• Sun, 08 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عدلِ اجتماعی سے پہلےعدلِ انفرادی ضروری

Updated: November 25, 2024, 4:37 PM IST | Syed Abul Ala Maududi | Mumbai

قرآن مجید انسان کو پہلے اس کی اپنی ذات میں عدل کرنا سکھاتا ہے۔ سب سے اوّلین انصاف جو اس کو کرنا ہے وہ اپنے اور اپنے خدا کے ساتھ کرنا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

یہ کتاب جس مقصد کے لیے آئی ہے اس کو مختصر الفاظ میں قرآن مجید ہی میں بیان کردیا گیا ہے کہ لِيَقُومَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ۔ عدل کا قیام اس کتاب کا مقصد ہے۔ مگرلوگ اس زمانے میں غلطی سے یہ سمجھتے ہیں کہ عدل محض عدلِ اجتماعی کا نام ہے۔ حالانکہ عدلِ اجتماعی سے پہلے عدلِ انفرادی ضروری ہے۔ اگر ایک آدمی کی ذات میں عدل موجود نہیں ہے، اُس کے اپنے اندر عدل موجود نہیں ہے تو باہر وہ دنیا میں کیسے عدل قائم کرسکتا ہے؟ ایک آدمی کے اخلاق میں عدل ہونا چاہئے۔ اس کے افکار، اس کی عادات و خصائل، اس کی خواہشات اور اس کے نظریات میں عدل ہونا چاہئے۔ اس کے بعد کہیں جاکر وہ اس قابل ہوسکتا ہے کہ باہر عدل قائم کرے۔ اگر اس کے بغیر ایک آدمی یہ دعویٰ کرے کہ میں عدلِ اجتماعی قائم کرنے جارہا ہوں تو حقیقت یہ ہے کہ وہ سرے سے عدل کے معنی و مفہوم ہی سے ناواقف ہے۔ وہ اس بات کو جانتا ہی نہیں ہے کہ عدل پہلے اپنی ذات سے شروع ہوتا ہے۔ خود اپنے نفس کے ساتھ عدل کرنا پہلی چیز ہے۔ اگر آدمی اپنی ذات میں عدل پیدا نہیں کرتا، اپنے اخلاق و خصائل اور افکار و نظریات میں عدل پیدا نہیں کرتا تو ظاہر بات ہے کہ باہر جو کچھ بھی وہ کرے گا اس میں افراط و تفریط کا شکار ہوگا۔ یا تو افراط کرے گا یا تفریط۔ 

یہ بھی پڑھئے:جوش کے ساتھ ہوش اور جرأت کے ساتھ حکمت کا امتزاج ضروری ہے

قرآن مجید انسان کو پہلے اس کی اپنی ذات میں عدل کرنا سکھاتا ہے۔ سب سے اوّلین انصاف جو اس کو کرنا ہے وہ اپنے اور اپنے خدا کے ساتھ کرنا چاہئے۔ اگر ایک آدمی اپنے خدا ہی سے بغاوت کررہا ہے تو اس کے بعد عدل کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا ہے! جس خدا نے اس کو پیدا کیا، جو خدا اس کو رزق دیتا ہے، جس کے پیدا کرنے سے وہ پیدا ہوا اور جس کے زندہ رکھنے سے وہ زندہ ہے، اگر وہ اس کی اطاعت نہیں کررہا ہے، اسی سے منہ موڑ رہا ہے تو وہ ایک ایسی بے انصافی کررہا ہے جس سے بڑی کوئی بے انصافی دُنیا میں نہیں ہوسکتی۔ اگر آپ اپنے خالق و پروردگار کی اطاعت ہی نہیں کرتے تو دنیا میں آپ کہاں انصاف فراہم کریں گے! اوّلین ظلم کا ارتکاب تو خدا کے سامنے خودمختار بن کر آپ کرچکے۔ عدل کے اوّلین تقاضے کو پورا کرنے کے بعد ضروری ہے کہ انسان ان سے عدل کرے جو اس کے قریب ترین ہیں۔ اگر ایک آدمی اپنی اولاد سے عدل نہیں کرتا، اپنے والدین سے اور اپنے بھائی بہنوں سے عدل نہیں کرتا، ایک شوہر اپنی بیوی سے اور بیوی اپنے شوہر سے عدل نہیں کرتی تو وہ باہر کی دنیا میں کیسے عدل قائم کر سکیں گے! خدا کے ساتھ انصاف کرنے کے بعد اپنے قریب ترین اعزہ اور رشتے داروں کے ساتھ انصاف کرنا اسلام کا تقاضا ہے۔ 
یہ ہے وہ ترتیب جس کے مطابق قرآن مجید آدمی کو سب سے پہلے عدل کی جڑ سکھاتا ہے۔ وہ اسے بتاتا ہے کہ عدل کہاں سے شروع ہوتا ہے۔ اس کے بعد یہ کتاب (قرآن مجید) آگے چل کر بتاتی ہے کہ آدمی معاشرہ میں کس طرح عدل قائم کرسکتا ہے۔ آپ جس سوسائٹی میں رہتے ہیں، جس قوم اور جس ملک میں بستے ہیں، جس دنیا میں رہتے ہیں اور جس نوعِ انسانی کے آپ فرد ہیں اُس کے اندر عدل قائم کرنے کے جو اصول قران مجید میں بیان کئے گئے ہیں اور جتنے وسیع پیمانے پر زندگی کے ہر پہلو کو لے کر عدل کے طریقے سکھائے گئے ہیں اس وقت دُنیا کی کوئی کتاب ایسی نہیں ہے جس میں عدل کااتنا جامع تصور پیش کیا گیا ہو۔ یہ اعزاز صرف قرآن مجید کو حاصل ہے۔ (تفہیمات، حصہ چہارم)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK