Inquilab Logo Happiest Places to Work

عوام کا کام کیجئے ورنہ میں عہدے سے برطرف کر دوں گا: شندے کا وزراء کو انتباہ

Updated: August 06, 2026, 12:16 PM IST | Mumbai

نائب وزیر اعلیٰ نے ۴؍ وزراء کا نام لے کر کہا کہ وہ اپنا ریکارڈ درست کریں ، پارٹی کو بڑھانے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنے کی ہدایت۔

Eknath Shinde. Photo: INN
ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این

نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اس وقت اپنی پارٹی کے کچھ لیڈران سے سخت ناراض نظر آ رہے ہیں ۔ منگل کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ سے پہلے، انہوں نے کابینہ میں شامل اپنی پارٹی کے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ عوام کا کام کریں ورنہ انہیں برطرف کر دیا جائے گا۔  اہم بات یہ ہے کہ ایکناتھ شندے نے ۴؍ وزراء کا باقاعدہ نام لے کر انہیں انتباہ دیا ہے۔ 

  ریاستی کابینہ کی میٹنگ ہر منگل کو ہوتی ہے۔ اس میٹنگ سے مہایوتی کی تینوں پارٹیوں  بی جے پی، شیو سینا (شندے) اور این سی پی(اجیت)کی الگ الگ میٹنگیں ہوتی ہیں۔ اطلاع کے مطابق  اس میٹنگ میں شیوسینا (شندے) سربراہ اورنائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےنے اپنے کچھ وزراء پر کڑی تنقید کی ۔ حتیٰ کہ انہوں نےان وزراء کو واضح انتباہ دیا ہے کہ اگر آنے والے وقت میں ان کی کارکردگی بہتر نہیں ہوتی ہے تو انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس سے فی الحال شیوسینا کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ میٹنگ میں ایکناتھ شندے نے چار وزراء کی کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کی اور ان  سے کہا کہ عوامی کام کریں، اپنے حلقے میں پارٹی کی ترقی پر توجہ دیں۔ ورنہ  ان کا پتہ کٹنا طے ہے۔ شندے نے خاص کر ودربھ، مراٹھواڑہ، اور مغربی مہاراشٹر میں شیوسینا کو تنظیمیں طور پر مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  ایکناتھ شندے نے میٹنگ میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وزراء عوام کے کام نہیں کر رہے ہیں۔ شیوسینا کے یہ چار وزراء کون ہیں جنہیں ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا اس کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم اس موقع پر یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آئندہ کابینہ کی توسیع میں شیو سینا کے کون سے وزراء اپنی وکٹ گنوائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ہنگولی: گئو ہتیا کے الزام پر نائب صدر بلدیہ عمران علی کو استعفیٰ دینا پڑا

اس سے قبل  ایکناتھ شندے نے ممبئی کے میرا بھائندر علاقے میں کارپوریٹروں کے تربیتی کیمپ میں بھی کارپوریٹروں کی باز پرس کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک کارپوریٹر شہر کا مالک نہیں  ہوتا بلکہ خادم ہوتا ہے۔ کچھ کارپوریٹرسمجھتے ہیں کہ میں منتخب ہو گیا ہوں تو  اب وارڈ کا سات بارہ  میرے نام پر ہو گیا ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے، جو لوگ ایسا کریں گے وہ اگلے الیکشن میں نو دو گیارہ ہو جائیں گے۔ اس  لئے ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ ایکناتھ شندے نے کارپوریٹروں کو مشورہ دیا کہ عوام نے ہمیں ایک موقع دیا ہے اس لئے ان کی خدمت کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK