اشتہار کی دنیا میں اب برانڈز کو ہر مہم کیلئے کسی مشہور شخصیت یا سوشل میڈیا اسٹار کی خدمات حاصل کرنا ضروری نہیں رہا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:22 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
اشتہار کی دنیا میں اب برانڈز کو ہر مہم کیلئے کسی مشہور شخصیت یا سوشل میڈیا اسٹار کی خدمات حاصل کرنا ضروری نہیں رہا۔
اشتہار کی دنیا میں اب برانڈز کو ہر مہم کیلئے کسی مشہور شخصیت یا سوشل میڈیا اسٹار کی خدمات حاصل کرنا ضروری نہیں رہا۔ وہ اپنا علاحدہ اور نیا ڈجیٹل چہرہ بھی تخلیق کر سکتے ہیں، جس کی شکل، لباس، آواز، شخصیت اور پیغام پر مکمل طور پر کمپنی ہی کا کنٹرول ہو۔ مصنوعی ذہانت سے بنائے گئے یہ کردار، جنہیں AI Influencers یا Virtual Influencers کہا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر فالوورز جمع کر رہے ہیں اور برانڈز کے ساتھ تجارتی معاہدے بھی کر رہے ہیں۔ یہ محض نئی ٹیکنالوجی نہیں؛ انفلوئنسر مارکیٹنگ کے کاروباری ڈھانچے میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔ روایتی انفلوئنسر مارکیٹنگ میں کمپنی کسی کریئٹر کی مقبولیت اور اس کے فالوورز تک رسائی خریدتی ہے۔ اس کے بدلے ایک پوسٹ، ویڈیو یا مہم کیلئے معاوضہ دیا جاتا ہے۔ اےآئی کردار اس ماڈل میں ایک نیا راستہ کھول رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: معاشیانہ: کیا AI چیٹ بوٹس انسان کے راز دار بن سکتے ہیں؟ ڈجیٹل پرائیویسی کا نیا بزنس
کمپنی کسی موجودہ ڈجیٹل شخصیت کو لائسنس پر استعمال کر سکتی ہے یا اپنے پروڈکٹس کیلئے اپنا کوئی کردار تخلیق کر سکتی ہے۔ اس طرح وہ کسی دوسرے شخص کی شہرت پر انحصار کرنے کے بجائے ایک ایسی شخصیت بناتی ہے جس کی شناخت اور تجارتی استعمال کے حقوق اس کے اپنے کنٹرول میں ہوں۔ ہندوستان میں اس رجحان کی متعدد مثالیں سامنے آ چکی ہیں۔ Myntra نے اپنی ورچوئل شخصیت Maya کو فیشن مہمات کیلئے متعارف کرایا تھا۔ دوسری طرف Naina Avtr جیسی آزاد ورچوئل شخصیت نے فیشن، فٹنس اور برانڈ شراکت داری کے ذریعے اپنا الگ سماجی حلقہ بنایا ہے۔
فروری 2026 میں Naina کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد ۷۵ء۳؍ لاکھ سے زیادہ تھی جس سے واضح ہوتا ہے کہ ڈجیٹل کردار صرف کمپنیوں کے اشتہاری ماسکوٹ نہیں رہے؛ وہ اپنی الگ آن لائن شناخت بھی بنا سکتے ہیں۔
اس کاروبار کی کشش رفتار اور پیمانے میں ہے۔ انسانی ماڈل یا انفلوئنسر کے ساتھ شوٹنگ کیلئے تاریخ، مقام، سفر، لباس اور دیگر انتظامات درکار ہوتے ہیں۔ ڈجیٹل کردار کیلئے مواد تیار کرنے میں ان میں سے کئی رکاوٹیں کم ہو سکتی ہیں۔ ایک ہی شخصیت کو مختلف لباس، پس منظر، زبان اور مارکیٹ کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے۔ اگر کسی برانڈ کو ایک ہی ہفتے میں متعدد سوشل میڈیا فارمیٹس کیلئے مواد چاہئے تو ورچوئل کردار اس کی تیاری تیز کر سکتا ہے۔ البتہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اے آئی مواد بلا خرچ بنتا ہے؛ کردار کی تخلیق، مسلسل ڈیزائن، ویڈیو پروڈکشن، سافٹ ویئر اور انسانی نگرانی پر سرمایہ لگتا ہے۔
یہاں ایک نئی صنعت کیلئے جگہ بنتی ہے۔ اے آئی کردار بنانے والے اسٹوڈیوز، ڈجیٹل ماڈل ایجنسیاں، تخلیقی ڈیزائنرز، ویڈیو پروڈکشن کمپنیاں اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ پلیٹ فارمز اس سلسلے سے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ کوئی کمپنی اپنا کردار بنوا سکتی ہے، کوئی موجودہ شخصیت کے ساتھ مہم کر سکتی ہے اور کوئی ایجنسی برانڈز کیلئے مکمل ورچوئل ٹیلنٹ مینجمنٹ فراہم کر سکتی ہے۔ یعنی انفلوئنسر مارکیٹنگ کے ساتھ ایک نیا کاروبار بھی ابھر رہا ہے: ڈجیٹل شخصیات کی تیاری، ملکیت، لائسنسنگ اور انتظام۔
KlugKlug کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ اے آئی انفلوئنسر ہیں جبکہ ہندوستان میں انسٹاگرام پر ایسے کرداروں کی تعداد دو ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ منی کنٹرول کی جولائی ۲۰۲۶ء کی رپورٹ کہتی ہے کہ ہندوستانی برانڈز اے آئی انفلوئنسرز کے ساتھ تجربات کر رہے ہیں لیکن ابھی ان کیلئے الگ اور مستقل اشتہاری بجٹ مختص نہیں ہوا ہے۔ زیادہ تر مہمات موجودہ سوشل میڈیا اور مواد سازی کے بجٹ سے چلائی جا رہی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ بازار میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، مگر کاروباری ماڈل ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے۔ اس کے باوجود انسانی انفلوئنسرز کا مستقبل ختم نہیں ہوگا۔ اے آئی کردار ایک جیسا پیغام بار بار دے سکتا ہے، مگر حقیقی تجربہ، ذاتی رائے اور انسانی تعلق، ان کی نقل کرنا آسان نہیں۔ کسی کھلاڑی کا کھیل کا تجربہ، کسی شیف کا کھانے پر تبصرہ یا کسی مسافر کی حقیقی روداد محض خوبصورت ڈجیٹل چہرے سے تبدیل نہیں ہو سکتی۔ اس لئے زیادہ امکان مقابلے کے بجائے تقسیم کار کا ہے: برانڈز تیز رفتار، بار بار دہرائے جانے والے مواد کیلئے اے آئی کردار استعمال کریں گے، جبکہ اعتماد اور ذاتی تجربے پر مبنی مہمات میں انسانی تخلیق کار اہم رہیں گے۔
اس نئی منڈی کے ساتھ ذمہ داری بھی جڑی ہے۔ صارف کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کسی حقیقی انسان سے نہیں، ایک مصنوعی کردار سے مخاطب ہے۔ ہندوستان میں اے ایس سی آئی کے رہنما اصول ورچوئل انفلوئنسرز سے یہ واضح کرنے کا تقاضا کرتے ہیں کہ وہ حقیقی انسان نہیں ہیں۔ بامعاوضہ تشہیر کی شناخت بھی ضروری ہے۔ اگر کوئی ڈجیٹل کردار کسی دوا، غذائی مصنوعات یا مالی خدمت کے بارے میں دعویٰ کرے تو اس کی ذمہ داری محض کردار پر نہیں ڈالی جا سکتی؛ اصل جواب دہی برانڈ اور اسے چلانے والوں کی ہوگی۔
اے آئی انفلوئنسر مارکیٹنگ کا اہم سوال یہ ہے کہ مقبولیت، شناخت اور ناظرین سے تعلق کی ملکیت کس کے پاس ہوگی۔ جو برانڈ آج اپنا ڈجیٹل کردار بناتا ہے، وہ صرف ایک اشتہاری چہرہ نہیں بناتا؛ وہ ایک ایسی شناخت میں سرمایہ کاری کرتا ہے جسے مختلف مصنوعات، مہمات اور بازاروں میں بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مستقبل میں اشتہار کی دنیا میں سب سے قیمتی چہرہ وہ ہوگا جس کے پیچھے کوئی انسان نہ ہو لیکن جس کی ملکیت کسی کمپنی کے پاس ہو۔