• Fri, 21 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جے ڈی یو کے ۸؍ ، بی جے پی کے ۱۴؍وزیر مگر سربراہ نتیش

Updated: November 20, 2025, 11:57 PM IST | Patna

ریکارڈ دسویں مرتبہ نتیش کمار بہار کے وزیر اعلیٰ بن گئے ، تاریخی گاندھی میدان میں گورنر عارف محمد خان نے حلف دلایا، وزیر اعلیٰ سمیت۲۷؍ وزراء نے حلف لیا جن میں صرف ایک مسلم چہرہ زماں خان (جے ڈی یو) ہیں۔ تمام ذاتوں اور برادریوں کو نمائندگی دینے کی کوشش ، حلف برداری میںوزیر اعظم مودی سمیت کئی مرکزی وزراء کی شرکت

Bihar`s newly elected Chief Minister Nitish Kumar taking the oath of office and secrecy. He has taken the oath for the tenth time. (PTI)
بہار کے نومنتخب وزیر اعلیٰ نتیش کمار عہدے اور رازداری کا حلف لیتے ہوئے۔ انہوں نے دسویں مرتبہ یہ حلف لیا ہے۔ (پی ٹی آئی )

نتیش کمار نے جمعرات کو ریکارڈ  ۱۰؍ویں مرتبہ بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف  لےلیا۔حلف برداری کی یہ تقریب دن کے ساڑھے گیارہ بجے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد ہوئی ۔وزیراعلیٰ کے ساتھ این ڈی اے میں شامل سبھی پانچوںپارٹیوں کے کل۲۶؍وزراء نےبھی حلف لیا۔ نتیش کمار کے بعد بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر سمراٹ چودھری اور ڈپٹی لیڈر وجے کمار سنہا نے حلف لیا۔ یہ دونوں نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔گورنر عارف محمد خان نے وزیر اعلیٰ اور دیگروزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس کابینہ میں فی الحال بی جے پی سے ۱۴؍ ، جےڈی یو سے ۸؍ ،ایل جے پی سے ۲؍ اورجیتن رام مانجھی کی پارٹی سے ایک وزیر ہوگا ۔ 
حلف برداری میں کون کون شامل ہوا ؟
 حلف برداری کی اس شاندار تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی ، وزیرداخلہ امیت شاہ، بی جےپی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، بی جےپی کے بہارانچارج اور مرکزی وزیردھرمیندر پردھان   اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو سمیت بی جے پی اور حلیف پارٹیوں کے بہت سے لیڈروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم مودی نے ایک مرتبہ پھر گمچھا  لہر ا کر تقریب میں شریک لوگوں کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نےبھی گرمجوشی کے ساتھ وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
خواتین کو بھی نمائندگی 
 وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی نئی حکومت میں تین خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ جے ڈی یو سے لیسی سنگھ دوبارہ وزیر بنائی گئی ہیں جبکہ جموئی سے دوبارہ جیت کرآنےوالی شریسی سنگھ کو پہلی بار وزیرکا عہدہ ملاہے۔ تیسری خاتون رما نشاد ہیں، جو پہلی بار بی جے پی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے بنی ہیں۔ وہ مظفر پور ضلع کے اورائی اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئی ہیں اور انہیں پہلی مرتبہ میں ہی ریاستی وزیر بننے کا موقع مل گیا ہے۔ 
کابینہ میں۱۳؍نئے چہرے شامل
 گاندھی میدان میں نتیش کمار کے ساتھ حلف لینے والے ۲۶؍وزراء میں سے ۱۳؍پہلی بار وزیر بنے ہیں۔ ان میں سے کئی ایسےہیں جو پہلی مرتبہ ہی منتخب ہوکرآئےہیں اور وزیر بن گئے ہیں۔ راشٹریہ لوک مورچہ کے کوٹے سے وزیر بننے والے دیپک پرکاش کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں۔ وہ اوپیندر کشواہا کے بیٹے ہیں ۔ پہلی باربہار اسمبلی کا الیکشن جیتنے اور وزیر بننے والوں میں بی جے پی کی رما نشاد، ایل جے پی (آر) کے سنجے کمار اور سنجے کمار سنگھ شامل ہیں۔ پہلی بار رکن اسمبلی  منتخب ہونے والے رام کرپال یادومرکزکی مودی  حکومت میں ۲۰۱۴ء سے ۲۰۱۹ء تک وزیر مملکت رہ چکے ہیں ۔البتہ ۲۰۱۹ء میں انہیں موقع نہیں دیا گیا۔ نتیش کمار کےساتھ وہ پہلی بار وزیر کے طور پر کام کریں گے۔ پہلی بار کابینہ میںشامل کئے جانے والوں میں ڈاکٹر پرمود کمار، سنجے سنگھ ٹائیگر، ارون شنکر پرساداور لکھیندر کمار روشن کے نام بھی شامل ہیں۔ ان ناموں کے ذریعے نتیش کمار نے واضح پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ 
  ذات برادری کا توازن برقرار رکھا گیا
 نتیش کمار کی قیادت والی نئی حکومت میں ذات برادری کا توازن بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ سب سے زیادہ پانچ وزیر دلت برادری سےبنائےگئے ہیں۔ اس کے بعد ۴؍راجپوت، ۳؍ ویشیہ، ۲؍ نشاد، ۲؍ کرمی، ۳؍کشواہا، ۲؍یادو، ۲؍ سہنی، ۲؍ بھومیہار اور برہمن، کائستھ اور چندرونشی برادری سے ایک ایک  کو وزیر بنایا گیا ہے۔ نتیش کمار کی نئی کابینہ میںاین ڈی اے کےاکلوتے مسلم رکن اسمبلی زماں خان کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ جے ڈی یو نے کل چار مسلم امیدواروں کوٹکٹ دیا تھا جن میں سے صرف زماں خان نے جیت حاصل کی ۔یا د رہے کہ زماں خان گزشتہ نتیش حکومت میں بھی وزیر تھے اور انہیں اس مرتبہ بھی موقع دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK