتا ہے۔ اس کے برعکس، اتحاد کی صورت میں سیکولر اور جمہوری ووٹوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر جمع کیا جا سکتا ہے۔اگر دونوں پارٹی مل کر ایک وزیرِ اعلیٰ کا بھی اعلان کر دیں اور بہتر ہو گا ....اور مل کر یہ بھی طے کر لیں کہ کیا بولیں کہ آپس میں اختلاف نا ہونے پائے ۔
سماجوادی پارٹی کو ریاست میں مضبوط تنظیم اور علاقائی سیاسی بنیاد حاصل ہے، جبکہ کانگریس کو قومی سطح پر اپنی شناخت اور مختلف طبقات تک رسائی حاصل ہے۔ دونوں جماعتوں کی مشترکہ حکمتِ عملی عوام کے سامنے ایک متبادل حکومت کا تصور پیش کر سکتی ہے۔اتحاد کے امکانات اس وقت زیادہ روشن ہو سکتے ہیں جب دونوں جماعتیں اپنی سیاسی انا کو بالائے طاق رکھ کر عوامی مفاد کو ترجیح دیں۔ نشستوں کی تقسیم میں زمینی حقیقت، امیدوار کی مقبولیت اور متعلقہ حلقے میں پارٹی کی طاقت کو اہمیت دی جانی چاہیے۔اس اتحاد سے کئی خدشات بھی ہیں۔ دونوں کے بعض لیڈروں کے متضاد بیانات، کارکنوں کے درمیان عدم اعتماد اور نشستوں کی تقسیم پر اختلافات انتخابی مہم کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں جماعتیں مشترکہ انتخابی پروگرام تیار کریں اور عوام کے بنیادی مسائل کو اپنی مہم کا مرکز بنائیں۔
انصاری اخلاق احمد محمد اسماعیل(کھیر نگر مونسپل سیکنڈری اسکول،باندرہ، مشرق)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: پانی کی قلت دور کرنے اور پانی بچانے کیلئے شہریوں کو کیا کرنا چاہئے؟
مل کر لڑیں تو بی جے پی کو خاک چٹا سکتی ہیں

اترپردیش میں سماجوادی اور کانگریس کے درمیان اتحادسیاسی ضرورت بھی ہے اور مجبوری بھی۔۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات نے ثابت کیا تھا کہ اگر دونوںمل کر لڑیں تو بی جے پی کو خاک چٹایا جاسکتا ہے۔ الگ الگ لڑنے سے سیکولر ووٹ تقسیم ہو جاتا ہے، جس کا فائدہ سیدھا بی جے پی کو پہنچتا ہے۔ اسلئے اتحاد صرف سیٹوں پر سمجھوتے کا نہیں بلکہ ووٹوں کے بکھراؤ کو روکنے کی حکمت عملی ہے۔امکانات کے اعتبار سے دیکھا جائے تو سماجوادی کے پاس یادو، مسلم اور پسماندہ طبقات کی مضبوط زمینی طاقت ہے جبکہ کانگریس کے پاس برہمن، دلت اور شہری متوسط طبقے میں اب بھی گنجائشیں موجود ہیں۔ اگر دونوں جماعتیں نچلی سطح پر کارکنوں کو جوڑیں، مشترکہ منشور بنائیں اور امیدواروں کے انتخاب میں ایمانداری برتیں، تو یہ اتحاد بی جے پی کے سامنے ایک سنجیدہ متبادل بن سکتا ہے۔
لیکن خدشات بھی کم نہیں ہیں۔ سب سے بڑا خدشہ سیٹوں کی تقسیم پر ہے۔ دونوں جماعتوں کے مقامی لیڈر ایک دوسرے کے خلاف انتخاب لڑنے کے عادی ہیں، اسلئے کارکنوں میں باہمی اعتماد کی کمی ہے۔ دوسرا خدشہ قیادت کا ہے۔ اکھلیش اور کانگریس کی ریاستی قیادت میں فیصلہ سازی کا واضح طریقہ کار نہ ہونے سے اتحاد میں دراڑ پڑ سکتی ہے،اسلئے کافی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
جاوید رحمان خان (گوریگاؤں ویسٹ، ممبئی)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ:’یور مدر، یور مدر، یور مدر‘ کی پزیرائی مگر سماج میں ماں کی کتنی اہمیت؟
دونوں کوذاتی مفاد سے اوپر اٹھنے کی ضرورت ہے

اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کافی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں جماعتیں اگر مل کر الیکشن لڑتی ہیں تو بی جے پی کو مضبوط مقابلہ دے سکتی ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے اپنے اپنے ووٹر ہیں۔ اگر یہ ووٹ ایک ساتھ آ جائیں تو انتخابی نتائج پر اچھا اثر پڑ سکتا ہے۔ دونوں کے اتحاد سے ووٹوں کی تقسیم رک سکتی ہے، جس کا فائدہ اپوزیشن کو مل سکتا ہےلیکن اس اتحاد کے سامنے کچھ مشکلات بھی ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ سیٹوں کی تقسیم کا ہے۔ دونوں جماعتیں زیادہ سے زیادہ نشستوں پر الیکشن لڑنا چاہیں گی۔ اس کے علاوہ دونوں پارٹیوں کے کچھ لیڈروں کے بیانات بھی آپسی اختلافات کو بڑھا سکتے ہیں۔ اگر دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو سمجھنے اور ساتھ لے کر چلنے کی کوشش نہیں کی تو اتحاد کامیاب ہونا مشکل ہو سکتا ہے۔میری رائے میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات سے اوپر اٹھ کر اتحاد کرنا چاہیے۔ انہیں عوام کے مسائل، بے روزگاری، تعلیم، مہنگائی اور کسانوں کی پریشانیوں کو اہمیت دینی چاہیے۔ صرف اتحاد کا اعلان کافی نہیں بلکہ دونوں جماعتوں کے درمیان اعتماد اور اچھا تال میل بھی ضروری ہے۔اگر دونوں پارٹیاں سمجھداری سے کام لیں اور مل کر الیکشن لڑیں تو یہ اتحاد اترپردیش کی سیاست میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مومن ناظمہ محمد حسن( لیکچر ار، ستیش پردھان گیان سادھنا کالج تھانے)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: دہلی پولیس کی مظاہرین پر سختی کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟
کانگریس اور سماجوادی کے اتحاد سے صرف یوپی میں نہیں بلکہ پورے ملک میں فائدہ ہوگا

اگراترپردیش میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس آپس میں اتحاد کر لےتو اس کاسب سے بڑافائدہ یہ ہوگا کہ حکمراں طبقے کی نمائندگی کم ہوگی اور ملک میں اپوزیشن مضبوط ہو گی۔ اگر یوپی میں سماجوادی اور کانگریس اتحاد اور اتفاق کے ساتھ کامن منیمم پروگرام کے تحت الیکشن لڑتی ہیں تو اس کا فائدہ دونوں پارٹیوں کوہوگا۔ سماجوادی پارٹی اترپردیش کی ایک بڑی پارٹی ہے اوروہاں وہ اپنے وجود کو ثابت کرسکتی ہے۔اسی طرح کانگریس کو زندہ رہنے کیلئے اورقومی سیاست میں اپنا مقام بنانے کیلئے اتحاد کرنا ضروری ہے۔کہا جاتاہے کہ اترپردیش اسمبلی میں جِس پارٹی کی حکومت قائم ہوتی ہے اس کو پارلیمنٹ کے الیکشن جیتنے میں مدد ملتی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ ان دونوں پارٹیوں میں اتحاد کے امکانات کے ساتھ خدشات کیا کیا ہیں؟ سب سے بڑاخدشہ تو یہ ہے کہ سیٹوں کی تعداد کو لےکران کے درمیان آپسی رسہ کشی ہو سکتی ہے۔ کارکنان کی مقامی ناراضگی بھی ایک اہم چیلنج کی شکل میں سامنے آسکتی ہے مگر یہ بات یادرکھنی چاہیے کہ سماجوادی کے پاس اترپردیش کی زمین ہے۔ زمینی حدتک وہ پارٹی وہاں پر کافی مضبوط ہے جبکہ کانگریس ایک پرانی پارٹی ہے اور اس کا اپنا ایک ویژن ہے۔ خیال رہے کہ کانگریس اور سماجوادی کے اتحاد سے صرف اترپردیش میں فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس کی وجہ سے پورے ملک میں سیکولر طاقتوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اسماعیل سلیمان (صدر مدرس ضلع پریشد جلگاؤں)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: سنبھل تشدد، ملا افروز کی رہائی، عدالتی فیصلے کے دیگر مقدمات پر اثرات؟
سماجوادی اور کانگریس کا اتحاد اترپردیش کیلئے بہت ضروری ہے
اترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد موجودہ سیاسی حالات میں کافی اہم ہے۔ اترپردیش ملک کی سیاست میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ یہاں کی سیاست کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے۔ ایسے میں اگر بی جے پی کو مضبوط مقابلہ دینا ہے تو اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا بہت ضروری ہے۔ سماجوادی اور کانگریس دونوں کی اپنی اپنی سیاسی طاقت ہے۔ سماجوادی کی ریاست میں مضبوط پکڑ ہے جبکہ کانگریس کی ملک بھر میں پہچان اور اپنا ووٹ بینک ہے۔ اگر دونوں پارٹیاں مل کر الیکشن لڑتی ہیں تو ووٹوں کی تقسیم رک سکتی ہے ۔ اس اتحاد سے سیکولر سوچ رکھنے والے ووٹروں کو بھی ایک مضبوط متبادل ملے گا۔میری نظر میں سماجوادی اور کانگریس کا اتحاد اترپردیش کیلئے بہت ضروری ہے۔ لیکن صرف اتحاد کا اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ دونوں کو ایمانداری کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔ اگر دونوں پارٹیاں متحد ہوکر عوام کے مسائل کو اپنا انتخابی موضوع بناتی ہیں تو اِس سے یوپی میں انشاء اللہ نظر آنے والی ترقی دیکھی جا سکتی ہے ۔
اقراء فہیم احمد( میرا روڈ)
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: ایف ڈی اے کی کارروائیوں کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں؟
یوپی میں سیکولر بالخصوص مسلم ووٹوں کی تقسیم کو روکنا بہت ضروری ہے

اتر پردیش میں آ ئند ہ ہونے والے انتخابات کے تعلق سے بہت غور وفکر اور سنجیدگی سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔بی جے پی اقتدار کے نشے میں چور ہے ،اسے پورا یقین ہے کہ آ ئند ہ ہونے والے انتخابات میں بھی ہماری فتح کا پر چم لہرائے گا ۔ایسے نازک وقت میں سماج وادی اور کانگریس کا اتحاد اشد ضروری ہے۔ اور اسے تا دیر قائم رکھنا ہوگا ۔دونوں جماعتوں کو ہر فیصلہ باہمی اتفاق،سیاسی سوجھ بوجھ اور شائستگی سے کرنا ہوگا ۔اس اتحاد کو مزید تقویت پہنچانے اور ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کیلئے حتی المقدور کوشش ہونی چاہیے ۔دو نوں جماعتوں کو سیٹوں کی تقسیم میں بھی بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ایسے قول و عمل سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے جو اتحاد کیلئے نقصاندہ اور غیر ضروری ہو اور اختلاف کا سبب بنے۔ر اہل گاندھی اور اکھلیش یادو کو عوامی جلسوں میں دوران بہت محتاط رہ کے خطاب کرنا ہوگا۔
اتر پردیش جیسی ریاست میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے فی الحال یہ اتحاد بہت ضروری ہے۔ اتحاد کے بغیر موجودہ حکومت کو زیر کرنا مشکل ہی نہیں غیر ممکن ہے۔اگر سماج وادی کی بات کریں تو اتر پردیش میں یادوؤں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی بھی بہتر حمایت حاصل ہے،اسلئے اس اتحاد سے بی جے پی کو ہرایا جا سکتا ہے۔ایم آئی ایم اور چندر شیکھر آ زاد کے اتحاد کی وجہ سے مسلم ووٹرس کے تقسیم ہو نے کا خدشہ ہےلیکن اگر یہ اتحاد مضبوطی اور تال میل کے ساتھ میدان میں اترے،تو اس مسئلے پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔
مقصود احمد محمد امین انصاری(سابق معلم رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج بھیونڈی)
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر میں ابھی ختم ہوئےاسمبلی انتخابات کے نتائج کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں اور مطمئن ہیں؟
دونوں میں اتحاد، سیاسی مصلحت نہیں بلکہ وقت کا ناگزیر تقاضا ہے

اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی منظم انتخابی حکمتِ عملی اور اقتدار کی طاقت کا مقابلہ کرنے کیلئے سماجوادی اور کانگریس کے درمیان اتحاد محض ایک سیاسی مصلحت نہیں بلکہ وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات نے واضح کر دیا ہے کہ جب اپوزیشن کے ووٹ تقسیم ہونے سے بچتے ہیں اور ’پی ڈی اے‘ (پسماندہ، دلت، اقلیت) کی طاقت کے ساتھ کانگریس کا روایتی ووٹ بینک جڑتا ہے، تو حکمراں جماعت کو شکست دینا ممکن ہو جاتا ہے۔ اگر یہ دونوں جماعتیں الگ الگ میدان میں اترتی ہیں تو سیکولر اور حکومت مخالف ووٹوں کا بکھراؤ یقینی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ بی جے پی کو پہنچے گا۔اس اتحاد کے روشن امکانات پر نظر ڈالیں تو یہ ریاست کی سیاست میں فیصلہ کن تبدیلی لا سکتا ہے۔ کانگریس کے پاس قومی سطح کا بیانیہ اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کا مضبوط ایجنڈا ہے، جبکہ سماجوادی پارٹی کے پاس اترپردیش کے ہر حلقے میں مضبوط تنظیمی ڈھانچہ اور عوامی بنیاد موجود ہے۔تاہم، اس اتحاد کو لاحق خدشات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حالیہ دنوں میں نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے بعض مقامی لیڈران کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بعض حلقوں میں یکطرفہ دعوؤں نے کارکنان میں بددلی پیدا کی ہے۔ مزید برآں، زمینی سطح پر دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان ووٹوں کی مکمل منتقلی ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اعلیٰ قیادت ذاتی انا کو بالائے طاق رکھے اور جیتنے کی صلاحیت کی بنیاد پر سیٹوں کی منصفانہ تقسیم کرے تاکہ ریاست کے عوام کو ایک مضبوط، متحد اور قابلِ بھروسہ متبادل فراہم کیا جا سکے۔
جواد عبدالرحیم قاضی(ساگویں، راجاپور، رتناگیری)