Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک کی فضاؤں کے بڑے حصہ سے مانسون کے بادل غائب

Updated: June 16, 2026, 9:37 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

سیٹیلائٹ تصویروں سے تشویشناک انکشاف،موسم میں تبدیلی اور بارش کیلئے ہفتے کے آخر تک انتظار کرنا پڑیگا۔

This Year`s Heat Has Broken Several Past Records.Photo:INN
امسال گرمی نے ماضی کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں- تصویر:آئی این این
پیر کو سیٹیلائٹ امیج میں مانسون سے متعلق تشویشناک تصویریں ابھر کر سامنے آئی ہیں۔ ممبئی سمیت پورے ملک کے زیادہ تر حصوں سے بارش کے بادل غائب ہوگئے ہیں اور ملک کے بڑے حصہ میں مانسون کی نقل و حمل دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
 
 
محکمہ موسمیات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پورے ملک میں مجموعی طور پر صرف ۱۹ء۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جون میں مجموعی طور پر ۵۳ء۷؍ ملی میٹر بارش ہونی چاہئے یعنی ۴؍ جون سے ۱۵؍ جون کے درمیان تقریباً ۶۴؍ فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ممبئی میں بارش کے تعلق سے اندازہ کرنا ویسے بھی مشکل کام ہوتا ہے جس کی وجہ سے موجودہ دن کے علاوہ مزید ۴؍ دنوں کے تعلق سے ہی پیش گوئی کی جاتی ہے۔ پیر کو محکمہ موسمیات نے ۱۹؍ جون تک کیلئے جو معلومات فراہم کی ہیں اس میں منگل اور بدھ کو ممبئی سمیت ریاست کے زیادہ تر حصوں میں گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چند علاقوں میں دن کے ابتدائی حصہ میں شدید گرمی تو شام تک گھن گرج کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ تاہم ۱۸؍ اور ۱۹؍ جون کو مختلف علاقوں میں ہلکی بارش تو کئی علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
 
 
ملک میں جن مقامات پر مانسون کے کچھ آثار نظر آرہے ہیں ان میں ہمالیہ اور شمال مشرقی ہند شامل ہیں جبکہ بحرعرب سے قریب علاقوں میں مانسون انتہائی کمزور دکھائی دے رہا ہے اور یہاں آسمان بارش کے بادلوں سے بالکل صاف ہے۔ اگرچہ حال ہی میں کرناٹک، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر اور مرکزی ہند میں مانسون داخل ہوا تھا لیکن اب ان تمام مقامات پر بھی بارش نہیں کے برابر ہورہی ہے۔ البتہ اس ہفتے کے اخیر تک موسم میں تبدیلی اور بارش کی امید کی جارہی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK