• Fri, 21 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وہ جو طویل مدت تک وزیر اعلیٰ رہے

Updated: November 21, 2025, 1:57 PM IST | Inquilab News Network | mumbai

پڑے گا کہ نتیش کمار نے اُس پارٹی سے بھی خود کو منوا لیا جس کے آگے اِن دنوں کسی کا چراغ نہیں جل رہا ہے۔ یہ معرکہ اُنہوں نے ایسی حالت میں ایک بار پھر سر کیا ہے جب اُن کا ’’سواستھ ٹھیک نہیں ہے‘‘ اور اُن کی پارٹی کی سیٹیں بی جے پی سے کم ہیں (۸۵؍ بمقابلہ ۸۵)۔ کوشش تھی کہ اُنہیں مارگ درشک منڈل میں بھیج دیا جائے مگر وہ نہیں مانے۔ جانتے تھے کہ جو وہاں گیا وہ کام سے گیا۔

INN
آئی این این
ماننا پڑے گا کہ نتیش کمار نے اُس پارٹی سے بھی خود کو منوا لیا جس کے آگے اِن دنوں  کسی کا چراغ نہیں  جل رہا ہے۔ یہ معرکہ اُنہوں  نے ایسی حالت میں  ایک بار پھر سر کیا ہے جب اُن کا ’’سواستھ ٹھیک نہیں  ہے‘‘ اور اُن کی پارٹی کی سیٹیں  بی جے پی سے کم ہیں  (۸۵؍ بمقابلہ ۸۵)۔ کوشش تھی کہ اُنہیں  مارگ درشک منڈل میں  بھیج دیا جائے مگر وہ نہیں  مانے۔ جانتے تھے کہ جو وہاں  گیا وہ کام سے گیا۔
دسویں  مرتبہ وزارت اعلیٰ کا حلف لے کر نتیش کمار نے ریکارڈ بنایا ہے اس سے کسی کو انکار نہیں  ہوسکتا مگر اُن کا مجموعی دورانیہ اب بھی سب سے طویل نہیں  ہے۔ اُن کی اب تک کی میعاد ۱۹؍ سال، ۹۳؍ دن ہے۔ اُن سے زیادہ مدت تک وزیر اعلیٰ رہنے والے کم و بیش سات لیڈران ایسے ہیں  جن کی مدت ِ کار اس سے زیادہ بلکہ کافی زیادہ بھی ہے۔ نیچے سے اوپر (کم مدت سے زیادہ مدت تک) دیکھیں  تو تری پورہ کے سابق وزیر اعلیٰ مانک سرکار۔ سی پی ایم سے تعلق رکھنے والے مانک سرکار ۱۹؍ سال، ۳۶۳؍ دن وزیر اعلیٰ رہے۔ ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ویر بھدر سنگھ کی مدتِ کار اُن سے زیادہ ۲۱؍ سال ۱۳؍ دن ہے۔ اور آگے بڑھئے تو میزورم کے سابق وزیر اعلیٰ لال تھنولا ہیں  جنہیں  کم لوگ جانتے ہیں  مگر ریکارڈ تو اُن کا بھی ہے۔ وہ ۲۲؍ سال ۶۰؍ دن وزیر اعلیٰ رہے۔ اس فہرست کا ایک اور نام اروناچل پردیش کے گیگونگ اپنگ کا ہے۔ طویل دورانیہ کی حکومت کیلئے اُنہیں  بھی بھلایا نہیں  جاسکتا جو ۲۲؍ سال اور ۲۵۰؍ دن تک اس عہدہ کو رونق بخشتے رہے۔ یہ پڑھتے ہوئے اس بات کا بھی اندازہ لگائیے کہ ۸۰ء، ۹۰ اور پھر ۲۰۰۰ء کی دہائیوں  میں  اکثر ریاستی حکومتیں  کتنی مستحکم ہوتی تھیں ۔ جیوتی بسو اِس لسٹ کا زیادہ اہم نام اس اعتبار سے ہے کہ اُن کی ریاست بڑی ہے۔ آنجہانی سابق وزیر اعلیٰ اور بلند قامت کمیونسٹ لیڈر جیوتی بسو مغربی بنگال کی وزارت اعلیٰ پر ۲۳؍ سال، ۱۳۷؍ دن قابض رہے۔ مگر اُن سے بھی زیادہ مدت اُدیشہ کے نوین پٹنائک کی ہے جو ۲۴؍ سال ۹؍ دن وزیر اعلیٰ رہے۔ اتنے برسوں  میں  ۲۰۲۴ء کے اسمبلی انتخابات وہ اولین موقع تھا جس میں  بیجو جنتا دل کو بی جے پی کے ہاتھوں  شکست کا سامنا کرنا پڑا ورنہ ادیشہ میں  اُن کا کوئی مدمقابل نہیں  تھا جو پٹنائک کو پٹخنی دیتا۔
اب تک ہم نے چھ وزرائے اعلیٰ کا ذکر کیا ہے جو وزارت اعلیٰ کے دورانیہ کے اعتبار سے سرفہرست ہیں ۔ ان میں  سب سے پہلا نام یعنی وزارت اعلیٰ پر سب سے زیادہ عرصہ تک فائز رہنے کا اعزاز پون کمار چملنگ کو حاصل ہے جو ۲۴؍ سال اور ۱۶۵؍ دن سکم کے وزیر اعلیٰ رہے۔ جنتا دل متحدہ کے لیڈر نتیش کمار کے پاس ابھی وقت ہے اور کل (۲۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء) سے شروع ہونے والے اقتدار کے نئے  دَور میں  اُن کے پاس موقع ہے کہ طویل ترین مدت کی اس فہرست میں  دوسرے اور اگر قسمت یاوری کرے تو پہلے نمبر پر پہنچ جائیں ۔ اُن کے اور طویل ترین مدت کے وزیر اعلیٰ چملنگ کے درمیان فی الحال ۵؍ سال ۷۲؍ دن کی دوری ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نتیش کمار، جو اِس وقت شاید یہ کہہ رہے ہوں  گے کہ ’’ہم لائے ہیں  طوفان سے کشتی نکال کر‘‘ مزید کتنے طوفانوں  سے اپنی پارٹی کو بچا کر رکھنے میں  کامیاب ہوتے ہیں  جن کا سامنا آئندہ اُن کی پارٹی کو ہوسکتا ہے۔ چونکہ اُن کا تجربہ وسیع ہے اور وہ ہر سرد و گرم سے گزر چکے ہیں  اسلئے اُن سے اُمید کافی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK