Inquilab Logo

کیا آپ تجارتی قرض لینا چاہتے ہیں ؟ یہ باتیں جان لیں

Updated: January 29, 2023, 11:26 AM IST | mubashshir akbar | Mumbai

کاروبار شروع کرنا اور اسے توسیع دینا بہت آسان نہیں ہے لیکن اس کیلئے کسی مالیاتی ادارہ سے قرض لینا اس وقت مشکل ہوجاتا ہے جب آپ کے کاغذات نا مکمل ہوں

Although business loans are not easily available, those with strong paper work can easily get a loan.
ہر چند کہ بزنس لون آسا نی سے دستیاب نہیں ہوتا لیکن جن کا پیپر ورک مضبوط ہے وہ آسانی سے قرض لے سکتے ہیں۔

کسی بھی میدان میں بزنس شروع کرنا اور اس میں قدم جمانا مشکل نہیں ہے بشرطیکہ آپ کے پاس سرمایہ ہو لیکن ۹۰؍ فیصد معاملات میں یہی دیکھا گیا ہے کہ سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے اہم تجارتی مواقع سے ہاتھ دھونا پڑ جاتا ہے۔ ان حالات میں بزنس لون کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے کیونکہ یہ کسی بھی بزنس کیلئے لائف لائن کا کام کرتا ہے۔ بزنس لون کی مختلف اقسام ہیں۔ہر چند کہ بزنس لون آسا نی سے دستیاب نہیں ہوتا لیکن جن کا پیپر ورک مضبوط ہوتا ہے ان کیلئے کسی قرض دہندہ ادارے یا بینک سے لون حاصل کرنا مشکل نہیں ہوتا۔ اس میں بھی کچھ اہم باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جیسے کہ آپ کون سا کاروبار کررہے ہیں اور مارکیٹ میں اس کی نوعیت کیا ہے ؟اس کا ڈھانچہ کیسا ہو گا ؟ ٹیکس کس طرح سے ادا کئے جائیں گے اور آپ ابتدائی طور پر ٹیکس کے کس زمرے میں آتے ہیں؟ اگر آپ کسی پارٹنر کے ساتھ کام کرتے ہیں تو کیا آپ کے پاس تحریری معاہدہ ہے؟ اس کے علاوہ سائبر اسپیس، ویب سائٹس اور انٹرنیٹ کے قوانین مسلسل بدل رہے ہیں۔ اگر آپ ویب سائٹ یا آن لائن کاروبار کرتے ہیں تو اس تعلق سے قرض یا فنڈنگ حاصل کرنے کی نوعیت مختلف ہو گی۔ جانئے قرض کی ۶؍ اقسام کے بارے میں: 
(۱) ورکنگ کیپٹل لون : یہ عام قرض کاروبار کرنے والے افراد ، چھوٹی کمپنیاں یا ادارے حاصل کرتے ہیں۔ اس قرض کا استعمال بزنس کو بڑھانے جیسے پروڈکشن میں اضافہ ، سپلائی کو بہتر بنانے، خام مال کی خریداری ، بزنس کی توسیع یا شراکت میں اضافہ اور اسی طرح کے بنیادی کاموں میں ہوتا ہے۔ یہ قرض چھوٹی مد ت کیلئے فراہم کیا جاتا ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے چھوٹی اور درمیانی درجے کی فیکٹری قائم کرنے اور انہیں جاری رکھنے کیلئے اس طرح کا قرض فراہم کیا جاتا ہے جس کی حد ۴۰؍ لاکھ روپے سے کم ہوتی ہے۔ 
(۲) ٹرم لون : وہ قرض ہوتا ہے جومعینہ مدت کے اندر ادا کرنا ہو تا ہے۔ یہ شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم دونوں ہوتا ہے۔ اس کی میعاد ۱۲؍ ماہ تا ۵؍ سال ہوتی ہے۔ اگر اس مدت کے دوران قرض ادا نہیں کیا گیا تو اس پر بھاری شرح میں سود عائد ہوجاتا ہے۔ قرض دہندگان اسے ٹرم کے حساب سے بھی جاری کرتے ہیں۔
(۳) لیٹر آف کریڈٹ: یہ قرض عام طور پر امپورٹ اور ایکسپورٹ کرنے والے اداروں یا کمپنیوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے تحت بینک یا قرض دہندہ ادارےکسی کمپنی کو گیارنٹی جاری کرتے ہیں کہ وہ ان کی پیمنٹ ادا کردینگے۔ عام طور پر بیرون ملک تجارت کیلئے کمپنیوں کو کسی نہ کسی گیارنٹر کی ضرورت ہوتی ہے اور لیٹر آف کریڈٹ اسی گیارنٹی کا حصہ ہوتا ہے۔ اس سے تجارت میں دھوکہ یا دیگر پریشانی کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
(۴) مشینری لون : یہ قرض عام طور پر کسی کمپنی میں پرانی مشینوں کو ہٹاکر ان کی جگہ نئی اور جدید مشینیں لگانے کیلئے دیا جاتا ہے۔ یہ قرض بڑی کمپنیوں کو فراہم کیا جاتا ہے لیکن چھوٹی کمپنیاں بھی اسے حاصل کرسکتی ہیں۔
(۵) حکومت کے فراہم کردہ قرض : مرکزی اور ریاستی حکومتیں ملک میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ کیلئے یہ قرض فراہم کرتی ہیں جو چھوٹے کاروباری، اداروں ، بڑی کمپنیوں حتیٰ کہ فرد واحد کو بھی دیا جاتا ہے۔ اس کیلئے حکومت کی مختلف اسکیمیں ہیں جن کا بغور مطالعہ کے بعد اپنی ضرورت کے مطابق قرض لینے والا درخواست دے سکتا ہے۔ اس وقت پردھان منتری مدرا لون حاصل کرنا آسان بتایا جاتا ہے۔
(۶) اسٹارٹ اپس : اس شعبے کو فروغ دینے کیلئے حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے جس کے تحت نئے آئیڈیاز کو کاروبار کی شکل دینے کیلئے حکومت کی جانب سے فنڈنگ کی جاتی ہے۔ یہ تجربہ مغربی ممالک میں خاصا کامیاب ہو چکا ہے اس لئے ہماری حکومت بھی یہ طریقہ اپنانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کے تحت مختلف اسٹارٹ اپس کھڑے کئے گئے ہیں جیسے فلپ کارٹ، سویگی ، زومیٹو ، اولا موٹرس وغیرہ۔ یہ تمام مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ ہندوستان میں بھی اس طریقےسے بڑی بڑی کمپنیاں کھڑی کی جاسکتی ہیں۔ اس کے تحت حکومت نے قرض دینے کیلئے باقاعدہ ویب سائٹس بنائی ہیں ۔
 بزنس لون لینے کے سلسلے میں وکرانت گپتا ، جن کا ممبئی میں ایکسپورٹ کا کاروبار ہے ، نے بتایا کہ ’’ پہلی یا دوسری مرتبہ قرض حاصل کرنا کافی دشوار ہوتا ہے کیونکہ بینک یا قرض دینا والا کوئی بھی دیگر ادارہ تمام کاغذات اور دستاویز مکمل چاہتا ہے۔ اگر ایک بھی دستاویز مکمل نہیں ہے تو آپ کی درخواست مسترد ہوجاتی ہے اسی لئے قرض حاصل کرنے والے افراد سب سے پہلے کاغذی کارروائی مکمل کریں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ نے قرض کیلئے پہلی مرتبہ درخواست دی ہے تو سب سے پہلے بینک یہ دیکھے گا کہ آپ قرض واپس کرنے کی استطاعت رکھتے ہیںیا نہیں ، اس کےبعد وہ آپ کے کاغذات اور بینک کے دیگر ٹرانزیکشن دیکھے گا۔ اگر ا س معاملےمیں آپ کا ریکارڈ بہتر ہے تو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور پھر آپ کے پیش کردہ منصوبے کی جانچ ہوگی۔ اگر آپ کی کوئی دکان ہے تو اس کی مارکیٹ ویلیو کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔اگر آپ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے خواہشمند ہیں تو پھر آپ کے منصوبے کے مطابق اس پر غور کیا جائے گا۔اس کے بعد قرض کی ویلیو جانچنے کے بعد ۸۰؍ سے ۹۰؍ فیصد تک قرض منظور کیا جائے گا۔‘‘
  ممبئی میں ایک دکان کے مالک عارف خان نے اپنے تجربات بتائے کہ ’’ تجارتی قرض حاصل کرنا پہلی مرتبہ مشکل ہے کیونکہ آپ کے پاس قرض لینے کا کوئی تجربہ نہیں ہو تا لیکن ایک مرتبہ آپ کو تجربہ ہو جائے تو پھر یہ کام مشکل نہیں ہو تا۔‘‘ عارف خان کے مطابق انہوں نے اپنی دکانوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے قرض حاصل کیا تھا۔ اس کیلئے انہیں کافی تگ و دو کرنی پڑی تھی۔ لیکن جب تمام مراحل بحسن خوبی مکمل ہوگئے تو دوسری مرتبہ قرض لینے کیلئے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ انہوں نے تجارتی قرض لینے کے خواہشمندوں کو مشورہ دیا کہ وہ وقت پر قسط ادا کریں اس سے بینک آپ پر دوسری مرتبہ بھروسہ کرنے میں نہیں ہچکچائے گا۔n

loan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK