شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے:(۱) ٹیوشن کی آمدنی اور قربانی (۲) عازم حج و عمرہ اور بیماری (۳) سعی بھول جانا (۴)طواف و احرام
EPAPER
Updated: June 07, 2024, 1:57 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai
شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے:(۱) ٹیوشن کی آمدنی اور قربانی (۲) عازم حج و عمرہ اور بیماری (۳) سعی بھول جانا (۴)طواف و احرام
ٹیوشن کی آمدنی اور قربانی
دوبہنیں گھر میں ٹیوشن پڑھاتی ہیں جن کی آمدنی ایک ساتھ رہتی ہے اور دونوں کی آمدنی کے بارے میں معلوم نہیں کہ کس کا کتنا پیسہ ہے، یہ پیسہ اصل میں شادی کے لئے رکھا ہے۔ شادی کے موقع پر وہ پیسہ والد صاحب کو دے دیا جائے گا اور جمع کرنے کی غرض سے والد صاحب بیٹیوں کا پیسہ الگ رکھواتے ہیں، لیکن ہر پیسہ پر والد صاحب کا پورا اختیار ہے چاہے وہ کسی بھی جگہ خرچ کریں۔ دونوں کے اکٹھے پیسے کی زکوٰة نکالتے ہیں، والد صاحب خود بھی صاحب نصاب ہیں وہ اپنی قربانی کرتے ہیں تو ان کی قربانی سے ہی فرض ادا ہو جائے گا یا دونوں بہنوں کو الگ قربانی کرنا پڑے گی یا ایک بہن کو؟ عین الف، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: بچیاں ٹیوشن کر کے جو کماتی ہیں شادی میں خرچ کی غرض سے والد کو دے دیتی ہیں، کس کی آمدنی کم ہے کس کی زیادہ یہ بھی واضح نہیں۔ رقم خرچ تو شادی میں ہونی ہے لیکن والد کی حیثیت مالک کی ہے زکوٰۃ بھی وہی دیتےہیں اور جسے جو چاہیں دے بھی سکتے ہیں اس صورت میں ملکیت والد کی مانی جائیگی، رقم کی مالک اصولاً بچیاں نہیں ہیں اس لئے ان پر قربانی بھی واجب نہیں۔ والد مالک نصاب ہیں تو ان پر ایک قربانی واجب ہوگی، چاہیں تو بچیوں کی طرف سے بھی قربانی کرسکتے ہیں مگر یہ نفلی قربانی ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اُتم
عازم حج و عمرہ اور بیماری
ایک عازم حج مدینہ منورہ میں بیمار ہوکر ہاسپٹل میں داخل کئے گئے، پھر کچھ دنوں بعد بذریعہ ایمبولینس انہیں مکہ مکرمہ کے عزیزیہ میں پہنچایا گیا، میقات ذوالحلیفہ سے وہ احرام باندھنے کی پوزیشن میں نہیں تھے، اب طبیعت تھوڑی سنبھلی تو جعرانہ سے احرام باندھ کر انہوں نے عمرہ کر لیا تو کیا ان کا عمرہ ہوگیا، بیماری کی وجہ سے میقات ذوالحلیفہ سے بلا نیت اور احرام کے بغیر گزرنے کی وجہ سے دم تو نہیں ہوگا؟ایک عازمہ حج کی بھی یہی حالت ہے اس نے اب تک عمرہ نہیں کیا ہے اس کے لئے کیا حکم ہے؟
عبد اللہ، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق : صورت مسئولہ میں جبکہ مریض مدینہ منورہ میں ہاسپٹل داخل ہوا جسے بعد میں مکہ مکرمہ منتقل کیا گیا لیکن بیماری کی وجہ سے اس کی حالت ایسی نہیں تھی کہ مدینہ منورہ کے میقات سے احرام باندھ سکے، اس صورت میں حکم یہ ہے کہ دوسرے کسی قریبی میقات پر جاکر وہاں سے احرام باندھ کر عمرہ کرلے تو دم لازم نہ ہوگا اور عمرہ بھی ادا ہو جائیگا اسی لئے جس مریض نے طائف کے میقات سے احرام باندھ کر عمرہ کرلیا ہے اس کا عمرہ بھی ہو گیا اور دم بھی نہ دینا پڑےگا۔ دوسرا مریض جس نے اب تک عمرہ نہیں کیا یہی ترکیب اس کیلئے بھی ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اُتم
سعی بھول جانا
ایک صاحب نے عمرہ کیا اور سعی کرنا بھول گئے۔ دم دینے کی استطاعت نہیں ہے، اب کیا حکم ہوگا؟عابد حسین، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:عمرہ میں سعی واجبات میں سے ہے لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر اس شخص نے اب تک احرام نہیں کھولا تو جاکر سعی کرلے تو دم نہ دینا پڑےگا، بصورت دیگر دم حتمی ہوگا، اخراجات کمی کرکے اسی سال دم دے دے ورنہ وطن واپس آکر اگلے سال دم دے دے، مگر خیال رہے کہ یہ دم اسے حرم میں ہی دینا ہوگا۔ واللہ اعلم وعلمہ اُتم
طواف و احرام
طواف کے سات چکروں میں سے کتنے چکروں میں کندھے کھلے رکھنا چاہئے اور دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا احرام کی حالت میں گیس وغیرہ کی خوشبودار دوائیں پینے کی اجازت ہے، اس سے دم وغیرہ کا کوئی مسئلہ تو نئیں ہوگا؟ شمیم علی، ممبئی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: جو طواف احرام کی حالت میں کیا جائے اس میں اضطباع یعنی ایک کندھے پر کپڑا ڈال کر دوسرے کو کھلا رکھنا ہے، یہ حکم طواف کے ساتوں چکروں کے لئے ہے۔ رمل کا حکم البتہ شروع کے تین چکروں کے واسطے ہے۔ احرام کی حالت میں خوشبو کا استعمال ایک تفصیلی بحث ہے لیکن گیس کی خوشبو آمیز دوائیں پینے کی گنجائش ہے اس سے دم لازم نہ ہوگا۔ واللہ اعلم وعلمہ اُتم