Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونم کی بھوک ہڑتال کا ۱۹؍ واں دن، حکومت تماشائی مگر عوامی حمایت میں اضافہ

Updated: July 16, 2026, 9:30 AM IST | New Delhi

شبانہ اعظمی، منور فاروقی، ششی تھرور اور دیگر نے بھی اَنشن ختم کرنے کی اپیل کی، کانگریس ایم پی پرشانت پڈولے جنتر منتر پہنچے، آج راکیش ٹکیت بھی پہنچیں گے۔

The crowd arriving at Jantar Mantar with Chandrashekhar Azad on Wednesday. Photo: INN
چندر شیکھر آزاد کے ساتھ جنتر منتر پر بدھ کو پہنچنے والی بھیڑ۔ تصویر: آئی این این

 بدھ کو سونم وانگ چک کی بھوک ہڑتال کے ۱۸؍ویں  دن بھی حکومت نے ان کی خبر نہیں لی حالانکہ ان کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے اور وزن ۹؍ کلو گھٹ گیاہے۔ان کے پٹھے کمزور ہورہے ہیں  اور بار بار  ان پر غنودگی طاری ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم حکومت اب تک خاموش تماشائی بنی ہوئی  ہے جبکہ عوامی سطح پر ان کو اور کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کو ملنے   والی حمایت میں اچانک تیزی آگئی ہے۔ 
 بدھ کو مہاراشٹر کے بھنڈارہ  سےکانگریس کے ایم پی پرشانت پڈولے نے جنتر منتر پہنچ کر سونم وانگ چک کی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا اورعہد کیا کہ  ۲۰؍ جولائی کو وہ بھی پارلیمنٹ مارچ میں شامل ہوںگے۔  بدھ کوکئی اہم شخصیات نے جنتر منتر پہنچ کر وانگ چک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ جمعرات کو کسان لیڈر راکیش ٹکیت اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال نے بھی جنتر منتر پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔  جن لوگوں نے سونم وانگ چک کی حمایت کرتے ہوئے ان سے  بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے ان میں معروف اداکارہ شبانہ اعظمی،  اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی، فلم ڈائریکٹر انوراگ کشیپ،سونی رازدان،  کانگریس لیڈر ششی تھرور اور دیگر شامل ہیں۔ بدھ کو احتجاج میں پہنچنے والوں  میں  اہم نام رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد کا بھی شامل  ہے جبکہ قومی میڈیا کی  توجہ نہ ہونے کے باوجود عوام کی بھیڑ میں بھی بدھ کو غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ۔ 
 منور فاروقی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ  میں لکھا ہے کہ ’’یہ بھوک ہڑتال ملک کے تعلیمی نظام اور طلبہ کی بہتری کیلئے ہے۔ حکومت کو پرچہ لیک کے مسئلے کے حل کیلئے شفافیت پر مبنی مؤثر قدم اٹھانے چاہئیں۔ سونم وانگ چک ملک کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘ شبانہ اعظمی نے لکھا  ہے کہ ملک کو  سونم جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’ہمیں آپ پر فخر ہے۔ ہم آپ سے مخلصانہ درخواست کرتے ہیں کہ بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔‘‘ سونی رازدان نے بھی انسٹاگرام  پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا  ہے کہ ’’ہم سب آپ کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔ براہِ کرم ہمیں اس طرح چھوڑ کر نہ جائیں۔ زندہ رہیں تاکہ اپنی جدوجہد جاری رکھ سکیں۔‘‘

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK