• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سچر کمیٹی رپورٹ کی معنویت آج پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہے

Updated: November 22, 2026, 6:12 PM IST | Abdurrahman | Mumbai

اس رپورٹ میں درج مساوی مواقع کمیشن ، ڈائیورسٹی انڈیکس، نیشنل ڈیٹا بینک اور ذات پر مبنی مردم شماری وغیرہ جیسی دور رس نتائج کی حامل عمومی سفارشات کو اگر دیانت داری کے ساتھ نافذ کیا جائے تو تمام محروم طبقات کو سماجی انصاف مل سکتا ہے، معاشرتی نابرابری میں کمی آسکتی ہے اور ملک کی ترقی میں تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جسٹس (ریٹائرڈ) راجندر سچر کی سربراہی میں قائم وزیراعظم کی اعلیٰ سطحی کمیٹی، جو عام طور پر سچر کمیٹی کے نام سے مشہور ہے، نے۱۷؍ نومبر ۲۰۰۶ء کو اپنی رپورٹ اُس وقت کے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پیش کی تھی۔ مسلمانوں سے متعلق رپورٹوں کے ساتھ عموماً اختیار کیے جانے والے طرزِ عمل کے برعکس حکومت نے۳۰؍ نومبر۲۰۰۶ء کو اسے پارلیمنٹ میں پیش کرکے عام لوگوں کیلئے بھی دستیاب کرادیا تھا۔کمیٹی نے ملک میں مسلمانوں کی آبادی، تعلیمی صورتحال، معاشی حیثیت، بے روزگاری، بینکنگ سہولتوں، بنیادی شہری سہولتوں تک رسائی اور غربت وغیرہ سے متعلق اعداد و شمار کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کی نمائندگی، محروم طبقات کی شناخت اور سماج میں رائج مختلف تصورات کا بھی جائزہ لیا اور اس کے بعد اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کو ہندوستانی مسلمانوں کے بارے میں اب تک کی سب سے جامع، مفصل اور مستند رپورٹ تصور کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں اس حقیقت کی نشاندہی کی گئی کہ ترقی کے تقریباً تمام شعبوں میں مسلم برادری محرومی اور پسماندگی کا شکار ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے بنائی جانے والی پالیسیوں میں مسلمانوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے اور انہیں قومی دھارے کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟

کمیٹی نے واضح کیا کہ ہندوستانی مسلمان تعلیمی اعتبار سے پسماندہ، معاشی طور پر کمزور اور سماجی اعتبار سے محروم طبقہ ہیں۔ غربت اور بے روزگاری کی تشویش ناک صورت حال کے ساتھ یہ برادری بینکنگ سہولتوں، شہری بنیادی سہولتوں اور سرکاری ملازمتوں تک رسائی سے بھی محروم ہے۔ کمیٹی نے خبردار کیا کہ اگر اس صورت حال کی اصلاح کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے گئے تو مسلمان بھی نو دلت (Neo-Dalits) بن کر رہ جائیں گے۔ رپورٹ نے مسلم برادری، سیاسی جماعتوں اور دانشوروں کے حلقوں میں ایک ہلچل پیدا کردی۔ مسلمانوں کی یہ ابتر حالت تمام شعبوں میں مسلسل نظرانداز کیے جانے اور امتیازی سلوک کا نتیجہ تھی۔ اس رپورٹ نے بی جے پی اور ہندوتوا کی دیگر تنظیموں کی جانب سے مسلمانوں کی مبینہ خوشامد اور انہیں غیر معمولی مراعات دیے جانے کے پروپیگنڈے کی حقیقت بھی بے نقاب کردی۔

صورتحال کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے مسلم تنظیموں اور دانشوروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس میں بہتری لانے اور محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ پسماندہ طبقات (او بی سی) کی حمایت رکھنے والی سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سچر کمیٹی کی سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرے اور ملازمتوں اور سیاسی نمائندگی میں مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلمانوں کی حالت زار پر رپورٹیں تو تیار کرواتی ہے، لیکن جب ان سفارشات پر عمل درآمد کا وقت آتا ہے تو وہ پیچھے ہٹ جاتی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی، جس نے ابتدا ہی سے اس کمیٹی کے قیام کی مخالفت کی تھی، نے اعلان کیا کہ وہ اس رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کی سخت مخالفت کرے گی۔

جب ان سفارشات پر عملی طور پر عمل درآمد کا مرحلہ آیا تو  مسلم کمیونٹی سے متعلق صرف اُن مخصوص سفارشات کو نافذ کرنے کی کوشش کی گئی جن کا دائرۂ اثر محدود تھا اور ان سے حاصل ہونے والے نتائج بھی معمولی ہی ہوسکتے تھے۔ اس کے برعکس قومی سطح پر وسیع اثرات مرتب کرنے والی عمومی سفارشات، مثلاً نیشنل ڈیٹا بینک (این ڈی بی) کے قیام، مساوی مواقع کمیشن (ای او سی) کی تشکیل اور ڈائیورسٹی انڈیکس (ڈی آئی ایکس) وغیرہ کو دانستہ طور پر نظر انداز کردیا گیا۔ ان سفارشات پر عمل درآمد سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر محروم طبقات کو بھی وسیع پیمانے پر فائدہ پہنچ سکتا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایک نئے دور کا آغاز

البتہ دو اہم اقدامات، یعنی پری میٹرک اسکالر شپ  اورپوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیموں کے ساتھ  ملٹی سیکٹورل ڈیولپمنٹ پروگرام (کثیر شعبہ جاتی ترقیاتی پروگرام) کو مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا۔ باقی سفارشات کاغذوں تک محدود رہیں اور بعض سفارشات پر تو سرے سے کوئی پیشرفت ہی نہیں ہوئی۔ حکومت کا مجموعی رویہ کم سے کم اقدامات کرنے اور انتہائی احتیاط برتنے کا رہا۔

۲۰۱۴ء میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد صورت حال یکسر بدل گئی۔ یو پی اے حکومت کے دور میں شروع کی گئی بیشتر اسکیمیں یا تو مودی حکومت نے بند کردیں یا پھر انہیں اس قدر بے اثر بنادیا کہ ان کی افادیت ہی باقی نہیں رہی۔ موجودہ حکومت کی مسلم مخالف ذہنیت کے باعث ریاستوں میں انتظامی مشینری نے بھی ان اسکیموں پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مودی حکومت میں وزارتِ اقلیتی امور کی ذمہ داری صرف اپنی اسکیموں کو بند کرنا اور حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں کا جواز پیش کرنا رہ گئی ہے۔ بی جے پی کی جارحانہ اکثریت پسندانہ سیاست کا نتیجہ یہ ہے کہ آج نام نہاد سیکولر جماعتوں کے سیاسی بیانیوں، انتخابی مہمات اور انتخابی منشوروں میں اس رپورٹ کا ذکر تک نہیں ہوتا۔

’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے بنیادی تصور کے برعکس حکومت نے ایک منظم طریقے سے مسلمانوں کو حاشیے پر دھکیلنے کی کوشش کی ہے۔ کھلے عام امتیازی سلوک، مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازشوں، نفرت انگیز تقاریر اور انہیں مسلسل ذلیل و خوار کرنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گئو رکشا، گائے کا گوشت لے جانے اور لو جہاد جیسے  الزامات کی آڑ میں ہجومی تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کرکے گویا ان کی حمایت ہی کی ہے۔ وزرا متعدد مرتبہ مسلمانوں کو ’ملک دشمن‘ قرار دے چکے ہیں اور انہیں ’پاکستان چلے جانے‘ کا مشورہ بھی دے چکے ہیں۔ پولیس کا ظالمانہ رویہ اور بلڈوزر کارروائیاں بھی مسلم برادری میں خوف و ہراس پیدا کرنے کا سبب بنی ہیں۔ ان تمام حالات کا نتیجہ یہ ہے کہ مسلمان قومی دھارے سے دور ہوتے جارہے ہیں اور خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔ سچر کمیٹی کے بعد کے دور میں مسلمانوں کو ’ترقی کا موضوع‘ قرار دیا جارہا تھا، لیکن آج وہ ایک مرتبہ پھر ’سلامتی اور تحفظ کا موضوع‘ بن کر رہ گئے ہیں۔

سچر کمیٹی کی رپورٹ کو وہ اہمیت اور توجہ نہیں ملی جس کی وہ مستحق تھی۔ دو دہائیاں گزر جانے کے بعد اس رپورٹ کی معنویت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور آج اس کی افادیت شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ کمیٹی نے صرف مسلمانوں کے اعداد و شمار ہی پیش نہیں کیے تھے بلکہ درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، دیگر اقلیتوں، ہندو او بی سی اور اعلیٰ ذات کے ہندوؤں سے متعلق اعداد و شمار کا تجزیہ بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: دُنیا مٹھی بھر امیروں کی قیمت چکا رہی ہے

اگر تمام محروم طبقات کی حالت کا دیانت داری کے ساتھ جائزہ لینا ہے تو سچر کمیٹی کی رپورٹ کو دوبارہ منظر عام پر لانا ضروری ہے۔ اس رپورٹ کو سرکاری فائلوں کی تاریک الماریوں سے نکال کر عوام کے درمیان لانا اور اس پر وسیع پیمانے پر بحث و مباحثہ کرنا ہوگا۔ حکومت کو اپنے تعصبات سے بالاتر ہوکر اس رپورٹ کو، جو سرکاری الماریوں میں گرد کھا رہی ہے، پارلیمنٹ میں پیش کرنا چاہئے اور اس کے تمام پہلوؤں پر بحث کرانی چاہئے۔ حکومت کو تمام محروم طبقات کی ترقی اور ان کی حالت بہتر بنانے کیلئے اس رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کرنا چاہئے۔

رپورٹ میں درج مساوی مواقع کمیشن (ای او سی)، ڈائیورسٹی انڈیکس (ڈی آئی ایکس)، نیشنل ڈیٹا بینک (این ڈی بی) اور ذات پر مبنی مردم شماری وغیرہ جیسی دور رس نتائج کی حامل عمومی سفارشات کو اگر دیانت داری کے ساتھ نافذ کیا جائے تو تمام محروم طبقات کو سماجی انصاف مل سکتا ہے، معاشرتی نابرابری میں کمی آسکتی ہے اور ملک کی ترقی میں تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔ آج سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سچر کمیٹی کی رپورٹ کو ازسرنو زندہ کیا جائے اور اس کی سفارشات پر عمل درآمد کی سنجیدہ کوشش کی جائے۔

( مضمون نگار آئی پی ایس ہیں جنہوں نے  رضاکارانہ سبکدوشی کی درخواست دے رکھی ہے)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK