• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اگر امریکہ، یورپی ممالک اور چین آلودگی کم کر سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟

Updated: November 22, 2026, 6:26 PM IST | Aarti Jerath | Mumbai

اس سال آلودگی کے اعداد و شمار ایک سنگین تصویر پیش کرتے ہیں۔ اے کیو آئی ڈاٹ اِن کے ’ریئل ٹائم‘ اعداد و شمار کے مطابق، دیوالی اور اس کے اگلے دن دنیا کے۱۰۰؍ آلودہ ترین شہروں میں سے۹۹؍ ہندوستان کے تھے۔ پاکستان کا شہرلاہور اس فہرست میں واحد غیر ہندوستانی شہر تھا۔

Why doesn`t the government care about its citizens? Photo: INN
حکومت کو اپنے شہریوں کی فکر کیوں نہیں ہے؟ تصویر: آئی این این

اس سال آلودگی کے اعداد و شمار ایک سنگین تصویر پیش کرتے ہیں۔ اے کیو آئی ڈاٹ اِن کے ’ریئل ٹائم‘ اعداد و شمار کے مطابق، دیوالی اور اس کے اگلے دن دنیا کے۱۰۰؍ آلودہ ترین شہروں میں سے۹۹؍ ہندوستان کے تھے۔  پاکستان کا شہرلاہور اس فہرست میں واحد غیر ہندوستانی شہر تھا۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں تھے، لیکن اس خطے سے باہر بھی کئی شہروں میں آلودگی کی سطح تشویشناک تھی۔مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات اور تلنگانہ میں بھی ہوا کا معیار انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔ ان سب کیلئے پنجاب اور ہریانہ کے کھیتوں میں جلائی جانے والی پرالی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا! سردیوں میں آلودگی کی سطح پہلے ہی تشویشناک ہوتی ہے لیکن اب ایسے اعداد و شمار سامنے آ رہے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ ملک بھرکے شہروں میں ہوا کا معیار عام دنوں میں بھی خراب رہتا ہے۔خواہ وہ بنگلور جیسا نام نہاد ’گرین سٹی‘ ہو یا ممبئی جیسا ساحلی شہر، اے کیو آئی ۱۰۰؍ اور۲۰۰؍کے درمیان رہتا ہے، بعض اوقات اس سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: معاشیانہ: اب اے آئی کردار بھی انفلوئنسرز بن کر برانڈز کی تشہیر کر رہے ہیں!

سچ کہیں تو، بڑھتی ہوئی آلودگی کیلئے موسم، پرالی جلانے اور پٹاخوں کو مورد الزام ٹھہرانا ایک آسان سا نظریہ ہے۔ گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج، تعمیراتی سرگرمیاں اور تھرمل پاور پلانٹس بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ لیکن کسی حکومت نے ان مسائل کے حل کیلئے سیاسی قوت ارادی کیوں نہیں دکھائی؟ اگر مغربی صنعتی ممالک اور چین اپنی ہوا کے معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں تو ہندوستان کو ایسی ٹیکنالوجیز اپنانے سے کیا روک رہا ہے؟

۲۰۰۸ء میں جب اولمپک کھیلوں کے دوران چین میں ہوا کے خراب معیار کے بارے میں خدشات بڑھے تو حکومت نے فوری طور پر آلودگی پر قابو پانے کے سخت اقدامات کو نافذ کیا۔ اس کے نتیجے میں’اے کیو آئی‘ میں تقریباً۵۰؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔اس کے بعد ہیسے، بیجنگ نے’دھند‘ اور آلودگی سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی اقدامات نافذ کیے ہیں۔ آج چین کا اوسط ’اے کیو آئی‘ ۸۹؍ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ دنیا کے آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں۲۰؍ ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ہندوستان کا مسئلہ یہ ہے کہ ہوا کے معیار کے انتظام اور کنٹرول کی ذمہ داری متعدد اداروں میں تقسیم ہے۔ ان میں ماحولیات کی وزارت، ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ، ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن، میونسپل باڈیز اور زراعت، ٹرانسپورٹ، صنعت اور توانائی سے متعلق مختلف محکمے شامل ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی سخت اور طویل المدتی اقدامات وضع کرنے اور ان پر عمل درآمد کرنے کی خواہش نہیں رکھتا جبکہ امریکہ، برطانیہ اور یہاں تک کہ چین جیسے ممالک میں مضبوط قومی قوانین اور ریگولیٹری اداروں نے کئی دہائیوں کی مسلسل ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سچر کمیٹی رپورٹ کی معنویت آج پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہے

ہم سبز پٹاخوں کے بارے میں بات کرتے ہیں، پرالی جلانے والے کسانوں کو سزا دیتے ہیں، رین سیڈنگ کرانے اور تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے ’گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان‘  نافذ کرنے جیسے طریقے اپناتے ہیں لیکن اس دوران ہم اس حقیقت کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ تعمیرات کو روکنے سے غریب مزدور اپنی روزی روٹی سے محروم ہو جاتے ہیں۔۱۰؍ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں پر مکمل پابندی عائد کردی جاتی ہے، بھلے ہی وہ آلودگی کا باعث نہ ہوں۔

بہر حال، وقت آ گیا ہے کہ آلودگی کو قومی ایمرجنسی قرار دیا جائے اور اس سے نمٹنے میں عجلت کا مظاہرہ کیا جائے۔ بلاشبہ، صاف ہوا کو یقینی بنانے کیلئے ٹیکنالوجیز مہنگی ہیں اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مناسب استعمال کو یقینی بنانے کیلئے موثر نگرانی کے نظام کو بھی قائم کرنا ناگزیر ہے، لیکن کیا اس کے شہریوں کی صحت اتنی اہم نہیں کہ حکومتیں کارروائی کریں؟ اور اپنے عوام پر کچھ خرچ بھی کریں۔

اب تک کسی بھی حکومت نے آلودگی سے نمٹنے کیلئے اس طرح سے سیاسی عزائم کا مظاہرہ نہیں کیا ہے جس طرح کیا جانا چاہئے۔ اگر مغربی ممالک اور چین اپنے فضائی معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں، تو ہندوستان کو ایسی ٹیکنالوجیز اپنانے سے کون روک رہا ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK