• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: نمازی کے آگے سے گزرنا، قسطوں پر حج و عمرہ ادا کرنا، تہجد کی نماز

Updated: January 19, 2026, 4:51 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) نمازی کے آگے سے گزرنا (۲) قسطوں پر حج و عمرہ ادا کرنا (۳) تہجد کی نماز (۴) جماعت چھو‘ٹ جائے تو کیا کرے

Affordability is the basic condition for the obligation of Hajj. Picture: INN
حج کی فرضیت کیلئے استطاعت بنیادی شرط ہے. تصویر: آئی این این
قسطوں پر حج و عمرہ  ادا کرنا
قسط وار رقم جمع کرکے حج یا عمرہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟ مثلاً کسی ٹریول ایجنسی کا کسی شخص کو قسطوں میں ادھار کی ادائیگی کے ساتھ حج یا عمرہ کرانے کے عوض زیادہ رقم وصول کرناہے؟ ظفر جاوید ،میرٹھ 
الجواب ھو الموفق: حج کی فرضیت کیلئے استطاعت بنیادی شرط ہے یعنی آنے جانے کے سفری اخراجات اور اس دوران اہل و عیال کے خرچ پر قدرت ہو۔ اگر کسی شخص کی اتنی استطاعت نہ ہو تو اس پر شرعاً حج فرض نہیں، البتہ اگر کوئی شخص حج یا عمرہ کی ادائیگی کیلئے قسطوں پر ادائیگی کے ارادے  کے ساتھ قرض لے کر حج یا عمرہ پر جائے اور اسے اس قرض کی ادائیگی کا اطمینان ہو تو اس نیک نیتی سے قسطوں پر قرض لے کر حج یا عمرہ پر جانا جائز ہے اور اس ادھار میں ٹریول ایجنٹ کا کچھ زیادہ لے لینا بھی جائز ہے۔ البتہ مجموعی رقم اور قسطیں پہلے سے طے کرلی جائیں، قسط کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ سے اس میں اضافہ وصول نہ کیا جائے۔ واللہ اعلم
نمازی کے آگے سے گزرنا 
بعض اوقات کسی نمازی کو مسجد سے نکلنے کی جلدی ہوتی ہے تو اس کے لئے کس حد تک گنجائش ہے کہ وہ نمازی کے آگے سے گزر سکے؟ احمد علی، ممبئی 
الجواب ھو الموفق  :چھوٹی مسجدیا چھوٹے مکان میں  نمازی کے آگے سے گزرنا ناجائزہے جب تک کہ اس کے آگے کوئی سترہ یا آڑ نہ ہو، نیز اگرنمازی کے آگے سترہ ہو تو اس آڑ کے  آگے سے گزرنا جائز ہے۔ سترے اور نمازی کے درمیان سے گزرنا جائز نہیں؛  بڑی مسجد (کم ازکم چالیس شرعی گز یا اس سے بڑی مسجد) یا بڑامکان یا میدان ہو تواتنے آگے سے گزرنا جائز ہے کہ اگر نمازی اپنی نظر سجدہ کی جگہ پر رکھے تو گزرنے والا اسے نظر نہ آئے۔ اس کا اندازہ نمازی کی جائے قیام سے تین صف آگے تک کیا گیا ہے،یعنی نمازی کی صف کے بعد مزید دو صفیں۔اور یہ اندازہ کھلے میدان یا بڑی جگہ کے  بارے میں ہے، چھوٹی مسجد یا محدود جگہ کے لئے نہیں ہے، لہٰذا چھوٹی مسجد یا محدود جگہ میں اتنے فاصلے سے بھی گزرنا درست نہیں۔ درست عمل یہ ہوگا کہ نمازی کی نماز کے ختم ہونے کاانتظار کیاجائے ۔ واللہ اعلم
 تہجد کی نماز
تہجد کی نماز واجب ہے یا سنت اور اس کی کتنی رکعتیں ہیں؟ ایک شخص تہجد کا پابند ہے مگر کبھی کبھی وقت پر اٹھ نہ پانے کی بناپر تہجد نہیں پڑھ پاتا تو کیا وہ اس کی قضا کرے گا ؟ ارشاد الحق، بریلی
الجواب ہوالموفق: تہجد کی نمازنہ فرض ہے نہ واجب بلکہ سنت ہے لیکن اس کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے۔ جو اس کی پابندی کرے وہ یقیناً سعادتمند انسان ہے۔ اس کے لئے رکعات کی تعداد متعین نہیں لیکن چار سے بارہ تک منقول ہیں۔ تہجد چونکہ مسنون ہے اس لئے چھو‘ٹ جائے تو اس کی قضا نہیں ہے، قضا کا حکم صرف فرض اور واجب نمازوں کے لئے ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم 
جماعت چھو‘ٹ جائے تو کیا کرے 
اگر کسی  سے جماعت چھوٹ جائے تو پھر وہ نماز گھر پر پڑھے یا مسجد میں؟  میں نے ایک عالم سے سنا تھا کہ کسی سے اگر جماعت چھوٹ جائے تو پھر اس کیلئے گھر میں نماز پڑھنا بہتر ہے۔ عبد اللہ ،ممبئی 
الجواب ھوالموفق : اگر کسی عذر کی وجہ سے کبھی اپنے محلہ کی مسجد کی جماعت نکل جائےتو  دیگر دور کی مساجد میں جماعت کی نماز کے لئے  جانا لازم نہیں ہے،انفرادی طور پر اپنی مسجد میں یا گھر میں یا قریبی کسی مسجد میں ادا کرلے۔  اگر  دوسری کسی قریبی مسجد میں جماعت مل جانے کا امکان ہو، تو بہتر یہ ہے کہ وہاں جماعت سے نماز  ادا کرنے کیلئے جائے تا کہ مسجد میں جماعت سے نماز پڑھنے کی فضیلت حاصل کرے،اور اگر دوسری مسجد میں بھی جماعت ملنے کی امید نہیں ہے تو پھرانفرادی طور پر اپنی مسجد  میں یا گھر  میں نماز ادا کرے ،  اس صورت میں تنہا نماز پڑھنے سے بہتر یہ ہے کہ گھر والوں کو جمع کرکے جماعت سے نماز ادا کرلے،کیوں کہ  اللہ کے رسولؐ ایک مرتبہ دو فریقوں کے درمیان صلح کرانے کے لیے تشریف لے گئے تھے، جب  واپس تشریف لائے تو جماعت ہوچکی تھی۔ تب آپؐ  نے گھر والوں کو جمع کرکے جماعت سے نماز ادا فرمائی تھی۔ سائل نےجو بات  عالم سے سنی ہے، وہ اسی پر محمول ہوسکتی ہے کہ مسجد میں انفرادی نماز سے گھر میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا بہتر ہے۔ واللہ اعلم۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK