Inquilab Logo

اِس رمضان کو سالِ گزشتہ کے رمضان سے بہتر بنائیں

Updated: April 01, 2023, 10:58 AM IST | Sahar Asad | Mumbai

رمضان کا مہینہ ہم پر ایک بار پھر سے رحمتوں کی بارشیں برسانے آگیا ہے۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

رمضان کا مہینہ ہم پر ایک بار پھر سے رحمتوں کی بارشیں برسانے آگیا ہے۔ بے تابی سے دھڑکتے اور انتظار کرتے دلوں پہ نرم نرم پھوار سی پڑرہی ہے۔ آئیے آج ہم عہد کریں کہ اس رمضان کو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور زیادہ نظم و نسق کے ساتھ گزاریںگے تاکہ سال رواں کا یہ رمضان ہماری زندگی کا امتیازی نشان قرار پائے اور ہمارے طرز زندگی میں تبدیلی کا باعث بنے۔
 سب سے پہلے ہم یہ تصور کرلیں کہ سال رواں کا یہ رمضان ہماری زندگی کا آخری رمضان ہے۔ جب زندگی کو موت کی ڈوری سے باندھ لیا جاتا ہے تو پھر لغزشوں کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ کس کی زندگی کتنی ہے اور  اللہ نے ہماری موت کب لکھی ہے کسی کو نہیں معلوم ۔ اگر ہم اس بات کو ذہن میں رکھ کر اس مقدس مہینے کو گزاریں گے تو یقین جانئے ہماری حالت بدل جائے گی اور اللہ کی طرف متوجہ ہونے میں ہم اپنے اندر ایک الگ ہی لطف پائیں گے اس لئے اس موقع کو غنیمت سمجھتے ہوئے آگے بڑھئے۔ ممکن ہے یہ موقع ہمیں دوبارہ نہ ملے۔ اس ماہ میں ہمیں عہد کرلینا چاہئے کہ پچھلے سال کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور نیکیوں کے وہ کام جن سے ہم اب تک غافل رہے انہیں بہ عجلت تمام مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 
 افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ  بہت سے لوگ اس مبارک مہینے کی قدر نہ کرتے ہوئے اس کے قیمتی اوقات کو ضائع کردیتے ہیں۔ نماز فجر کے بعد جب بستر کا رخ کرتے ہیں تو پھر ظہر کی خبر لیتے ہیں۔ اس طرح دن کا بڑا حصہ سوکر گزار دیتے ہیں۔  پورا دن سونے والے یہ لوگ راتوں کو جاگتے ہیں مگر ان کا جاگنا تلاوت و عبادت کے لئے نہیں ہوتا ، وہاٹس ایپ اور موبائل فون یا پھر گپ شپ جیسی سرگرمیوں میں گزرتا ہے۔ حالانکہ رمضان کا لمحہ لمحہ قیمتی ہے۔ اسے سوکر گزاردینے والوں کو اس بات پر غور و فکر کرنا چاہئے۔
 ہرچند کہ کل یعنی اتوار کو پہلا عشرہ پورا ہوجائیگا مگر ابھی دو عشرے باقی ہیں۔ ان کے ہر لمحے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے  ایک ٹائم ٹیبل بنالیں اور رمضان کا ایک ہدف مقرر کرلیں۔ مثلاً یہ منصوبہ بنالیں کہ اس رمضان میں ہم پورے قرآن کی تلاوت کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی پڑھیں گے تاکہ اس  کے مقصد کو جان سکیں۔ یہ عزم بھی ہو کہ بچوں کو قرآن پڑھانے پر توجہ دیں گے۔ 
 نیکیوں کے کتنے عمل ایسے ہیں جن سے ہم اب تک بے خبر رہے،  اس رمضان ہمیں ان کے اہتمام کی فکر کرنی ہوگی۔ ذیل میں ہم کچھ اعمال کا تذکرہ کرتے ہیں جنہیں اس رمضان میں انجام دینے کی کوشش ہو تو کیا کہنا!
 نماز کے بعد تلاوت اور اذکار کے لئے اپنی جاء نماز پر بیٹھے رہئے۔ اس کا بڑا اجر ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ کا فرمان ہے:
 جو شخص اپنی نماز کی جگہ میں بیٹھ کر اللہ کا ذکر اور استغفار کرتا ہے تو جب تک وہ اپنی جگہ پر ہے یا بے وضو نہیں ہوجاتا فرشتے اس کے حق میں دعا اور استغفار کرتے ہیں۔(بخاری، مسلم، مسند احمد)
 اسی طرح سحری کا قیمتی وقت ہے جس سے ہم عام دنوں میں غافل رہتے ہیں لیکن رمضان میں ہم اس ساعت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ قرآن میں اللہ والوں کی ایک صفت یہ بھی بیان کی گئی ہے کہ سحری میں یعنی تہجد کے وقت بخشش طلب کرتے ہیں۔عام دنوں میں تو اس وقت ہم خواب خرگوش کا مزہ لیتے ہیں لیکن ماہ رمضان کے ان مبارک ایام کی بدولت سحری کیلئے سبھی لوگ اٹھتے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ اس وقت کو غنیمت جانتے ہوئے تھوڑا سا پہلے اٹھ کر اپنے ہاتھ اللہ رب العالمین کے سامنے پھیلائیں، اس قیمتی وقت سے فائدہ اٹھائیںاور سحری سے پہلے اپنا کچھ وقت عبادت کے لئے مخصوص کریں۔
 آپ ﷺ سے بسند صحیح ثابت ہے کہ ’’اس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس نے رمضان کو پایا اور اپنے گناہوں کی مغفرت کا سامان نہیں کیا۔‘‘ 
 رمضان کے مہینے میں جب نفس زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا شائق ہوتا ہے اور طبیعت بھی خیر کی طرف مائل رہتی ہے ایسے میں ان اعمال کی ادائیگی بہت آسان ہوجاتی ہے ۔ ممکن ہے کہ یہ موقع دوبارہ نہ ملے، یہ ایام غنیمت ہیں، تو اس غنیمت کو حاصل کرنے کیلئے اور اس فرصت سے مستفید ہونے کیلئے جلدی کیجئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ رمضان کی برکتوں سے اپنا دامن بھرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہ مبارک میں ہمارے اطاعت کے کاموں کو قبول فرمائے۔ آمین۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK