Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوپیک : یو اے ای کی علاحد گی پر تیل کی قیمتوں میں کمی

Updated: April 30, 2026, 10:42 AM IST | New Delhi

فیوچر ٹریڈ میں برینٹ خام تیل ایک فیصدسستا ہوگیا، روس نے بھی اس فیصلے سے عالمی پروڈکشن میں اضافہ اور قیمتوں میں کمی کی امید ظاہر کی۔

OPEC Is Practically Controlled By Saudi Arabia, The UAE`s Decision Is A Setback For It.Photo:INN
اوپیک کو عملی طور پر سعودی عرب کنٹرول کرتا ہے، یو اے ای کافیصلہ اس کیلئے جھٹکاہے-تصویر:آئی این این
 یو اے ای کے اچانک  تیل پیدا کرنے والے ممالک  کے گروپ اور  اوپیک اور اپیک پلس   سے علاحدہ ہونے کے فیصلے کےبعد خام تیل کی قیمتوں میںکئی دنوں کے اضافہ کے بعد بدھ کو کمی دیکھی گئی۔ سرمایہ کار متحدہ عرب امارات کے اوپیک سے علیحدہ ہونے کے اچانک فیصلے کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری  طرف روس کے وزیر مالیات نے مستقبل  کے حوالے سے بھی امید ظاہر کی ہےکہ یو اے ای کی علاحدگی  تیل کی قیمتوں میں کمی کا باعث بنے گی۔ 
 
فیوچر ٹریڈنگ مارکیٹ  پر اثر
 البتہ ایران جنگ سے تیل کی سپلائی میں جو رکاوٹیں   پیدا ہوئی تھیں وہ اب بھی برقرار ہیں اور مارکیٹ کو سہارا دے رہی ہیں۔فیوچر ٹریڈ مارکیٹ میں جون کیلئے برینٹ خام تیل  کی قیمتوں میں  ایک فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی ۔  فیوچر مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت بدھ کو ۱۱۱ء۲۵؍ ڈالر فی بیرل  رہی جبکہ اس سے قبل مسلسل سات دنوں  تک قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ 
  ماہرین کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اس فیصلے نے جو یکم مئی۲۶ء سے نافذ ہوگا، اوپیک اور خاص طور پر سعودی عرب کو مکمل طور پر حیران کر دیا ہے، کیونکہ عملی طور پر سعودی عرب ہی اس تنظیم کو کنٹرول کرتا ہے۔ حالانکہ ادھر کچھ برسوں  میں  اوپیک کی طاقت اور عالمی تیل منڈیوں پر اثر انداز ہونے کی اس  صلاحیت کم ہوئی مگر متحدہ عرب امارات کے اس گروپ سے نکل جانے  کے بعد  اس گروپ کی اہمیت پر اہم سوالات کھڑے  ہوگئے  ہیں۔ اتفاق سے اوپیک کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تنقید کا بھی سامنا رہا ہے، جنہوں نے اس  پرتیل کی زیادہ قیمتوں کے ذریعہ ’’دنیا کو لوٹنے‘‘کا الزام لگایا تھا۔
 
 
روس کو بھی قیمتوں  میں کمی کی امید
روسی وزیر مالیات انٹون سلوآنوف   نے  یو اے ای کے فیصلے کے حوالے سے بدھ کو کہا ہے کہ  اوپیک سے یو اے ای کی علاحدگی کے فیصلے کا  مطلب یہ ہےکہ تیل پیدا کرنےوالی کمپنیاں  اپنے پروڈکشن میں اضافہ کردیں گی جس سے مستقبل میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ان کے مطابق ’’ اگر اوپیک ممالک (متحدہ عرب امارات کی علاحدی کے ) اپنی پالیسیاں بغیر باہمی ہم آہنگی کے چلائیں اور  جتنا  پیدا کرسکتے ہیں اتنا تیل پیدا کریں،  تو خام تیل کی قیمتیں اسی حساب سے نیچے آ جائیں گی۔‘‘
 
 
ہندوستان کیلئے اہمیت
یو اے ای تاریخی طور پر ہندوستان کو خام تیل سپلائی کرنے والے ۵؍ بڑے ممالک میں شامل ہے۔۲۵-۲۰۲۴ء میں  ہندوستان  نے جتنا خام تیل درآمد کیا اس میں ۱۰؍ فیصد حصہ متحدہ عرب امارات کا تھا۔ ۲۶-۲۰۲۵ء  کے پہلے ۱۱؍ مہینوں میں یو اے ای سے  تیل کی درآمد میں ۱۰ء۶؍فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اوپیک سے یو اے ای کے علاحدہ ہونے کا فائدہ ہندوستان کو بھی پہنچے گا جو الگ الگ جگہوں سے تیل خریدکر کسی ایک  پر انحصار کو کم کرنے کی حکمت عملی پر کام کرےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK