• Thu, 20 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بوریولی اور اندھیری میں ’سیتوسویدھا کیندر ‘ کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

Updated: November 20, 2025, 1:55 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

دیویندرفرنویس کےمطابق سیتوسویدھا کیندر صرف خدمت فراہم کرنے کا طریقہ کار نہیں ہے بلکہ حکومت سے شہریوں کو جوڑنے والا اعتماد کا پل ہے-

Maharashtra Government.Photo:INN
مہاراشٹر حکومت۔ تصویر:آئی این این
اندھیری ،(اقبال انصاری):ممبئی کے مضافاتی ضلع کے بوریولی اور اندھیری میں شروع کئے گئے جدید ترین ’’سیتو سویدھا کیندروں‘‘ کا افتتاح وزیر اعلی دیویندر فرنویس نے گزشتہ دنوں منترالیہ  ہی سے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سیتوسویدھا کیندر صرف خدمت فراہم کرنے کا طریقہ کار نہیں ہے بلکہ حکومت سے شہریوں کو جوڑنے والا اعتماد کا پل ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سینٹر ٹیکنالوجی پر مبنی، شفاف اور ہموار خدمات فراہم کرنے کی سمت میں مستقبل کے اسمارٹ انتظامیہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ملک میں سب سے زیادہ آبادی والے ممبئی مضافات ضلع کے شہریوں کی زندگیوں کو آسان بنانے اور انہیں تیز رفتار، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ممبئی ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کی طرف سے قائم کئے گئے ان مراکز کا افتتاح کابینہ کی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔  ان مراکز سے ریاستی حکومت کی مختلف خدمات کیلئے درخواست دی جاسکے گی۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزیر محصول چندر شیکھر باونکلے، نگراں وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار، جوائنٹ نگراں وزیر منگل پربھات لودھا، کابینہ ارکین کے ساتھ چیف سیکریٹری راجیش کمار، محکمہ ریونیو کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری وکاس کھرگے، ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر وجے سوریاونشی اور ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر سوربھ کٹیار وغیرہ موجود تھے۔اس اقدام کو حکومت کے۱۰۰؍ اور ۱۵۰؍ دنوں کے انتظامی اصلاحات اور ای گورننس پروگرام کے تحت کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے۔ ان اقدامات سے ضلع میں آر ٹی ایس خدمات کی بروقت فراہمی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اوریہ تناسب جو اپریل ۲۰۲۵ء میں۵۹ء۴۸؍فیصد تھا اب اکتوبر۲۰۲۵ء تک بڑھ کر۹۰ء۲۸؍فیصد ہو گیا ہے۔ انتظامی سطح پر اس تناسب کوصد فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نئے سیتوسویدھا کیندر جدید ترین خدمات جیسے ڈیجیٹل قطار کے انتظام، ٹوکن سسٹم، ریئل ٹائم اسٹیٹس ڈسپلے اور آرام دہ انتظار کے علاقوں سے لیس ہیں اور ان مراکز کا بنیادی مقصد شہریوں کے وقت کی بچت اور سروس کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں موبائل’ سیتوسویدھا کیندر ‘شروع کئے گئے ہیں جن کے ذریعے شہری اپنے گھر کے قریب یا گھر بیٹھے خدمات کیلئے درخواست دے سکیں گے۔ تاکہ شہریوں کو ایک بار درخواست بھرنے اور دوبارہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے سیتوآفس آنے کی ضرورت نہ پڑے، شہریوں کے وقت کی بچت اور گھر بیٹھے وہاٹس ایپ پر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ’آپلے سرکار آپ سرٹیفکیٹ سیدھے آپ کے ہاتھ‘کے نام سے ایک وہاٹس ایپ سروس ڈیلیوری اقدام نافذ کیا گیا ہے۔ اسی طرح وہاٹس ایپ چیٹ بوٹ سروس بھی دستیاب کرائی گئی ہے تاکہ خدمات کے بارے میں معلومات آسانی سے دستیاب ہوسکیں اور۲۳۸؍ نئے آپلا سرکار سیوا کیندر بھی جاری ہیں۔اس کی معلومات ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر سوربھ کٹیار نے دی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK