ان برسوں میں محسوس ہوتا ہےکہ عدالتی سطح پر اس کیس کواتنا سنگین سمجھا ہی نہیںگیا جتنا کہ وہ ہے،محسوس ہوتا ہےکہ اس کیس کو کمزور کرنے یا کمزور دکھانے کی کوشش کی گئی اور کہیں نہ کہیں مجرموںکےساتھ اپنائیت کا بھی مظاہرہ کیاگیا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:08 PM IST | Arkam Noorul Hasan | Mumbai
ان برسوں میں محسوس ہوتا ہےکہ عدالتی سطح پر اس کیس کواتنا سنگین سمجھا ہی نہیںگیا جتنا کہ وہ ہے،محسوس ہوتا ہےکہ اس کیس کو کمزور کرنے یا کمزور دکھانے کی کوشش کی گئی اور کہیں نہ کہیں مجرموںکےساتھ اپنائیت کا بھی مظاہرہ کیاگیا۔
۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو اوران کے گھر کے ۱۴؍افراد کے ساتھ جو کچھ ہوا ، اس سے نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا واقف ہےلیکن افسوس کہ کسی پر بیتنے والے حالات اور اس کے ساتھ کی گئی حیوانیت سے صرف واقف ہوناانصاف کے کسی معیار پر پورا نہیںاترتا ۔اس طرح کے کیسوںمیںانصاف اس وقت ہوتا ہےکہ جب متاثرہ انصاف سے مطمئن ہو۔بلقیس بانوکو اب تک انصاف نہیںمل سکا ہےبلکہ ان کیلئے تو انصاف کا پورا عمل ہی پیچیدہ بنادیاگیا ہے۔کچھ عدالتی سطح کے اقدامات بڑی حد تک دلجوئی کا سامان کرتے ہیںلیکن کلی انصا ف اوراس کے امکانات اس کیس میںدور دور تک نظر نہیںآتے۔سپریم کورٹ کافیصلہ اس وقت بلقیس بانو اور ان کے دردمندوںکیلئے راحت رساں ثابت ہوا تھا جب اگست ۲۰۰۴ء میںعدالت عظمیٰ نےجانبدار سماعت کےامکانات کے پیش نظر گجرات سے یہ کیس ممبئی کی ایک خصوصی عدالت کومنتقل کیاتھا ۔سپریم کورٹ کا دوسرا راحت رساں فیصلہ وہ تھا جب اگست ۲۰۲۲ء میںگجرات حکومت کی مداخلت سے رہا ہونے والے ۱۱؍ مجرموںکو یہ کہتے ہوئے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیاتھا کہ اس کیس مہاراشٹرمیں زیر سماعت اور گجرات کےقانونی دائرہ میں نہیں آتا۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں صحافت ایک جوکھم بھرا کام کیوں بن گیا ہے؟
اس کے علاوہ اس کیس کا مکمل موجودہ منظر نامہ فی الحال بس اتنا ہےکہ کیس کے ۱۱؍مجرم اس وقت جیل کی سزاکاٹ رہےہیں۔بالکل حال سے بات شروع کریں تو ان ۱۱؍ مجرموں سے بھی ۲؍ کی رہائی عمل میں آچکی ہے۔بلقیس بانو آبرو ریزی اوران کے گھر ۱۴؍ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کے کیس میں ۱۱؍ میں سے ۲؍ سزا یافتہ مجرموں(بپن چند جوشی اورپردیپ موڈھیا) کی عمر قید معطل کرکے انہیںسپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دے دی گئی ہے۔اس پر بلقیس بانو کا رد عمل کافی اہمیت رکھتا ہے جن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے انہیں نہ تو اعتماد میں لیا اور نہ ہی ان کا موقف سنا، اس کے باوجود حکم جاری کردیا۔سینئر ایڈوکیٹ شوبھا گپتا کے توسط سے جاری کردہ اپنے بیان میں بلقیس بانو نے کہا کہ ’’درد، صدمے اور بے یقینی کے تازہ آنسوؤں کے درمیان میرے لئے الفاظ ادا کرنا بھی مشکل ہورہا ہے۔ مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ دوسری مرتبہ سپریم کورٹ نے مجھے طلب کئے بغیر اور میری بات سنے بغیر حکم صادر کردیا۔ مجھے اس کا علم اخبارات کے ذریعے ہوا۔‘‘جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسانا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے۲۸؍ اکتوبر کو اپنے حکم میں بپن چند جوشی پردیپ موڈھیا کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقرر کی جانے والی شرائط کے تحت ضمانت پر رہا کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ نے اپنے مشاہدے میں کہا کہ اپیل کنندگان میں سے ایک کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور تقریباً تین سال بعد اسے اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔ عدالت نے اس کی سزا معطل کردی ہے۔ عدالت نے دوسرے مجرم کی کمزورتی ہوئی جسمانی حالت کاحوالہ دیا ۔ بامبے ہائی کورٹ کے ۲۰۱۷ء کے اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں اب بھی زیر التوا ہیں جس میں ان کی سزاؤں اور عمر قید کی توثیق کی گئی تھی۔ممبئی کی ٹرائل کورٹ نےجنوری ۲۰۰۸ء میں۱۱؍ مجرموںکو عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے بامبے ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا ۔
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: سماجوادی لیڈر محمد اعظم خان کی رہائی کو آپ کس طرح سے دیکھتے ہیں؟
بلقیس بانوکا یہ کہنا توجہ طلب ہےکہ سپریم کورٹ نے ۲؍ مرتبہ انہیںطلب کئے بغیر فیصلہ صادر کیا۔ اس کا ایک پس منظر توحالیہ ۲؍ مجرموں کی رہائی سے متعلق ہے۔دوسرےکا تعلق ۲۰۱۷ء میں کیس کی سماعت سے ہےجب بامبے ہائی کورٹ کے ذریعےسزابرقرار رکھے جانے کو مجرموںنے اسپیشل لیو پٹیشن داخل کرتے ہوئے چیلنج کیا تھا جسے جولائی اور نومبر ۲۰۱۷ء میں سپریم کورٹ نے خارج کردیا تھا۔سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ متاثرین کیلئے مثبت نتائج کا حامل تو تھا لیکن اس سماعت میںبلقیس بانو یا ان کے وکیل کو طلب ہی نہیںکیاگیا کہ انہیں بھی اپنا موقف رکھنے کا موقع ملتا ۔ممکن ہےکہ اگر اس سماعت میںانہیںطلب کیا جاتا تو مجرموں کے خلاف مزید مضبوط مقدمہ قائم کیا جاسکتا تھا ۔
اس کیس کی سنگینی کو دیکھا جائے تومجرموںکیلئے سزائے موت سے کم ترسزاکاتصور کیاجاسکتا ہے نہ حمایت کی جاسکتی ہے۔یہ بھی قابل ذکر ہےکہ ریکارڈ کے مطابق بلقیس بانوکی فیملی کے ۱۴؍ افراد کو بے دردی سے قتل کیاگیاتھا لیکن مقدمہ ۷؍ افرادکے قتل سے متعلق ہےاورجرم ۱۱؍ افراد پر ثابت ہوا۔ گودھرا سانحہ کے بعد بلقیس یعقوب رسول اور ان کے ۱۶؍ افراد خانہ جب داہودضلع کے اپنے گاؤںرندھک پور سے جان بچانے کیلئےفرار ہوئےاورچھاپڑ واڑ میں پناہ لی تب ۲۰؍ سے۳۰؍ مسلے افراد نے انہیںگھیر لیا تھا۔انہوں نے ۱۴؍ لوگوں کوقتل کردیا۔ اس درندگی میں صرف بلقیس اورخاندان کے صرف ۲؍ مرد اراکین بچ سکے تھے ۔ان درندوں میںسے صرف ۱۱؍ پر مقدمہ چلا۔ باقی ۹؍ یا ۱۹؍ افراد کہاں ہیں، وہ خود تو سامنے آنے سے رہے ،انہیںپولیس نے بھی تلاش نہیں کیا۔
اس کیس میںفی الوقت ضرورت تو اس کی بات کی ہےکہ باقی قاتلوںکا بھی پتہ لگایاجائے لیکن ہویہ رہا ہےکہ جو موجودہ مجرم ہیں ، ان کےساتھ بھی عدالت ہمدردی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ان میں سے۲؍ کو رہا کردیا گیا ۔ باقی جو۹؍ بچے ہیں، بعید نہیںآئندہ کچھ سال میںان کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہواوران کی رہائی عمل میں آجائے۔سپریم کورٹ کی منشا پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا لیکن مجرموںکے ساتھ ’عدالتی ہمدردی ‘یقیناً سوالوں کی زد میں آتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: قاری نامہ: اُردو کے فروغ کیلئے انفرادی سطح پر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
ٹرائل کورٹ نے ۱۱؍ مجرموںکو عمرقید کی سزا سنائی تھی جبکہ ایک پولیس اہلکار کوثبوتوں کےساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں سزا سنائی گئی تھی ۔اس کیس میں ۶؍ پولیس افسران اور۲؍ سرکاری ڈاکٹربھی ماخوذ کئے گئے تھے۔ یہ صرف آبروریزی اور کچھ افراد کےقتل کا ایک سنگین کیس نہیں ہے کہ بلکہ اس سے ایک خاتون کی پوری جدوجہدوابستہ ہے۔وہ خاتون جس نے ہر لمحہ عدالتوں پر بھروسہ کیا۔وہ خاتون نے جس نےقانونی لڑائی لڑنے کی ٹھانی ۔ وہ خاتون جس نےاس عزم کا اظہار کیاکہ وہ انصاف حاصل کرکے رہے گی اورمجرموںکو سزا مل کر رہے گی۔لیکن ، ان برسوں میں محسوس ہوتا ہےکہ عدالتی سطح پر اس کیس کواتنا سنگین سمجھا ہی نہیںگیا جتنا کہ وہ ہے۔محسوس ہوتا ہےکہ اس کیس کو کمزور کرنے یا کمزور دکھانے کی کوشش کی گئی اور مجرموںکےساتھ اپنائیت کا بھی مظاہرہ کیاگیا۔سمجھ میںنہیںآتا کہ بلقیس بانوکیس میںانصاف کا کون سا پیمانہ استعمال کیا گیا یا کیاجارہا ہے؟